• Sat, 14 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چمولی میں نیشنل اسکیئنگ چمپئن شپ اور ونٹر کارنیول کا شاندار آغاز

Updated: February 14, 2026, 3:37 PM IST | Chamoli

ضلع کے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام اولی میں شروع ہونے والے اس کارنیول کا باقاعدہ افتتاح ریاستی وزیر سیاحت ستپال مہاراج نے کیا۔

A female athlete during the skiing championship in Chamoli. Photo: PTI.
چمولی میں اسکیئنگ چمپئن شپ کے دوران ایک خاتون کھلاڑی۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں واقع عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام اولی میں `نیشنل اسکیئنگ ونٹر کارنیول کا جمعہ کو باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ریاست کے وزیر سیاحت ستپال مہاراج نے اس چار روزہ نیشنل چمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ستپال مہاراج نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دھامی کی دور اندیش قیادت میں اتراکھنڈ کو عالمی سطح کے سرمائی سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ 
وزیر سیاحت نے اولی کی جغرافیائی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سطح سمندر سے ۳؍ ہزار میٹر کی بلندی پر واقع اولی اپنے قدرتی ڈھلوانوں، بلوط اور دیودار کے جنگلات اور نندا دیوی و کامٹ جیسی ہمالیائی چوٹیوں کے سحر انگیز نظاروں کی بدولت ہندوستان کا اہم ترین ونٹر سیاحتی مقام بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نیشنل چمپئن شپ ۱۶؍ فروری تک جاری رہے گی، جس میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوک فنون اور ثقافتی پروگرامز بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس کے علاوہ یہاں کھلاڑیوں اور سیاحوں کی آمد کی وجہ سے بزنس بڑھے گا اور مقامی افراد کو روزگار بھی ملے گا۔ وزیر سیاحت کے مطابق اس کارنیول کی تیاری کئی ماہ سے کی جارہی تھی اور اب اس کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: متحدہ عرب امارات کی کنیڈا پر سنسنی خیز فتح

واضح رہے کہ اتراکھنڈ حکومت کی جانب سے ریاست میں سیاحت کو معیشت کا ستون بنانے کے لیے کئی اہم اعلانات کیے گئے ہیں۔ اپریل میں ہندوستانی فوج کے تعاون سے ۹۱؍ کلومیٹر طویل ٹریل کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر سکریٹری سیاحت دھیرج گربیال، رکن اسمبلی انیل نوٹیال، چیئرمین بلدیہ جوشی مٹھ دیویشوری شاہ، ضلع مجسٹریٹ گورو کمار اور ایس پی سورجیت سنگھ پوار سمیت متعدد اعلیٰ حکام اور بی جے پی لیڈران موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK