Inquilab Logo

میں نے الیکشن کمیشن کی ایسی جانبداری کبھی نہیں دیکھی: پرشانت کشور

Updated: May 04, 2021, 9:22 AM IST | Kolkata

ممتا کی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے والے پرشانت کشور نے بھی کہا کہ اگرالیکشن کمیشن غیر جانبدار ہوتا تو نتائج کچھ اور ہوتے

Prashant Kishore.pictureINN
پرشانت کشور تصویر آئی این این

مغربی بنگال میں   حالانکہ شکست تو بی جےپی کی ہوئی ہے مگر ایسا لگتا ہے کہ اصل الیکشن کمیشن کی ہوئی ہے جس نے اپنی بچی کھچی ساکھ بھی کھودی ہے۔ سوشل میڈیا پر  عام صارفین تواس کی جانبداری پر اسے تنقید کا نشانہ بنا ہی رہے ہیں، مغربی بنگال میں الیکشن میں  فتح  حاصل کرنے کے بعد بھی ممتا بنرجی اوران کے معاون پرشانت کشور الیکشن کمیشن کی شکایت کرتے نہیں تھک رہے ہیں۔ 
  پرشانت کشور نے الیکشن کمیشن کی جانبداری کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی سیاسی پارٹیوں سے اس جانب توجہ دینے کیلئے بھی کہا ہے ۔ مغربی بنگال میں اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے ایک نیوز  چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پرشانت کشور نے  آن ریکارڈ کہا ہے کہ ’’الیکشن کمیشن کی جانبداری نے ہماری زندگی جہنم بنادی تھی۔‘‘ انہوں نےکہا کہ ’’میں نے الیکشن کمیشن کی ایسی جانبداری اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ اس نے بی جےپی کی مدد کیلئے سب کچھ کیا...اسے انتخابی مہم میں  دھڑلے سے  مذہب کا استعمال کرنے دیاگیا اور ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر الیکشن کا نظام الاوقات ایسا بنایاگیا کہ بی جےپی کو فائدہ پہنچے۔‘‘
 انہوں نے نشاندہی کی کہ بی جےپی کی پوری انتخابی مہم ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے کے ارد گرد گھومتی رہی۔ اقلیتوں کو متحد ہونے  کے ممتا بنرجی کے پیغام پر ان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے پرشانت کشور نےکہا کہ اگر اسی  اصول کا اطلاق بی جےپی لیڈروں پر بھی ہوتا تو ان کا ایک بھی سٹار پرچارک انتخابی مہم میں حصہ نہیں  لے سکتاتھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’اگر  الیکشن کمیشن غیر جانبدار ہوتا تو نتائج کچھ اور ہوتے۔‘‘ انہوں  نے یاددہانی کرائی کہ ’’میں یہ بات اپنی فتح  کےبعد کہہ رہا ہوں، اگر ہارنے کے بعد کہہ رہا ہوتا تو لوگ کہتے کہ  ہار گیا اس لئے میں رونا رو رہا ہوں۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’بی جےپی کو بنگال جتانے کیلئے الیکشن کمیشن جو کچھ بھی کرسکتاتھا اس نے کیا۔‘‘ انہوں  نے  البتہ کہا کہ فرقہ واریت کے ذریعہ جتنا فائدہ بی جےپی نے اٹھایا ، بس اتنا ہی اٹھایا جاسکتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK