سڑک حادثات پر قابو پانےکے لئے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کانیا فرمان۔ آر ٹی اوز کو ہدایت دی کہ وہ تمام ٹول ناکوں پر اس تعلق سے بورڈ آویزاں کریں۔
EPAPER
Updated: February 14, 2026, 3:11 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
سڑک حادثات پر قابو پانےکے لئے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کانیا فرمان۔ آر ٹی اوز کو ہدایت دی کہ وہ تمام ٹول ناکوں پر اس تعلق سے بورڈ آویزاں کریں۔
ریاست میں سڑک حادثات میں اموات کا فیصد ۷۷؍ فیصد بڑھ گیا ہے۔ اس پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے سڑک حادثات کو روکنے اور اسے کم کرنے کے لئے ایک نئی مہم اور نئے قواعد کو نافذ کرتے ہوئے ’ہیلمٹ نہیں تو ٹول ناکہ عبور کرنے کی اجازت نہیں ‘کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب تک ٹول ناکوں پر دوپہیہ گاری سوار بنا کسی روک ٹوک کے آسانی سے گزر جاتے تھے ، اب شہر و مضافات اور اطراف میں بڑھتے حادثات کا ایک اہم سبب ان بائک سواروں کو مانا جارہا ہے جو اکثر نہ صرف یہ کہ انتہائی لاپروائی اور تیز رفتاری سے بائک چلاتے ہیں بلکہ اکثر حادثات کا سبب بھی بنتے ہیں ۔
ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمشنر وویک بھیمنوار نے ٹریفک اور آر ٹی او افسران سے سڑک حادثات پر فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے اسے روکنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں گزشتہ سال شہر اور ریاست کی الگ الگ سڑکوں اور شاہراہوں پر۳۶؍ ہزار ۴۵۰؍ سڑک حادثات میں ۱۵؍ ہزار ۵۵۹؍ شہریوں کی اموات اور۳۲؍ ہزار سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ کمشنر نے اس ضمن میں ہونے والے تبادلہ خیال کے دوران جہاں حادثات پر قابو پانے کے لئے کئی اقدامات کو فوری طور پر عمل میں لانے کا حکم دیا وہیں حادثات کی وجوہات کا جائزہ لینے کے بعد بائک سواروں، مسافروں اور راہگیروں کو حادثات سے بچانے کے لئے ٹول نالوں پر بنا ہیلمٹ داخل ہونے والے بائک سواروں پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا۔
یہ بھی پڑھئے: حکومت کی لاڈلی بہن یوجنا کیلئے ۳۱؍ مارچ ای- کے وائی سی کرنے کا موقع
کمشنر نے اس سلسلہ میں تمام آر ٹی او اور شہری و ریاستی پولیس اور ٹریفک پولیس کو اس پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے جاری کردہ نئے فرمان کے مطابق اب شہرو مضافات، اطراف اور ریاست کے سبھی ٹول ناکوں پر ’ہیلمٹ نہیں تو ٹول ناکہ عبور کرنے کی اجازت نہیں ‘ یہ قانون نافذ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں تمام آر ٹی او کے افسران کو یہ حکم جاری کیا کہ وہ شہر اور ریاست کے تمام ٹول ناکوں پر’ ہیلمٹ نہیں تو ٹول ناکہ عبور کرنے کی اجازت نہیں ‘ کا بورڈ نصب کریں ۔ یہی نہیں میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کونسلوں، گرام پنچایتوں، نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا اور دیگر محکموں کو بھی اس مہم کی حمایت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے گزشتہ تین برسوں میں ہونے والے حادثات سے متعلق جو ریکارڈ ترتیب دیا ہے، اس کے مطابق۵۷؍ فیصد اموات لاپروائی سے بائک چلانے والوں کی ہوئی ہے۔ وہیں ۲۱؍ فیصد اموات دیگر گاڑیوں میں سفر کرنے یا پیدل چلنے والوں کی ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر جہاں ریاست محکمہ ٹرانسپورٹ دیگر حفاظتی انتظامات کرنے کے علاوہ شاہراہوں پر انٹر سیپٹ گاڑیاں تعینات کرے گا تاکہ بنا ہیلمٹ بائک چلانے والوں کو فوری طورپر روکا جاسکے۔ آر ٹی او نے انٹر سیپٹ گاڑیوں کے ذریعہ بائک سواروں کو روکنے کا مقصد یہ بتایا کہ ان کی وجہ سے ہونے والے حادثہ میں ان کے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگی کو بھی محفوظ کیا جاسکے۔