Inquilab Logo

سماجوادی سرکار بنی تو یوپی میں بھی ذات پر مبنی سروے ہوگا

Updated: January 23, 2023, 10:12 AM IST | Mohammad Amir Nadvi | Lucknow

اکھلیش کا اعلان، بہار میں سروے پرنتیش کو مبارکباد پیش کی، اُتر پردیش میں  بی جےپی کی اُلٹی گنتی شروع ہونے کا دعویٰ کیا، کہا کہ ۲۰۲۴ء میں شاید یوپی کی تمام ۸۰؍ سیٹیں ہار جائے

Akhilesh Yadav is making aggressive statements against BJP. (PTI)
اکھلیش یادو بی جےپی کےخلاف جارحانہ تیوروں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔( پی ٹی آئی)

  سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو  نے اتوار کو چھوٹے لوہیا کے نام سے مشہور جنیشور مشرا کی برسی پر  ایک پروگرام سے خطاب کے دوران  اعلان کیا کہ اتر پردیش میں  سماجوادی پارٹی کی حکومت بنی تو ذات کی بنیاد پر سروے کروایا جائےگا۔ انہوں نےبہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو اس بات کیلئے تعریف کی کہ  وہ اپنی ریاست میں  ذات پر مبنی سروے کروارہے ہیں۔  اس کے ساتھ ہی اکھلیش یادو نے ریاست میں بی جےپی کی حکمرانی میں عوام کی حالت زار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ۲۰۲۴ء  کے پارلیمانی الیکشن میں بی جےپی  شاید یوپی کی تمام ۸۰؍ سیٹوں پر ہار جائے۔ 
بی جےپی پر غریبوں کے حقوق چھیننے کا الزام 
 سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش  یادو نے ذات کی بنیاد پر سروے کو تمام ذاتوں کی مساوی ترقی کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگریزوں نے بھی ۱۹۳۱ءمیں سمجھ لیا تھا کہ ذاتوں کی ترقی کے لئے  یہ گنتی ضروری ہے ۔  انہوں  نے کہا کہ ذات پر مبنی سروے کا مطالبہ ہم برسوں سے کررہے ہیں ، یہ آج کا مطالبہ نہیں ہے ۔ اکھلیش  یادو نے یاد دلایا کہ اسمبلی الیکشن میں ان کی پارٹی نے وعدہ کیاتھا کہ اگر وہ برسراقتدار آئی تو ۳؍ ماہ کے اندر اندر ذات پر مبنی سروے کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔  انہوں نے بی جےپی پر غریبوں کے حقوق چھیننے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ’’غریبوں کو جوحقوق آئین نے دیئے ہیں انہیں چھینا جارہا ہے ، بی جے پی جان بوجھ کر ایسے فیصلے کررہی ہےجس سے چند صنعتکاروں کا فائدہ پہنچایا جاسکے ۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کے دن اب پورے ہوچکے ہیں، اوراس کی الٹی گنتی  شروع ہوگئی ہے۔ 
 بی جےپی  کے اقتدار کی اُلٹی گنتی
 پارلیمانی الیکشن میں بی جےپی کی شکست کی پیش گوئی کرتے ہوئے اکھلیش  نے زعفرانی پارٹی کو یاد دہانی کرائی کہ اس کے ’’۳۹۸؍ دن  بچے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ بی جےپی کی قومی مجلس عاملہ میں وزیراعظم نے اپنے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی تھی کہ پارلیمانی الیکشن میں  ۴۰۰؍ دن  بچے ہیں اس لئے ابھی سے متحرک ہوجائیں۔ اکھلیش  یادو تب ہی سے  بی جےپی کو اقتدار میں بچے ہوئے دن یاد دلا رہے ہیں۔اتوار کو انہوں نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جےپی اس بار ہوسکتا ہے کہ (یوپی میں)ساری ۸۰؍ سیٹیں ہار جائے۔‘‘
 کسی کو انصاف کی امید نہیں رہ گئی‘
 اکھلیش  یادو پولیس کے مظالم اور حراستی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’غریب ہوں یا کوئی اور ، آج کسی کو انصاف  ملنے کی امید نہیں  ہے۔جمہوریت اور آئین نے ہمیں جو حقوق دیئے ہیں وہ حقوق چھینے جارہے ہیں۔ ‘‘انہوں نے نشاندہی کی کہ  مہنگائی  اور بیروزگاری شباب پر ہے ، گنا کسانوں کی ادائیگی  اب تک نہیں ہوئی ، کسانوں کی آمدنی دگنی نہیں ہوئی  جبکہ بجلی اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ 
  سماجوادی پارٹی کے سربراہ  نے کہا کہ ہم جنیشور مشرا کو یاد کر رہے ہیں اور ان کی تحریک کو آگے لے جائیںگے۔ 
سرمایہ کاری کے نام پر بھی فریب دہی کا الزام
  اکھلیش  یادو نےیوگی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ جو لوگ نیو یارک سے سرمایہ کاری لانے کا دعویٰ کر رہے ہیں، وہ اب کہہ رہے ہیں کہ اضلاع سے سرمایہ کاری لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آخر کس کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔ جن ریاستوں میں خود ہی سرمایہ کاری کے پروگرام چل رہے ہیں، وہا ں کیا کرنے جارہے ہیں۔  
 انہوں نے کہا کہ بی جے  سرمایہ کاری کے نام  پر لوگوں  کو صرف دھوکہ  دے رہی ہے اور و گمراہ کررہی ہے ۔اکھلیش  یادو  نے کہاکہ گومتی ندی میں چلنے والے کروز کو حکومت نے سنگم میں بھیج دیا ہے ، اس کروز میں بار بھی تھا، اب بار والا کروز گنگا میںچلایا جارہا ہے ۔ کیا بی جے پی مجلس عاملہ کروز سے بار ہٹانے کی تجویز پاس کرے گی ۔ 
ریاست کے طبی ڈھانچے کی ابتری پر تنقید
 اکھلیش  یادو  نے اتر پردیش میں طبی نظام کی ابتر صورتحال کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اسی سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ اگلے الیکشن میں بی جےپی کو کتنی سیٹوں پر کامیابی مل سکتی ہے۔ سماجوادی پارٹی  کے سربراہ نے  بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو فیروزآباد اور شاہجہانپور کے میڈیکل کالج کا معائنہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد جے پی نڈا نے ہی رکھا تھا ۔ دونوں اسپتالوں کی صورتحال کے معائنہ سے  اسٹاف کی موجودگی ، ڈاکٹر  اور دوائوں کے مسائل کی حقیقت معلوم ہوجائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK