Inquilab Logo

’’ میں آپ کو جتنا چاہئے اتنا فنڈ دوں گا لیکن آپ ووٹنگ مشین کا بٹن دبائیں‘‘

Updated: April 18, 2024, 9:22 AM IST | Pune

اجیت پوار کی جانب سے اندا پور کے وکیلوں اور بیوپاریوں کو لالچ، کہا ’’ آپ ووٹ دیں گے فنڈ دیتے ہوئے اچھا لگے گا ورنہ میرے ہاتھ رک جائیں گے‘‘

Deputy Chief Minister Ajit Pawar delivering a speech (file photo)
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار تقریر کرتے ہوئے (فائل فوٹو)

 نائب وزیرا علیٰ اجیت پوار نے پونے کے اندا پور میں وکیلوں اور بیوپاریوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میں آپ لوگوں کو جتنا چاہئے اتنا فنڈ دوں گا بس آپ (ووٹنگ) مشینوں میں کچاکچ بٹن دہائیے۔ ان کایہ بیان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ 
 یاد رہے کہ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار  وزیر مالیات بھی ہیں۔ کسی پروجیکٹ کیلئے فنڈ کی منظوری ان کے محکمے کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ وہ اسی مناسبت سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آپ کو جتنا چاہئے اتنا فنڈ دینے کیلئے تیار ہیں۔ لیکن اگر ہم آپ کو فنڈ دے رہے ہیں تو آپ بھی مشین میں کچاکچ بٹن دبائیے۔   ایسے مجھے فنڈ دیتے ہوئے اچھا لگے گا ورنہ  میرا ہاتھ رک جائے گا۔‘‘  اب سوال یہ کیا جا رہا ہے کہ اجیت پوار کے اس بیان کو دھمکی سمجھا جائے یا لالچ ۔  یاد رہے کہ اندا پور  ان کے حلقے بارامتی ہی میں آتا ہے۔   اور یہاں زیادہ تر ان ( پوار گھرانے ) کے  حامی ہیں ۔ ایسی صورت میں اجیت پوار اس حلقے میں جب بھی تقریر کرتے ہیں تکلفات سے بری ہو کر کرتے ہیں۔ 
  اس موقع پر اجیت پوار نے کہا کہ ’’ مجھے حکم دینے کی عادت پڑگئی ہے کیونکہ میں افسران کو حکم دیتا رہتا ہوں لیکن یہاں سب کارکنان ہیں اور کارکنان کو حکم نہیںدیا جا سکتا ان کے ساتھ اچھے سے بات کرنی پڑتی ہے کیونکہ اگر انہیں حکم دیا گیا تو  وہ (کارکنان) ہمیں گھر بٹھا دیں گے۔ انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب جب مجھے موقع ملا ہے میں نے کام کئے ہیں۔ آپ کو اگر کوئی عہدہ ملے یا کام کرنےکا موقع ملے تو آئندہ ۲۵؍ ۵۰؍ سال کو دھیان میںرکھ کر کام کریں۔ 
 نائب وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ’’ وزیراعظم کی  انتظامیہ پر پکڑ ہے۔ کوئی اٹھ کر کچھ بھی کہہ دیتا ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ وہ آئین کو تبدیل کر دیں گے، کوئی کہتا ہے کہ آمریت نافذ کر دیں گے تو کوئی کہتا ہے  یہ آخری الیکشن ہوگا۔  یہ لوگ کچھ بھی کہتے ہیں، کوئی بھی الزام لگاتے ہیں۔‘‘   اجیت پوار نے کہا ’’   ہم جو کام کریں گے اس سے آپ کو فائدہ ہوگا لیکن جب آپ کو فائدہ ہوگا تو  آپ ہمیں  یاد رکھیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK