امریکی وزیر خارجہ نے شمالی کوریا اور ایران کی قیادت میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا توسیع پسند نہیں ہے جبکہ ایرانی قیادت توسیع پسندانہ نظریہ رکھتی ہے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 12:45 PM IST | Washington
امریکی وزیر خارجہ نے شمالی کوریا اور ایران کی قیادت میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا توسیع پسند نہیں ہے جبکہ ایرانی قیادت توسیع پسندانہ نظریہ رکھتی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے شمالی کوریا اور ایران کی قیادت کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان جاپان پر حملہ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور نہ ہی وہ توسیع پسند ہیں جبکہ ایرانی قیادت توسیع پسندانہ اور انقلابی نظریہ رکھتی ہے۔ واشنگٹن میں نیشنل فیڈرل بار ایسوسی ایشن کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ کم جونگ ان صرف اپنی حکومت کی بقا چاہتے ہیں۔ ان کا جاپان یا چین پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس طرح کی کسی کارروائی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس ایرانی قیادت توسیع پسند اور انقلابی ہے۔روبیو نے سوال اٹھایا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار آگئے تو اس کے کیا نتائج ہوں گے؟ انہوں نے واضح کیا کہ وہ شمالی کوریا میں پیش آنے والے سنگین واقعات کا جواز پیش نہیں کر رہے تاہم ان کے بقول کم جونگ ان کا بنیادی مقصد اپنی حکومت کو برقرار رکھنا ہے جبکہ ایرانی قیادت میں انتہا پسند عناصر شامل ہیں جو انقلاب کو اپنی سرحدوں سے باہر پھیلانا اپنا مشن سمجھتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر خود کو محض ایران کا نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کا رہنما سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایرانی قیادت کا خیال ہے کہ اپنی سرحدوں سے باہر انقلاب پھیلانا اس کا فرض ہے۔ روبیو نے کہا کہ ایرانی نظام کے رویے کو سمجھنے کے لیے اس کی انقلابی فطرت کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہونے کی صورت میں وہ خطے اور دنیا کو یرغمال بنانے کے قابل ہو جائے گا۔ مارکو روبیو کے یہ بیانات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ایران پالیسی کے دفاع کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا ہدف ہر صورت میں تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ان کے مطابق اقتصادی دباؤ نے ایرانی نظام کو کمزور کر دیا ہے جس کے باعث فی الحال مزید فوجی کارروائیوں کی ضرورت کم ہوگئی ہے۔ روبیو کے اس موازنے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے ان پر تنقید کرتے ہوئے ان کے بیانات کو شمالی کوریا کا دفاع قرار دیا۔ دیگر ذرائع ابلاغ نے بھی ان کے بیان میں اس فرق کو نمایاں کیا جس کے تحت انہوں نے ایک ایسی حکومت کا موازنہ کیا جو اپنی بقا چاہتی ہے اور دوسری ایسی قیادت سے جو توسیع پسندانہ نظریاتی منصوبے پر عمل پیرا ہے۔یہ بیانات ایران کے جوہری پروگرام اور خطے میں اپنے اتحادیوں اور پراکسی گروہوں کے ذریعے اس کی سرگرمیوں کے حوالے سے جاری علاقائی کشیدگی کے دوران سامنے آئے ہیں