مورکل نے کہا کہ سراج عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں، جب بھی انہوں نے ہندوستانی جرسی پہنی ہے اور ملک کیلئے کھیلے ہیں، اپنی صلاحیتوں کابھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 1:38 PM IST | Agency | Wellington
مورکل نے کہا کہ سراج عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں، جب بھی انہوں نے ہندوستانی جرسی پہنی ہے اور ملک کیلئے کھیلے ہیں، اپنی صلاحیتوں کابھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے گیندبازی کوچ مورنے مورکل نے محمد سراج کو عالمی معیار کا گیندباز قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد ظاہر کیا ہے، تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے انہیں حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کرنے کی تصدیق نہیں کی۔ انہوں نے انتخاب کا آخری فیصلہ کپتان شبھ من گل پر چھوڑ دیا۔سراج کے حالیہ فارم پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، ایسے میں مورکل کے بیان سے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کے تیز گیندبازی کے امتزاج کو لے کر تجسس بڑھ گیا ہے۔ یہ مقابلہ جمعرات سے بیسن ریزرو میں شروع ہوگا۔
مورکل نے ٹیسٹ سے ایک روز قبل کہا کہ سراج عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں۔ جب بھی انہوں نے ہندوستانی جرسی پہنی ہے اور ملک کیلئے کھیلے ہیں، اپنی صلاحیتوں کا بھرپورمظاہرہ کیا ہے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حتمی انتخاب کا فیصلہ ان کے اختیار میں نہیں ہے۔ مورکل نے بتایا کہ انہوں نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو اپنی رائے دی ہے کہ ہندوستان کے پاس۲۰؍ وکٹ لینے کیلئے کافی مضبوط گیندبازی لائن موجود ہے جبکہ حتمی اسکواڈ کا فیصلہ شبھ من گل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے گوتم کو بتایا ہے کہ ہمارے گیندبازوں میں۲۰؍ وکٹ لینے کی پوری صلاحیت ہے۔ ویلنگٹن کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کے تیز گیندبازوں کا انتخاب خاص اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز روہت شرما کے لیے مایوس کن، چار اننگز میں صرف ۳۰ ؍رن
جسپریت بمراہ حملے کی قیادت کریں گے جبکہ سراج کے ساتھ پرسدھ کرشنا، آکاش دیپ اور انشول کمبوج میں سے دیگر مقامات کیلئے مقابلہ ہے۔ہندوستان نے چار تیز گیندبازوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے، تاہم حتمی امتزاج کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔مورکل نے کہاکہ حالات ہمیں چار تیز گیندبازوں کے ساتھ کھیلنے کے بارے میں سوچنے کا موقع دیتے ہیں۔ ہم پچ اور حالات کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔ مورکل نے ہندوستانی گیندبازوں کو موسم اور حالات، خصوصاً بیسن ریزرو میں چلنے والی تیز ہواؤں کے بارے میں ضرورت سے زیادہ سوچنے سے بھی خبردار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوا کے مخالف سمت میں گیندبازی کرنے سے گیند کو حرکت مل سکتی ہے لیکن اس کیلئے گیندبازی کے انداز، لائن اور لینتھ میں مناسب تبدیلی اور بہتر عمل درآمد ضروری ہوگا۔انہوں نے گیندبازی یونٹ کو پیغام دیا کہ حالات کے بارے میں ضرورت سے زیادہ نہ سوچیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی حکمت عملی پر بھروسہ رکھیں اور درست جگہ پر گیند ڈالنے پر توجہ مرکوز کریں۔کوچ نے میچ کے ابتدائی مرحلے میں مؤثر آغاز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے پانچوں دن مسلسل اچھی کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔
مورنے مورکل نے کہا کہ میچ جیتنے کا بہترین طریقہ پہلے سیشن میں اپنی برتری قائم کرنا ہے لیکن صرف پہلے سیشن سے ٹیسٹ نہیںجیتا جاسکتا۔ ٹیم کو ایسے گیندبازوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو چوتھے یا پانچویں دن غیر معمولی اسپیل کرسکیں۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان اس وقت چوتھے مقام پر ہے۔ مورکل نے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم مواقع ضائع کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بیرونی شور کو نظر انداز کرکے درست جگہ پر گیند ڈالنے پر توجہ دینی ہوگی۔ ہم پوائنٹس گنوانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ٹیم کو اپنی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی اور جلد از جلد اپنی بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔ ذمہ داری گیندباز اور کپتان دونوں پر ہے۔