Inquilab Logo

گوا میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے نہیں بلکہ مقابلہ کرنے آئی ہوں

Updated: December 14, 2021, 8:15 AM IST | kolkata

ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی صفائی، کہا: بی جے پی کیخلاف کوئی نہیں لڑ رہا ہے،اسی لئے انہیں آگے آنا پڑا ہے

Trinamool chief Mamata Banerjee
ترنمول سربراہ ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو گوا میں اخبارات اور الیکٹرانک چینلوں کے ایڈیٹروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے نہیں بلکہ اس سے مقابلہ کرنے آئی ہیں۔ اسی درمیان انہوں نے دعویٰ کیا کہ گوا میں ترنمول کانگریس کی قیادت والی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی گوا میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان دراڑ ڈالنے کیلئے نہیں آئی ہے بلکہ اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ یہاں کے دورے کے بعد اندازہ ہوا کہ اِس وقت بی جے پی کے خلاف صرف ترنمول کانگریس ہی مقابلہ کررہی ہے۔
 گوامیں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے الزامات  پر صفائی پیش کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ بالکل غلط بات ہے۔  خیال رہے کہ خود بی جے پی نے اس بات کااعتراف کیا تھا کہ ترنمول کانگریس کی آمد اُس کیلئے فائدے مند ثابت ہوگی۔ اس نے دلیل پیش کی تھی کہ ممتا بنرجی کی پارٹی کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں کے ووٹوں میں تقسیم ہوگی اور اس کا براہ راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا۔ دوسری طرف کانگریس نے بھی ممتا بنرجی اور بی جے پی کے درمیان ساز باز ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممتا بنرجی کی پارٹی کانگریس کے خلاف محاذ آرائی کرکے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی  ہے۔
 ممتا بنرجی نے  پیر کو گوا میں کہا کہ  یہاں پر ترنمول کانگریس اور ایم جی پی کا اتحاد ہی کامیاب ہوگا اور الیکشن بعد اسی اتحاد کی حکومت اقتدار میں آئے گی۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا  فیصلہ کر لیا ہے، اب اس کے بعد دیگر پارٹیوں کا ہمارے اتحاد میں خیرمقدم ہے۔ گوا میںبی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر کانگریس مغربی  بنگال میں ترنمول کے خلاف لڑ سکتی ہے، تو گوا میں ترنمول کانگریس، کانگریس کے خلاف الیکشن کیوں نہیں لڑسکتی؟ممتا بنرجی نے دعویٰ کیاکہ ترنمول کانگریس  ۱۹۹۶ء میں قائم ہوئی تھی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف آج کوئی نہیں لڑنہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اسی لئے بی جے پی کو شکست دینے کی خاطر مجھے آگے آنا پڑا ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر وہ اقتدار میں آئیں تو حکومت گوا کے عوام ہی چلائیں گے۔ الیکشن جیتنے کے بعد گوا آئیں گی اور ریاست کی بہتری کیلئے منصوبہ بندی کریں گی۔ اس موقع پرممتا بنرجی کے ساتھ ابھیشیک بنرجی نے بھی پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ خیال رہے کہ ترنمول کانگریس پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ ان دنوں بی جے پی کے ساتھ اس کا خفیہ اتحاد ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK