Inquilab Logo

ساڑھے ۴؍ ہزار سے زائد غیر قانونی ڈھانچوں کی نشاندہی اور۱۵؍سو سے زائد غیر قانونی تعمیرات کاانہدام

Updated: March 27, 2024, 10:16 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کلیان -ڈومبیولی شہری انتظامیہ نے ہائی کورٹ کو حلف نامے میں اطلاع دی ۔ ۲۸ ؍ہزار ۸۴۷؍ تجارتی اور رہائشی مکینوں سے ٹیکس وصول کرنے کے بارےمیں بھی بتایا، متعلقہ افسران کی لاپروائیوں کا اعتراف کیا

KDMC posted this photo of the illegal demolition operation at Domiboli on X.
کے ڈی ایم سی نے ڈومیبولی میں غیر قانونی انہدامی کارروائی کی یہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی۔

:کلیان- ڈومبیولی شہری انتظامیہ کے حدود میں لاکھوں غیر قانونی تعمیرات و قبضہ جات کیخلاف داخل کردہ عرضداشت اور بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد شہری انتظامیہ نے کارروائیوں سے متعلق حلف نامہ داخل کیا  جس میں کارروائی سے متعلق تفصیل بیان کی ۔ 
  داخل کردہ حلف نامہ میں شہری انتظامیہ نے جہاں ایک طرف ساڑھے۴؍ہزار سے زائد غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرنے اور۱۵؍ سو  سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی اطلاع دی ہے، وہیں دوسری طرف  متعلقہ افسران کی کوتاہیوں اور لاپرواہیوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ 
 کلیان- ڈومبیولی شہری انتظامیہ کے کمشنر کی جانب سے داخل کردہ حلف نامہ سے متعلق وکیل اے ایس راؤ نے بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹر کو بتایا کہ’’ غیر قانونی رہائشی اور تجارتی تعمیرات و قبضہ جات سے متعلق کئے گئے سروے میں ۴؍ ہزار ۵۷۰؍ غیر قانونی قبضہ جات  اور تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے جسے یکے بعد دیگرے منہدم کیا جائے گا ۔‘‘ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ’’ اب تک اس ضمن میں کارروائی کے دوران ۴؍ ہزار  ۵۷۰؍کثیر منزلہ عمارتوں کے  علاوہ ایک ہزار ۶۸۷؍ قبضہ جات اور تعمیرات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم کیا گیا ہے ۔‘‘اس کے علاوہ حلف نامہ کے ذریعہ کورٹ کو ۲۸ ؍ہزار ۸۴۷؍ تجارتی اور رہائشی مکینوں سے ٹیکس بھی وصول کئے جانے کی اطلاع دی گئی ہے جو کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کی جانے والی کا رروائی کا حصہ نہیں تھا ۔  کے ڈی ایم سی شہری انتظامیہ نے کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ’’چونکہ فی الحال لوک سبھا انتخابات  کے پیش نظر ضابطۂ اخلاق نافذ کیا گیا ہے اس لئے انہدامی کارروائی کا سلسلہ روک دیا گیا ہے ۔ ضابطۂ اخلاق کے ختم ہوتے ہی  کارروائی دوبارہ شروع کی جائے گی ۔‘‘ شہری انتظامیہ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق یکم جنوری  سے ۱۹؍ مارچ تک کئے  جانے والے سروے میں کلیان تعلقہ میں۷؍ ہزار ۷۹۳؍ رہائشی اور ۴۴۹؍ تجارتی ڈھانچوں کے غیر قانونی ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹر نے عرضداشت گزار کی جانب سے کے ڈی ایم سی کی حدود میں ایک لاکھ ۶۰؍ ہزار سے زائد غیر قانونی قبضہ جات اور تعمیرات کی نشاندہی پر فراہم کردہ اطلاع کے بعد سماعت کو ۸؍ جولائی تک کیلئے ملتوی کر دیا ہے ۔

kalyan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK