مانسون اجلاس کے دوران منگل کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے ممبئی میں بجلی کی ناقص سپلائی کا معاملہ ایوان اسمبلی میں اٹھایا اور بتایا کہ بیسٹ انتظامیہ کی بد نظمی کے سبب ممبئی کے جیسے بین الاقوامی شہر میں ۱۸؍گھنٹوں سے ۳؍ دن تک بجلی منقطع ہو رہی ہے جس سےصارفین سخت پریشان ہیں۔
امین پٹیل۔ تصویر: آئی این این
مانسون اجلاس کے دوران منگل کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے ممبئی میں بجلی کی ناقص سپلائی کا معاملہ ایوان اسمبلی میں اٹھایا اور بتایا کہ بیسٹ انتظامیہ کی بد نظمی کے سبب ممبئی کے جیسے بین الاقوامی شہر میں ۱۸؍گھنٹوں سے ۳؍ دن تک بجلی منقطع ہو رہی ہے جس سےصارفین سخت پریشان ہیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ایک ہفتہ میں ممبئی خصوصاً جنوبی ممبئی کےعلاقوں میں بجلی منقطع ہونے سلسلہ بندہوا تو وہ ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر بھوک ہڑتال کریں گے۔
رکن اسمبلی امین پٹیل اور کیپٹن آر تمل سیلون کےذریعے ایوان اسمبلی میں ممبئی میں بجلی کی ناقص سپلائی کامعاملہ اٹھانے پر وزیر مملکت برائے شہری ترقیات مادھوری مسال نے عذر پیش کیا کہ زیادہ لوڈ بڑھ جانے کے سبب یہ مسئلہ ہو رہا ہے۔ اس جواب سے اتفاق نہ کرتے ہوئے اسپیکر نے اس سنگین مسئلہ کےحل کیلئے بدھ کو ان کے کیبن میں اہم میٹنگ منعقد کرنے کا اعلان کیا جس میں ممبئی کے میونسپل کمشنر ، بیسٹ کے جنرل منیجر اور محکمہ توانائی کے افسر کو طلب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مسلمانوں کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اسٹڈی گروپ کی تشکیل کا مطالبہ
امین پٹیل نےایوان اسمبلی میں کہا کہ ’’میرے اسمبلی حلقہ میں واقع امانت اللہ بلڈنگ میں ۳؍ دن بعد بجلی بحال کی گئی۔گزشتہ رمضا ن میں پورے علاقے کی بجلی منقطع ہو گئی تھی جو ۱۸؍ گھنٹے بعد بحال ہوئی۔عید کے دن پورے علاقے کی بجلی گل تھی۔ یہ بیسٹ کی بدنظمی کے سبب ہو رہا ہے۔ کیونکہ ۲۰۱۵ء سے بیسٹ کے الیکٹری سٹی محکمہ میں ملازمین کی بھرتی بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے آج تقریباً ۵؍ ہزارملازمین کی کمی ہے۔حکومت کو ان اسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنے کی ہدایت دینا چاہئے۔ انہوںنے مزید کہا کہ’’ بیسٹ دیوالیہ ہو گیا اور اس کے پاس بجلی سپلائی کے آلات اور کیبل وغیرہ کاسامان خریدنے کیلئے فنڈ نہیںہے ،نہ ہی کام کیلئے اسٹاف ہے اور مرمت کرنے والی گاڑی بھی نہیں ہے۔ ‘‘
اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے شہری ترقیات کی وزیر مملکت مادھوری مسال سے کہا کہ ’’ ممبئی جیسے شہر میں ۱۸؍ گھنٹے اور ۳؍ دن تک بجلی منقطع ہونا ۔انتہائی افسوسناک بات ہے۔‘‘