Inquilab Logo

امام الانبیاءؐکی مبارک تعلیمات اور سنتوں پر عمل آوری کی تلقین

Updated: October 20, 2021, 8:32 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

آل انڈیا خلافت کمیٹی کے زیراہتمام ۱۰۲؍واں جلوس عیدمیلادالنبی ؐنکالا گیا،جلوس سے قبل علماءاورقائدین کے خطابات ، پیغمبر محمدؐبل پاس کرنے کا پرزورمطالبہ ، کورونا گائیڈ لائن پر پوری طرح عمل کرنے کی کوشش ، پولیس کے جوانوں اوراعلیٰ افسران کا پہرہ ،مسلم محلوں میں قائدین جلوس کا والہانہ استقبال

A caravan of leaders and participants in the procession from Khilafah House. Earlier, the Khilafah Committee had organized two processions. (Picture:Inquilab
خلافت ہاؤس سے برآمد ہونے والے جلوس میں قائدین اورشرکاء کا قافلہ ، اس سے قبل خلافت کمیٹی ۱۰۱؍ جلوسوں کا اہتمام کرچکی ہے ۔(تصویر،انقلاب)

بائیکلہ:۱۲؍ربیع الاول کی وہ مبارک تاریخ ہے جب امام الانبیاءمحبوب کبریا حضرت محمدمصطفےٰؐدنیا میں تشریف لائے اورسسکتی ،بلکتی ،کراہتی اورچہار جانب سے ستائی ہوئی انسانیت کے زخموں پرمرہم رکھا، اس کی دادرسی فرمائی اورانسانوں کوجینے کا سلیقہ عطا کیا ۔
 اسی مناسبت سےآل انڈیا خلافت کمیٹی کے زیراہتمام ۱۰۲؍واں جلوس عیدمیلادالنبی ؐنکالا گیا۔ دورانِ جلوس کورونا گائیڈ لائن پرنہ صرف عمل کیا گیا بلکہ گائیڈ لائن کی رو سے ۵؍گاڑیوں اور۲۵؍افراد کی محدود شرکت کوبھی یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ۔اس کےلئے پولیس کے جوان بڑی تعداد میں تعینات کئے گئے تھے اورپولیس کی کئی گاڑیاں قائدین جلوس کی گاڑیوں کے آگے اورپیچھے چل رہی تھیں۔ پولیس کمشنر ہیمنت نگرالے اورجوائنٹ پولیس کمشنر وشواس ناگرے پاٹل کے علاوہ دیگر افسران نے خود بھی حالات کا جائزہ لیا ۔
 خلافت ہاؤس سے جلوس برآمدہونے سے قبل حسب ترتیب مختصر تقریب ہوئی جس میںعلماء اور قائدین جلوس نے اظہار خیال کیا اور خصوصیت سے یہ تلقین کی کہ تعلیماتِ مصطفےٰپرعمل آوری ہی ہمارے تمام مسائل کا حل اورنجاتِ اخروی کاذریعہ ہے۔
پیغمبرمحمدؐبل پاس کرنے کامطالبہ دہرایا 
 اس دفعہ جلو س کی قیادت کرنےوالے رضااکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمدسعید نوری نے اپنے خطاب میںزور دے کراس بات کااعادہ کیاکہ ’’حضوراکرمؐ اوراسلام کی دیگر مقدس شخصیات کے ساتھ کسی بھی مذہب کی مذہبی شخصیات کی شان میںگستاخی کرنے والے مرتکبین پرقدغن لگانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پرتحفظ ناموس رسالت بل پاس کیا جائے۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ آقائے دو جہاںؐ نے انسانوں کوزندگی گزارنے کاسلیقہ سکھایا ۔ نمازآقاکی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اس لئے ہم نمازوں کااہتمام کریں، لایعنی باتوں سے پرہیز کریںاور یہ یاد رکھیںکہ کامل مومن وہ ہے جو اپنے مومن بھائی کوکسی قسم کی تکلیف نہ پہنچائے۔‘‘
  ریاستی وزیربرائے اقلیتی امور نواب ملک نے کہاکہ ’’ ہم اس نبیؐ کے امتی ہیں جو رحمت اللعالمین بن کرتشریف لائے اور اس مذہب کے ماننےوالے ہیں جو سب سے اچھا مذہب ہے لیکن آج صورتحال یہ ہےکہ ہمارے کردار و عمل میںکمی کے سبب کچھ لوگوں کومذہب اسلام پرسوال اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔حضوراکرم ؐنے دنیا سے اونچ نیچ اورہر طرح کی تفریق کا خاتمہ فرمادیا لیکن ہم آقائے دوعالمؐکی تعلیمات کوعام کرنے میںبھی ناکام رہے جس کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اس حوالے سے دنیا نیلسن منڈیلااور کارل مارکس کانام لیتی ہے۔اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر غریبوں کوان کے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد کریں ۔‘‘
دنیا امن وآشتی کاگہوارہ بن جائے گی
 مولانا سیداطہرعلی نے کہا کہ ’’حضوراکرمؐکا یومِ پیدائش منانے کا بہترین انداز یہ ہوگا کہ ہم اپنے کردار وعمل سے آپؐکی مبارک تعلیمات پرعمل کریں ۔یادرکھیں کہ حضور  کی ذات سارے عالم کیلئے رحمت ہے صرف مسلمانوں  کیلئے نہیں۔ہم پڑوسیوں کا خیال کریںخواہ وہ پڑوسی کسی بھی مذہب کا ماننےوالا ہو۔بلاشبہ اگر ہم نبی آخرالزماںؐؐکے نقش قدم پر قائم ہوجائیںتو یہ دنیا امن وآشتی کاگہوراہ بن جائے ۔‘‘
 آل انڈیا خلافت کمیٹی کے چیئرمین سرفرازآرزو نےجلوس اورخلافت کمیٹی کی تاریخی اہمیت پر مختصر روشنی ڈالی اور یہ بھی کہا کہ یہاں عالمی درجے کے اسکو ل کے قیام کا منصوبہ زیر غورہے تاکہ اس کی اہمیت میں مزیداضافہ کیا جاسکے۔ ‘‘
 اس منصوبے کی تائید میںمقامی رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہا کہ’’ خلافت ہاؤس میں عالمی درجے کے اسکول کا قیام بلاشبہ عید میلاد النبیؐ کے حوالے سےسب سے بڑا اوریادگار تحفہ ہو گا ۔‘‘جلوس اوراس سے قبل منعقدہ تقریب میں رکن اسمبلی رئیس شیخ،سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان ، کارپوریٹر منوج جام ستکر،کارپوریٹرجاوید جنیجا ،سہیل صوبیدار، اقبال میمن افیسر، ڈاکٹر محمدعلی پاٹنکر ، مولانا خلیل الرحمن نوری اور دیگر شخصیات شریک تھیں۔شرکاء جلوس کا مسلم محلوں میں والہانہ استقبال کیا گیا ۔تاج قریشی نے بارگاہ رسالتمآبؐمیںہدیہ نعت پیش کیا اور نظامت کے فرائض مولانا محمود خان نےانجام دیئے۔ جلوس میں تاجدارِ ختم نبوت ، لبیک یارسول اللہ کے نعرے بلند کئے گئے اورسنگ تراشان مسجد کے سامنے (مستان تالاب) پرمولاناسید جیلانی میاںکی دعا پرجلوس ختم ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK