Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ اگرزمین اور زبان چھین لی گئی تو تمہاری کوئی حیثیت نہیں رہےگی‘‘

Updated: August 03, 2025, 7:54 AM IST | Mumbai

کسان مزدور پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر راج ٹھاکرے نے ’مراٹھی مانوس‘ سے کہا کہ وہ اپنی زبان اور کاروبار پر توجہ دیں۔ حکومت پر شدید تنقید کی

Raj Thackeray and Sanjay Raut can be seen on the same stage during the program.
راج ٹھاکرے اور سنجے راؤت پروگرام کے دوران ایک ہی منچ پر دیکھے جا سکتے ہیں

’’مہاراشٹر میں مراٹھی مانوس اور کسانوں کی حکومت کو بالکل فکر نہیں ہے خاص طور سے رائے گڑھ ضلع میں ان کی حالت بہت زیادہ خراب ہے۔‘‘ 
 یہ الزام مہاراشٹر نو نرمان سینا(ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکر ے نے نیو پنویل میں کسان مزدور پارٹی کے یوم تاسیس کے پروگرام میں حکومت پر لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھی مانوس کو کاروبار پر نہ صرف زیادہ توجہ دینے کی بلکہ کاروبار میں نئے مواقع بھی تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہیں حکومت پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔  انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کو اپنی پارٹی سے بالاتر ہو کر مراٹھی آدمیوں کی فکر کرنی چاہئے ۔
 راج ٹھاکرے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر  فرنو س کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی زیادہ فکر ہے کہ چھوٹے بچوں کو ہندی کس طرح آنی چاہیے، کس طرح اسکولوں میں ہندی زبان کو لازمی قرار دیا جانا چاہیے ۔یہ ہمارے احتجاج کا ہی اثر تھا کہ انہیں ہندی زبان لازمی قرار دینے کا فیصلہ واپس لینا پڑ ا۔کیا انہوں نے کبھی یہ کہا ہے دوسری ریاستوں سے جو ہماری ریاست میں کاروبار کے سلسلے میں آتے ہیں انہیں بھی مراٹھی سیکھنی چاہیے۔ مہاراشٹر سے اہم پروجیکٹ گجرات جا رہے ہیں کیا اس کے خلاف انہوں نے آواز اٹھائی ہے یا  پروجیکٹ کو مہاراشٹر سے باہر جانے سے روکنے کے لئے کوئی قدم اٹھایا ہے۔
    راج ٹھاکرے نے مزید کہا کہ کسان  اور مزدور دونوں برباد ہو رہے ہیں اور حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ دونوں گجراتی ہیں اور انہیں گجراتی لوگوں کی زیادہ فکر ہے ان دونوں کو اپنے گجراتی ہونے پر فخر ہے تو ہمیں اپنے مراٹھی ہونے پر فخر کیوں نہیں ہونا چاہیے۔ ہر ریاست میں رہنے والوں کو اپنی ریاست کے تعلق سے  فخر ہے تو ہمیں بھی اپنی ریاست اور مراٹھی زبان پر فخر ہے، تو کیا یہ گناہ ہے۔ میں نے اس سے پہلے بھی یہ کہا تھا اگر ایک دفعہ تمہاری زمین اور زبان تم سے چھین لی گئی تو تمہاری کوئی حیثیت نہیں رہےگی۔  انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ گجرات میں  دوسری ریاست کا کوئی بھی شخص زمین خرید نہیں سکتا۔
   اس موقع پرانہوں نے مزید کہا کہ نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ میں ملازمین مقامی لوگوں کو ہی رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مہاراشٹر حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیوا جی مہاراج کے اس رائے گڑھ میں ڈانس بار کو بند کرنے میں حکومت سنجیدہ نہیں ہے
  اس موقع پر شیو سینا(ادھو) کےرکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے کہا کہ مہاراشٹر میں ۲؍ سیاسی پارٹی ہے ایک کسان مزدور پارٹی اور دوسری شیو سینا۔ دونوں نے ہمیشہ عوامی مفاد کو لے کر احتجاج کیا ہے اور حکومت کو جھکنے پر مجبور کیا ہے۔ جد وجہد اور احتجاج  کئے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  مہاراشٹر کا قیام امبانی  یا اڈانی نے نہیں کیا اور نہ ہی دیویندر فر نو س کے پرکھوں نے کیا۔ مہاراشٹر وجود میں آیا ہے کسانوں اور غریبوں کی جدو جہد سے۔
  اس موقع پر این سی پی شرد پوار گروپ کے نو منتخب صدر ششی کانت شندے، ایم این ایس کے سابق ممبر پارلیمنٹ بالا  ناند گاؤکر، نتن سردیسائی  اور کسان مزدور پارٹی کے مقامی لیڈر اور ورکر بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK