گوتم اڈانی اور ان کے خاندان نےایم تھری ایم ہورون انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۶ء میں مکیش امبانی اور ان کے خاندان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر ہندوستان کے سب سے زیادہ دولت مند افراد کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔
EPAPER
Updated: September 23, 2026, 8:06 PM IST | Mumbai
گوتم اڈانی اور ان کے خاندان نےایم تھری ایم ہورون انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۶ء میں مکیش امبانی اور ان کے خاندان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر ہندوستان کے سب سے زیادہ دولت مند افراد کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔
گوتم اڈانی اور ان کے خاندان نےایم تھری ایم ہورون انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۶ء میں مکیش امبانی اور ان کے خاندان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر ہندوستان کے سب سے زیادہ دولت مند افراد کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ ہورون کی جاری کردہ تازہ فہرست کے مطابق اڈانی خاندان کی مجموعی دولت ۹ء۲۳؍ لاکھ کروڑ روپے (تقریباً ۹۶ ارب ڈالر) تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۳؍ فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’دی بیڈ ز آف بالی ووڈ‘‘ سیزن ۲ کی تصدیق؟ شوٹنگ مارچ میں شروع ہونے کی اطلاع
مکیش امبانی اور ان کا خاندان ۸ء۶۳ ؍لاکھ کروڑ روپے (تقریباً ۹۰ ؍ارب ڈالر) کی دولت کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ امبانی خاندان کی دولت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۰؍ فیصد کمی درج کی گئی۔ اس طرح اڈانی خاندان اور امبانی خاندان کے درمیان دولت کا فرق تقریباً ۵۹۴۰۰؍ کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ فہرست میں ایل این متل اور خاندان نے نمایاں چھلانگ لگاتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ آرسلر متل سے وابستہ متل خاندان کی دولت ۳ء۳۹ لاکھ کروڑ روپے رہی، جس میں ایک سال کے دوران ۹۳؍ فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق یورپ میں اسٹیل سے متعلق تجارتی تحفظاتی اقدامات اور اسٹیل کی قیمتوں میں مضبوطی نے اس اضافے میں کردار ادا کیا۔
ایم تھری ایم ہورون انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۶ء میں اس سال۱۸۱۰؍ افراد شامل ہیں، جن کی دولت کم از کم ایک ہزار کروڑ روپے ہے۔ ان تمام افراد کی مجموعی دولت ۱۸۷ء۵ لاکھ کروڑ روپے (تقریباً ۱ء۹۶ ٹریلین ڈالر) تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۲ء۸ فیصد زیادہ ہے۔ یہ مجموعی دولت ہندوستان کی جی ڈی پی کے تقریباً نصف کے برابر بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ڈالر ارب پتیوں کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ملک میں اب ۳۹۱ ؍ ڈالر ارب پتی ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۲۷ زیادہ اور پانچ سال پہلے کے مقابلے میں ۱۵۴؍ زیادہ ہیں۔ رچ لسٹ کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں شامل ۱۲۶۶؍ افراد، یعنی تقریباً ۷۰؍ فیصد، سیلف میڈ انٹرپرینیورز ہیں۔ گزشتہ سال یہ تعداد ۱۱۰۹؍ تھی۔ اس سے فہرست میں نئے کاروباری افراد اور مختلف شعبوں سے ابھرنے والے صنعت کاروں کی موجودگی میں اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:میرا خواب پورا ہوگیا: ایشین گیمز میں پہلا تمغہ جیتنے کے بعد میرابائی چانوجذباتی ہوئیں
مصنوعی ذہانت بھی اس سال دولت پیدا کرنے والے نئے شعبوں میں نمایاں طور پر سامنے آئی ہے۔ ہورون فہرست میں اے آئی کو پہلی مرتبہ ایک الگ شعبے کے طور پر شامل کیا گیا، جس میں ۱۹؍ افراد مجموعی طور پر تقریباً ۳ء۰۷ لاکھ کروڑ روپے کی دولت کے ساتھ شامل ہیں۔ ان میں ۱۵ نئے نام ہیں۔
شہروں کے لحاظ سے ممبئی ہورون رچ لسٹ میں سب سے زیادہ دولت مند افراد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ ممبئی سے ۴۶۵؍ افراد فہرست میں شامل ہیں، جبکہ نئی دہلی سے ۲۳۶ ؍اور بنگلورو سے ۱۲۹؍ افراد شامل ہیں۔ ممبئی میں ہی ۹۳ ؍ڈالر ارب پتی رہتے ہیں۔ خواتین کی نمائندگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس سال فہرست میں ۱۳۱؍ خواتین شامل ہیں، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ۱۰۰ ؍ تھی۔ روشنی نادر ملہوترا اور خاندان ہندوستان کی سب سے زیادہ دولت مند خاتون کے طور پر نمایاں ہیں، جن کی دولت ۲ء۷۹ ؍لاکھ کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
ہورون انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۶ء ہندوستان میں دولت کی بدلتی ہوئی تصویر سامنے لاتی ہے، جہاں گوتم اڈانی خاندان نے دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کیا ہے، ارب پتیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اے آئی، صنعتی شعبوں، دفاع اور گرین انرجی جیسے شعبے دولت سازی کے نئے مراکز کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ فہرست میں دی گئی دولت کے اعداد ۲۴ ؍اگست ۲۰۲۶ء تک کی صورتحال پر مبنی ہیں۔