Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورپ : گرمی کی پہلی ہیٹ ویو: اٹلی میں درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری،۲۵۰۰؍ فوارے نصب

Updated: June 29, 2025, 7:17 PM IST | Rome

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے یورپ میں شہری ’ہیٹ ویو‘ کا سامنا کر رہے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم میں درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیئس تک پہنچا تو شہریوں اور سیاحوں نے شہر کے مختلف مقامات پر نصب فواروں کے رخ کیا تاکہ حدت کو کم کیا جا سکے۔
بڑھتے درجہ حرارت میں معمولات زندگی انجام دینے والے شہریوں اور سیاحوں کو ہیٹ ویو کے دوران ریلیف کی فراہمی کے لیے انتظامیہ نے شہر میں ڈھائی ہزار فوارے نصب کیے ہیں۔
اٹلی کے جنوبی ساحلی شہر مارسیلی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیئس تک پہنچنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب فرانس کے دوسرے بڑے شہر میں حکام نے شدید گرم موسم کے دوران سوئمنگ پولز میں نہانا مفت کر دیا ہے تاکہ شہری حدت کا مقابلہ کر سکیں۔
جنگل میں لگنے والی آگ کی وجہ سے اتوار کو پرتگال کے دو تہائی حصے ہائی الرٹ پر رہیں گے جبکہ دارالحکومت لزبن میں 42 ڈگری سیلسیئس کا درجہ حرارت متوقع ہے۔
ادھر وینس میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی شادی میں شرکت کے لیے آنے والے مہمان اور اس شادی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو شدید گرمی کا سامنا رہا۔
ایک اطالوی طالب علم سرانے مینا نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ ’میری کوشش ہوتی ہے اس بارے میں نہ سوچوں، لیکن میں بہت زیادہ پانی پیتا ہوں اور کبھی زیادہ دیر باہر نہیں رہتا، کیونکہ اس سے آپ کو سن سٹروک ہوتا ہے۔‘
گزشتہ کئی برسوں میں سپین نے شدید گرم موسم کے طویل سلسلے دیکھے ہیں اور اب مقامی موسمیات کے ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار سے ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
سائنس دانوں نے طویل عرصے سے خبردار کر رکھا ہے کہ کوئلے اور پیٹرولیم کے ایندھن کے بہت زیادہ استعمال سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔
یورپ کے مشہور سیاحتی مقامات سمجھے جانے والے شہروں نیپلز اور پالرمو میں متوقع درجہ حرارت 39 ڈگری ہے جبکہ سسلی شہر میں حکام نے دن کے گرم ترین اوقات میں کھلی جگہوں پر کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اٹلی کی ٹریڈ یونین ورکرز کے تحفظ کے لیے اس اقدام کو ملک کے دیگر حصوں تک بڑھانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
یورپی یونین کے موسم اور آب و ہوا کو دیکھنے والے محکمے کے مطابق رواں سال مارچ کا مہینہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ گرم رہا اور گرمی کی لہر نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ کرہ ارض کا درجہ حرات بڑھنے کے نتیجے میں شدید موسمی واقعات بشمول سمندری طوفان، خشک سالی، سیلاب اور ہیٹ ویو شدید ہوتی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK