Inquilab Logo Happiest Places to Work

’فینگل‘ طوفان کا اثر، شہرومضافات میں موسم اچانک تبدیل

Updated: December 04, 2024, 1:32 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پورا دن مطلع ابرآلود رہا۔ درجہ حرارت میں اضافہ ۔ فضائی آلودگی خراب سطح تک پہنچ گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے اخیر تک درجہ حرارت میں دوبارہ کمی کا امکان ہے۔

A thick haze is visible over Dadar Chowpatty. Photo: Namish Dave
دادرچوپاٹی پر گہرا کہرا نظر آرہا ہے۔ تصویر: نمیش دوے

گزشتہ جمعہ کو ممبئی میں ۱۶ء۵؍ ڈگری سیلسیئس کے ساتھ ریکارڈ سردی پڑی تھی لیکن شہر کے درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ شروع ہوگیا ہے اور منگل کو ممبئی میں درجہ حرارت ۲۴؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق جنوبی ہند میں ’فینگل ‘طوفان کے اثر سے بحر عرب پر ہوا کا دبائو پڑا ہے جس کی وجہ سے ممبئی کے درجہ حرارت میں تبدیلی آئی ہے اور مطلع ابر آلود ہوگیا ہے۔ تاہم شہر میں بارش کا امکان ظاہر نہیں کیاگیا ہے۔ اس دوران ممبئی میں فضائی آلودگی خراب سطح تک پہنچ گئی ہے۔
شہرومضافات کا درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو سانتاکروز کی مشاہدہ گاہ میں کم سے کم درجہ حرارت ۲۴؍ ڈگری اور قلابہ میں ۲۴ء۵؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو سانتاکروز میں ۲۰ء۶؍ ڈگری سیلسیئس اور قلابہ میں ۲۲ء۸؍ ڈگری سیلسیئس جبکہ اتوار کو سانتا کروز میں ۱۷ء۸؍ ڈگری اور قلابہ میں ۲۱ء۵؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران شہر کے کم سے کم درجہ حرارت میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے لوگ دوبارہ ایئر کنڈیشنر استعمال کرنے لگے ہیں۔
 محکمہ موسمیات کی سائنسداں سشما نائر نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ چونکہ ممبئی سمندر سے متصل ہے اس لئے یہاں گرمی زیادہ پڑتی ہے اور آئندہ چند روز تک ممبئی کا کم سے کم درجہ حرارت ۲۰؍ ڈگری سیلسیئس سے نیچے آنے کا امکان نہیں ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۰؍ ڈگری سیلسیئس سے اوپر ہی رہے گا۔
ماہرین کے مطابق اس ہفتے کے اخیر سے ممبئی کے درجہ حرارت میں دوبارہ کمی ہونے کا امکان ہے۔
مطلع ابر آلود
منگل کو جنوبی اور وسطی ممبئی میں دوپہر سے مطلع ابرآلود رہا لیکن مضافات، تھانے اور ممبرا اور دیگر علاقوں میں کبھی دھوپ نکل آتی تو کبھی بادل چھا جاتے۔
 سشما نائر نے اس سلسلے میں کہا کہ ’فینگل ‘طوفان تو ختم ہوگیا ہے لیکن اس کے اثرات سے بحر عرب میں ہوا کا دبائو بنا ہے جس سے بارش ہوتی ہے لیکن اس کا رخ جس طرف ہے اس سے رتناگیری اور گوا کی طرف بارش ہوسکتی ہے۔ اسی دبائو کی وجہ سے ممبئی میں مطلع ابر آلود ہے اور آئندہ ۲؍ سے ۳؍ دن یہی حال رہے گا لیکن ممبئی میں بارش کا امکان نہیں کے برابر ہے۔
فضائی آلودگی
سشما نائر کے مطابق موسم میں تبدیلی کی وجہ سے سمندر کی سرد ہوائیں ممبئی کی طرف آرہی ہیں لیکن شہر میں گرم ہوا موجود ہے اور اس صورت میں فضا میں رطوبت بڑھ جاتی ہے اور ہوا میں موجود دھول مٹی وغیرہ فضا میں ہی معلق ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے دھند میں اضافہ ہوگیا ہے۔
منگل کو شام تقریباً ساڑھے ۵؍ بجے ممبئی کا ’اے کیو آئی‘ (ایئر کوالیٹی انڈیکس) مجموعی طور پر۱۳۴؍ ریکارڈ کیا گیا جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ البتہ مجگائوں میں ۲۲۸؍ اور نیرول   ۲۱۲؍ اے کیو آئی کے ساتھ دیگر علاقوں کے مقابلے زیادہ خراب زمرے میں تھے۔
جن علاقوں میں اے کیو آئی ۱۰۰؍ سے ۱۵۰؍ کے درمیان تھا، ان میں قلابہ(۱۱۱)، قلابہ نیوی نگر (۱۵۴)، ورلی (۱۱۹)، سائن (۱۰۲)، باندرہ (۱۲۴)، باندرہ مشرق (۱۱۶)، باندرہ کرلا کمپلیکس (۱۱۴)، چھتر پتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ (۱۰۹)، دیونار (۱۴۴)، کرلا (۱۲۹)، جوہو (۱۱۵)، ملاڈ (۱۱۳)، پوائی (۱۸۷) اور وسئی مغرب (۱۳۳) شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK