وسط اسرائیل کےاسٹریٹجک اہداف تباہ ہو گئے ، امریکی تیل بردار جہاز اور وسط ایران میں ایک امریکی ایف ۱۵؍ طیارہ بھی تباہ ۔
EPAPER
Updated: March 06, 2026, 8:33 AM IST | Tehran
وسط اسرائیل کےاسٹریٹجک اہداف تباہ ہو گئے ، امریکی تیل بردار جہاز اور وسط ایران میں ایک امریکی ایف ۱۵؍ طیارہ بھی تباہ ۔
ایران اپنے خلاف چھیڑی گئی امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میںدونوں ہی ممالک پر بھاری پڑ رہا ہے کیوں کہ اس نے اب ہائپر سونک میزائل سے اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ اب تک بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل کے شہروں پر قیامت بن کر ٹوٹنے والے ایران نے اسرائیل کے کئی اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق انہوں نے وسطی اسرائیل میں کچھ فوجی نوعیت کے ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ کچھ اہم دفاتر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی راجدھانی تل ابیب کے بین گوریان بین الاقوامی ایئر پورٹ اور اسرائیلی وزارت دفاع کی اہم عمارت کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں ایئر پورٹ کو کافی نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ اسرائیل نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق ایران اب صرف بیلسٹک میزائلوں سے ہی حملے نہیں کرر رہا ہے بلکہ وہ سوپر سونک اور ہائپر سونک دونوں ہی میزائلوں کا استعمال کھل کر کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں ہی میزائل انتہائی تیز رفتار ہوتے ہیں اس کی وجہ سے انہیں پکڑنا یا ناکام بنانا ۹۹؍ فیصد نا ممکن ہو تا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران نے اب تک اسرائیل کے اندر تک حملے کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے میزائلوں کو اسرائیل کا آئرن ڈوم اینٹی میزائل نظام بھی پکڑ نہیں پا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یورپی قانون سازوں کا انتباہ، اسرائیل ایران جنگ کو بطور ڈھال استعمال کرسکتا ہے
دریں اثناء ایران نے بحر ہند میں اپنی نیوی کے جہاز کو غرق کرنے اور کئی نیوی افسران کی موت کا سبب بننے کا امریکہ سے انتقام لے لیا ہے۔ ایران نے اس کے جواب میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے امریکی تیل کے بڑے جہاز کو نشانہ بناتے ہوئے اسے غرق کردیا ہے۔ جہاز کے قریب دھماکہ کیا گیا جس سے تیل میں آگ لگنے کی بات سامنے آئی ہے۔ ساتھ ہی یہ وارننگ دی ہے کہ اس آبنائے سے کوئی بھی امریکی یا اسرائیلی جہاز نہیں گزرسکے گا۔ اگر امریکہ میں ہمت ہے تو وہ یہاں سےاپنا ایک چھوٹا سا بھی جہاز گزارکر دکھادے۔حالانکہ ایران نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ امریکہ،اسرائیل ، یورپ اور اس کے اتحادیوں کے جہازوں کے علاوہ کسی بھی ملک کے جہاز کو نہیں روکے گا۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب نے ایران کے جنوب مغربی علاقے میں ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔ اسی دوران پاسداران انقلاب نے یہ بھی بتایا کہ ایران کی ایرو اسپیس فورس کے نئے فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی ایف ۱۵؍ کو مار گرایا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق دو نشستوں والا یہ ملٹی رول اسٹرائیک فائٹر طیارہ ایران کی جنوب مغربی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: مشرق وسطیٰ میں جنگ کے درمیان یوکرین کو نہیں بھولنا چاہئے: کایا کلاس
دریںاثناءایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بحر ہندمیں ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنانے پر امریکہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس جارحیت پر واشنگٹن کو شدید پچھتاوا ہوگا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے ساحلوں سے دو ہزار میل دور سمندر میںجارحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ امریکی فورسیز نے بغیر کسی پیشگی وارننگ کے بحری جہاز کو ’ٹارپیڈو ‘ سے نشانہ بنایا۔ یہ جہاز اس وقت ہندوستانی بحریہ کا مہمان تھا۔اب ہماری جو کارروائی شروع ہوئی ہے وہ اسرائیل اور امریکہ دونوں سے برداشت نہیں ہو گی۔