گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پہلی مرتبہ دوبارہ فرانس کے صدر منتخب ہونے پر ایمانوئل ماکروںکا رد عمل، ایک کروڑ۸۷؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار ۶۴۱؍ یعنی۵۸ء۵۴؍ فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ۔ عوام سے خطاب ، فرانس کو مزید خود مختار بنانے کا عزم
EPAPER
Updated: April 26, 2022, 1:09 AM IST | Paris
گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پہلی مرتبہ دوبارہ فرانس کے صدر منتخب ہونے پر ایمانوئل ماکروںکا رد عمل، ایک کروڑ۸۷؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار ۶۴۱؍ یعنی۵۸ء۵۴؍ فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ۔ عوام سے خطاب ، فرانس کو مزید خود مختار بنانے کا عزم
ایما نوئل ماکروں نےمسلسل دوسری مرتبہ فرانس کے صدر منتخب ہونے کے بعد خود کو پورے ملک کا صدر بتایا ، حالانکہ انہوں نے اپنے دوسرے دور صدارت کو’ اچھا اور مشکل وقت ‘ بھی قرار دیا۔ فرانس کومزید خود مختار بنانے کا عز م بھی ظاہر کیا۔
اتوار اورپیر کی درمیانی شب فرانسیسی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ابتدائی نتائج کے مطابق ایک کروڑ۸۷؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار ۶۴۱؍ یعنی۵۸ء۵۴؍ فیصدووٹوں کے ساتھفرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے صدارتی انتخاب جیت لیا ہے۔ماکروں کی حریف، دائیں بازو کی امیدوار میرین لی پین کو ایک کروڑ ۳۲؍ لاکھ ۹۷؍ ہزار ۷۶۰؍ ووٹوں ہی پر اکتفا کرنا پڑا ۔ یعنی انہیں صرف ۴۱ء۴۶؍ فیصد ووٹ ملے۔
وزارت نے کہا کہ۴؍ کروڑ ۸۷؍ لاکھ ۵۲ ؍ہزار ۵۰۰؍ شہریوں نے ووٹ ڈالنے کیلئے اندراج کیا تھا لیکن صرف۳؍ کروڑ ۵۰؍ لاکھ ۹۶؍ ہزار ۳۹۱؍ ووٹرز نے پولنگ کے دوران اپنا ووٹ ڈالا۔ یعنی۲۸ء۰۱؍ فیصد ووٹروں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔ صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان فرانس کی آئینی کونسل سے تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ ۲۰۱۷ءمیں ماکروں اور لی پین نے فرانسیسی صدارت کیلئے مقابلہ کیاتھا۔ اس وقت ماکروں۶۶ء۱؍ فیصد ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔اپنی جیت کے اجتماع میںماکروں اپنی اہلیہ کا ہاتھ پکڑ کر ، بیتھوون کے یورپی ترانے ’اوڈ ٹو جوئے‘ کے ساتھ نوجوانوں سے گھرے ہوئےچیمپس دی مارچ میں داخل ہوئے۔
ا س موقع پر ماکروں نے کہا:’’ میں کسی پارٹی کا امیدوار نہیں ہوں بلکہ سب کا صدر ہوں۔‘‘ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا :’’ میری اگلی مدت پہلی ۵؍ سالہ مدت کا تسلسل نہیں ہوگی بلکہ اس میں کچھ نیا بھی ہوگا۔مجھے دوبارہ خدمت کرنے پر بہت فخر ہے۔ ‘‘
ماکروں نے اپنی تقریر عزم ظاہر کیا :’’ اگلے۵؍ سال کیلئے میری خواہش فرانس کو مزید خود مختار بنانا ہے۔ میرا مقصد ایک مضبوط یورپ کی تعمیر اور فرانس کو ایک عظیم ماحولیاتی قوم بنانے کیلئے ملک میں سرمایہ کاری جاری رکھنا ہے۔‘‘
خاص بات یہ ہےکہ انہوں نے ان شہریوں کو بیدار کرنے کی قسم کھائی جنہوں نے لی پین کو ووٹ دیا ہے اور ان لوگوں کا بھی شکریہ اداکیا جنہوں نے دوسرے راؤنڈ میں انتہائی دائیں بازو کی پارٹی کے خلاف ووٹ دیا۔
قبل ازیں نتائج سامنے آنے کے بعد ایمانوئل ماکروں نے ٹویٹ کیا :’’۵؍برس کی تبدیلیوں کے بعداچھا اور مشکل وقت ہے، غیر معمولی بحران بھی ہے۔ میں ان فرانسیسی مردو خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اگلے ۵؍ سال کیلئے ہماری جمہوریہ کی صدارت کیلئے مجھ پر اعتماد کیا۔‘‘