Inquilab Logo

کپل پاٹل کو اُمیدواری ملنے سے کلیان مغرب کے مسلمانوں میں مایوسی

Updated: March 15, 2024, 4:32 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

کلیان مغربی اسمبلی حلقہ بھیونڈی لوک سبھا میں آتا ہے اور بطور ایم پی پچھلے ۱۰؍سال میں کپل پاٹل نے ایک مرتبہ بھی مسلم علاقوں کا دورہ نہیں کیا۔

Kapil Patil. Photo: INN
کپل پاٹل۔ تصویر: آئی این این

بدھ کو بی جے پی نے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی جس میں بھیونڈی لوک سبھا سے تیسری مرتبہ کپل پاٹل کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت کپل پاٹل نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے انتخابی حلقہ میں ۳۵ ؍ہزار کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں لیکن کلیان کے مسلم اکثریتی علاقوں کی پسماندگی چیخ چیخ کر رکن پارلیمان کپل پاٹل کی بے حسی اور عدم توجہی پر نوحہ کناں ہے۔ بھیو نڈی لوک سبھا کے رکن پارلیمان کپل پاٹل کے انتخابی حلقہ میں کلیان مغرب کے مسلم اکثریتی علاقے بھی آتے ہیں۔ ۲۰۱۴ء میں مودی لہر کے سبب پہلی بار رکن پارلیمان بننے والے کپل پاٹل نے ایک مرتبہ بھی مسلم اکثریتی علاقوں کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی اپنے ایم پی فنڈ سے کوئی ترقیاتی کام کیا۔ اس ضمن میں نمائندہ انقلاب نے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے تھانے ضلع صدر عبدالغفور عرف دادا کاملے نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایم پی کپل پاٹل کا رویہ انتہائی متعصبانہ رہا ہے۔ انہوں نے ایک عوامی پروگرام میں فرقہ وارانہ خطوط پر عوام کو بانٹنے کی مذموم کوشش کی تھی۔ کپل پاٹل نے کہا تھا کہ اگر ہندو نہیں جاگے تو ترنگے پر چاند ہوگا اس لئے ہمیں جاگنا ہوگا تاکہ چاند پر ترنگا لہراتا رہے۔ سماجی کارکن عامر خان نے بتایا کہ پچھلے دس سال میں رکن پارلیمان کپل پاٹل نے کبھی مسلم علاقوں کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی کام کیلئے اپنے فنڈ کا استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے مسلم علاقوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے۔ پانی کی لائن کافی پرانی ہوچکی ہے۔ اس کام کیلئے ایم پی صاحب اپنے فنڈ کا استعمال کرتے ہوئے پانی کی نئی لائن ڈال سکتے تھے۔ وہیں سرکاری اردو اسکولوں کی حالت زار اور بنیادی سہولیات کو فراہم کرنے کیلئے ایم پی فنڈ کا استعمال ہو سکتا تھا مگر کپل پاٹل نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پارٹی آف انڈیا کے کلیان انچارج فردین پیکر نے کہا کہ بی جے پی نے مسلمانوں کی ترقی تو دور کی بات انہیں بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK