• Sat, 28 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران-اسرائیل جنگ کے درمیان، ہندوستان اور یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی

Updated: February 28, 2026, 6:07 PM IST | Tel Aviv/Paris

تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایڈوائزری جاری کرکے ملک میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکنا رہیں اور اسرائیلی حکام اور ‘ہوم فرنٹ کمانڈ‘ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملوں کے بعد صورتحال دھماکہ خیز ہوگئی ہے۔ ایران نے ان حملوں کا سخت جواب دیتے ہوئے اسرائیلی شہروں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ ان حالات میں، ہندوستان نے اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کو ”انتہائی احتیاط“ برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایڈوائزری جاری کرکے تمام ہندوستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکنا رہیں اور اسرائیلی حکام اور ‘ہوم فرنٹ کمانڈ‘ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مخصوص پناہ گاہوں کے قریب رہیں، اپنی رہائش گاہ یا جائے ملازمت کے قریب ترین محفوظ مقامات کی شناخت کرلیں اور اگلے نوٹس تک اسرائیل کے اندر تمام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملے، ایران کا امریکی فوجی اڈوں پر شدید حملہ

یورپی ممالک نے بھی اسی طرح کے انتباہات جاری کئے

مشرق وسطیٰ میں سیکوریٹی کی ابتر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی یورپی ممالک نے بھی اپنی ٹریول ایڈوائزریز (سفری ہدایات) کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔ برطانیہ نے عارضی طور پر ایران میں اپنے سفارتی عملہ کے چند ممبران کو واپس بلا لیا ہے اور شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ 

فرانس نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بگڑتے حالات کے پیشِ نظر اسرائیل، یروشلم اور مغربی کنارے کے سفر سے گریز کریں۔ فرانسیسی حکام نے فضائی حدود کی ممکنہ بندش، پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے متعلق بھی خبردار کیا۔ جرمنی نے بھی صہیونی ریاست میں اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مشرق وسطیٰ میں طویل جنگ کے امکان کو مسترد کیا

اٹلی نے ایران میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر ان کی موجودگی وہاں اشد ضروری نہیں ہے تو وہ ملک چھوڑ دیں۔ اطالوی حکام نے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف حصوں میں موجود شہریوں کو بھی انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ پولینڈ نے اپنے شہریوں ایران، اسرائیل اور لبنان سے فوری طور پر نکلنے کیلئے کہا ہے۔

نیدرلینڈز نے غزہ، لبنان اور مصر کے ساتھ اسرائیل کی سرحدوں کے قریبی علاقوں میں موجود اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں غیر یقینی صورتحال اور ممکنہ ڈرون یا میزائل حملوں سے خبردار کیا ہے۔ فن لینڈ، سربیا اور سویڈن سمیت دیگر ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے بچنے اور بعض صورتوں میں فوری طور پر وہاں سے روانہ ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK