Updated: November 25, 2026, 7:02 PM IST
| Sydney
عثمان خواجہ نے اس مہینے کے آغاز میں پیٹ کمنز کی طویل پریس کانفرنس سے انہیں پہنچنے والی تکلیف کے بارے میں بات کی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمنز کے لیے ان کے دل میں اب بھی بہت پیار ہے اور وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ کمنز آسٹریلیا کے کپتان بنے رہیں۔
عثمان خواجہ۔ تصویر:آئی این این
عثمان خواجہ نے اس مہینے کے آغاز میں پیٹ کمنز کی طویل پریس کانفرنس سے انہیں پہنچنے والی تکلیف کے بارے میں بات کی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمنز کے لیے ان کے دل میں اب بھی بہت پیار ہے اور وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ کمنز آسٹریلیا کے کپتان بنے رہیں۔ دی گریڈ کرکٹر پوڈکاسٹ پر بات کرتے ہوئے خواجہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ کو ایک بیان کی تجویز بھیجی تھی، جس پر ۲۰۱۸ء کی ٹیم کے تمام کھلاڑی متفق ہو سکتے تھے۔ ان کا مقصد جنوبی افریقہ کے دورے پر بال ٹیمپرنگ کے تنازعے کے بعد جاری اختلافات کو ختم کرنا تھا۔ یہ ان کی خود نوشت صبر کے شائع ہونے کے بعد دیا گیا اب تک کا ان کا سب سے تفصیلی انٹرویو ہے۔
خواجہ کی خود نوشت شائع ہوئے تقریباً تین ہفتے ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں بحران پیدا ہو گیا تھا، کیونکہ انہوں نے ۲۰۱۸ء میں سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق کئی باتیں بے نقاب کی تھیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ سینڈ پیپر کا استعمال صرف نیولینڈز ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا اور ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو معلوم تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ اس کے بعد کیمرون بینکرافٹ نے گزشتہ ہفتے شائع ہونے والے اپنے ۴۰۰۰؍ الفاظ کے مضمون میں اس واقعہ پر اپنا موقف رکھا۔ چیڈ سیئرز نے بھی اس بارے میں اپنی یادیں شیئر کیں۔ اس سے قبل کمنز نے ۶۸؍منٹ کی پریس کانفرنس میں خواجہ کے دعوؤں کو۱۰۰؍ فیصد غلط قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ لاپروائی برت رہے ہیں۔
خواجہ نے بتایا کہ سڈنی میں کمنز کی پریس کانفرنس سے قبل انہوں نے ان سے رابطہ کیا تھا۔ لیکن آسٹریلوی کپتان نے جس انداز میں بات کی، اس سے وہ حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہاکہ ’’مجھے پیٹ کمنز ایک انسان اور ایک لیڈر کے طور پر ہمیشہ پسند رہے ہیں۔ وہ شاندار ہیں۔ مجھے بالکل توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح ذاتی طور پر مجھ پر حملہ کریں گے۔ میں نے جو کہا، اس پر سوال اٹھانا الگ بات تھی، لیکن جس طرح انہوں نے کیا، ویسا پیٹ کا روپ میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ اسی بات سے مجھے سب سے زیادہ مایوسی ہوئی۔‘‘انہوں نے کہاکہ میں وہ پریس کانفرنس دیکھنا نہیں چاہتا تھا، لیکن مجھے دیکھنا پڑا، کیونکہ مجھے جاننا تھا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ کئی بار میرا دل چاہا کہ میں اسے بند کر دوں، لیکن مجھے دیکھتے رہنا پڑا۔ مجھے یاد ہے کہ میری اہلیہ ریچل میرے پاس بیٹھی تھیں۔ وہ بار بار پوچھ رہی تھیں، `تم ٹھیک ہو؟ تم ٹھیک ہو؟ لیکن اس وقت میں انہیں ٹھیک سے جواب بھی نہیں دے پا رہا تھا، کیونکہ میرے ذہن میں بہت سارے جذبات چل رہے تھے۔ وہ بہت عجیب صورتحال تھی۔
یہ بھی پڑھئے:اسپیلبرگ کانولن کو بڑا مشورہ، ’’دی اوڈیسی‘‘ کے بعد ’’دی الیاڈ‘‘ بنانے کی پیشکش
بینکرافٹ کے ۴۰۰۰؍ الفاظ کے مضمون کے بعد کمنز پر کافی دباؤ آ گیا تھا۔ کچھ لوگوں نے تو انہیں کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ تاہم، سی اے بورڈ نے گزشتہ ویک اینڈ پر انہیں متفقہ حمایت دی۔ خواجہ نے کہاکہ میں اس سے سچ میں بہت خوش تھا۔ میں کسی فرد کو الگ سے تکلیف نہیں پہنچانا چاہتا۔ خواجہ نے کہاکہ میں پیٹ سے ہمیشہ پیار کرتا رہوں گا۔ میں ایسا نہیں کرنے والا کہ انہوں نے مجھے جتنا دکھ پہنچایا، اس کے باوجود میں انہیں صرف اس۷۰؍ منٹ کی پریس کانفرنس کی بنیاد پر پرکھوں۔ یا کہیں کہ اس پریس کانفرنس کے ۲۰؍ منٹ کی بنیاد پر بھی نہیں۔ میں پیٹ کو اس بنیاد پر نہیں جانچنے والا۔ ان کے لیے میرے دل میں بہت پیار ہے، چاہے کچھ بھی ہو۔ میں نفرت کرنے والا انسان نہیں ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ میرے لیے حیران کن تھا، کیونکہ میں نے اس سے پہلے پیٹ کو میسج کیا تھا۔ میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ اس میں کیا لکھا تھا، لیکن پریس کانفرنس سے چند دن قبل میں نے انہیں پیغام بھیجا تھا۔ میں چاہتا تھا کہ وہ کوئی درمیانی راستہ نکالیں، جس سے سبھی لوگ اس معاملے میں ساتھ آ سکیں، نہ کہ دیواریں کھڑی کر کے اختلافات کو مزید بڑھایا جائے۔
اس وقت پیٹی صرف ۲۴؍ سال کے تھے۔ یہ پیٹرک کمنز کا معاملہ نہیں تھا۔ میرے خیال سے پیٹی کے بجائے سی اے کو آگے آ کر قیادت کرنی چاہیے تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ پیٹی وہاں کیوں گئے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ اپنی بات رکھنے کا طریقہ کافی الگ رکھ سکتے تھے۔ گزشتہ ہفتے بینکرافٹ کا مضمون شائع ہونے کے بعد، اسی دن سی اے نے ۲۰۱۸ء کے واقعہ سے جڑے کسی بھی شخص کو اپنی بات رکھنے کا موقع دینے کے لیے ایک آزاد فورم بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد خواجہ نے گرین برگ کو ایک پیغام بھیجا، جس میں انہوں نے اس بیان کا مسودہ دیا تھا جس پر ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑی متفق ہو سکتے تھے۔ انہوں نے پوڈکاسٹ پر یہ بیان پڑھ کر بھی سنایا۔
یہ بھی پڑھئے:ایکرمین اور ملڈر نے سنچری بنائی، جنوبی افریقہ کو ۴۰۳؍ رن کی برتری
بیان میں کہا گیا تھاکہ ہم ایک ٹیم کے طور پر یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ۲۰۱۸ء میں جنوبی افریقہ میں ہم نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کی تھی اور گیند کی حالت کو مصنوعی طریقے سے بدلا تھا۔ یہ اہمیت نہیں رکھتا کہ اس کے لیے سینڈ پیپر کا استعمال کیا گیا تھا یا کوئی اور طریقہ اپنایا گیا تھا۔ ہمیں معلوم تھا کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور ہم اپنے کاموں کی پوری ذمہ داری ایک ٹیم اور پورے دستے کے طور پر لیتے ہیں۔ ہمیں یہ ذمہ داری آٹھ سال پہلے ہی لے لینی چاہیے تھی۔ اس کے علاوہ، ہم یہ بھی تسلیم کرنا چاہتے ہیں کہ اسٹیون، کیمرون اور ڈیوڈ نے ٹیم کے لیے بہت بڑی قیمت چکائی۔ اس کے لیے ہمیں افسوس ہے اور ہم ان کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
خواجہ نے بتایا کہ گرین برگ نے اس بیان کے مؤثر ہونے کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔ ٹیم کے چار اہم تیز گیندباز ۲۰۲۱ء کے اپنے اس بیان پر مضبوطی سے قائم ہیں، جس میں انہوں نے بال ٹیمپرنگ کی پیشگی معلومات ہونے سے انکار کیا تھا۔ تاہم، خواجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے پس پردہ ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔سی اے اس ہفتے کے آخر میں آزاد فورم سے متعلق تفصیلات کا اعلان کرنے والا ہے۔ اس میں ایک اہم معاملہ یہ ہوگا کہ بالآخر کتنی معلومات عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔ خواجہ نے دی گریڈ کرکٹر کو بتایا کہ وہ اس عمل میں یقینی طور پر حصہ لیں گے۔ انہوں نے گرین برگ سے یہ یقینی بنانے کے بارے میں بھی بات کی ہے کہ تمام معلومات عام کی جائیں۔ ابتدائی طور پر خواجہ نے کہا تھا کہ اگر اس عمل میں مکمل شفافیت نہ رکھی گئی، تو انہیں اس پر اعتراض ہوگا۔