وزیر پور، اشوک ویہار، کالکاجی اور گووندپوری میں مبینہ غیر قانونی کچی بستیوں میں دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی کارروائی،عام آدمی پارٹی کی تنقید
EPAPER
Updated: June 17, 2025, 10:32 AM IST | New Delhi
وزیر پور، اشوک ویہار، کالکاجی اور گووندپوری میں مبینہ غیر قانونی کچی بستیوں میں دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی کارروائی،عام آدمی پارٹی کی تنقید
دہلی میں اشوک ویہار ، وزیر پور ،کالکا جی اورگووند پوری جیسے علاقوں میں پیر کو دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ڈی ڈی اے) مبینہ غیر قانونی جھوپڑپٹیوں پر بلڈوزر چلا دیا گیا جس سے دہلی کی کچی بستیوںکےہزاروں کی تعداد میں مکین بے گھر ہوچکے ہیں۔گووند پوری میں جھگیوں کی انہدامی کارروائی پر کانگریس لیڈر دیویندر یادونےموقع پرپہنچ کر حالات کا جائز ہ لیا اور متاثر ین سے بات کی ۔
تفصیلات کے مطابق اشوک ویہار کے جیلر والا باغ میں پیر کو ڈی ڈی اے کی طرف سے جھگیوں کومنہدم کردیاگیا۔ اس سے پہلے بھی اسی جگہ پر مہم چلائی گئی تھی جس میں سیکڑوں جھگیاں گرائی گئی تھیں۔ پیر کی صبح ڈی ڈی اے کی ٹیم جیلر باغ پر پہنچی جہاں پر اس نے اپنی زمین پر سیکڑوں جھگیوں کے ذریعہ ناجائز قبضہ کے نام پرانہدامی کارروائی کی ۔ علاقے میں تقریباً۲۰۰؍ زائد جھگیوں کو گرایا گیا ۔ اس کے علاوہ وزیر پور اور گووند پوری میں بھی کارروائی کی گئی ۔ حالات پر قابو رکھنے یا کسی بھی طرح کے احتجاج کوکچلنے کیلئے دہلی پولیس اور پیرا ملٹری فورس کی تعیناتی کی گئی تھی۔اس سے پہلے دہلی کے کالکاجی میں بھی بلڈوزر کارروائی کی گئی اس دوران عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے اس کی مخالفت کی تھی۔ ساتھ ہی دہلی میں جھگی بستیوں اور غریبوں کے گھروں کو توڑے جانے کا الزام لگاتے ہوئے آپ نے بڑی تحریک چلانے کا اعلان کیا۔ پارٹی نے۲۹؍ جون کو ’چلو جنتر منتر‘ نامی ایک احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا ہے۔
’’بی جے پی غریبوں کے گھروں کو اجاڑ رہی ہے ‘‘
عام آدمی پارٹی (آپ) نے بی جے پی پر غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلانے کا الزام لگایا ہے ۔ آپ کے دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے پیر کو انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا’’سابق ایم ایل اے اکھلیش پتی ترپاٹھی کو بی جے پی حکومت کے بلڈوزر کی مخالفت کرنے کی وجہ سے پولیس حراست میں لے لیا گیا۔ بی جے پی حکومت غریبوں کے گھروں پر مسلسل بلڈوزر چلا رہی ہے۔دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ایک پوسٹ میں کہا’’بی جے پی کیا چاہتی ہے؟ کیا وہ دہلی کی تمام کچی بستیوں کو گرانا چاہتی ہے؟ پھر کیا مودی جی نے انتخابات کے دوران جھوٹ بولا تھا - جہاں کچی بستی ہوگی، وہاں مکان ہوگا؟‘‘