قیمتیں ۴؍ سال پہلے کی سطح پر پہنچ گئیں، ماروتی، ہنڈائی اور ٹاٹا موٹرس نےایک دن میں ۵۱؍ ہزار سے زیادہ کاریں فروخت کیں۔
EPAPER
Updated: September 25, 2025, 3:17 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
قیمتیں ۴؍ سال پہلے کی سطح پر پہنچ گئیں، ماروتی، ہنڈائی اور ٹاٹا موٹرس نےایک دن میں ۵۱؍ ہزار سے زیادہ کاریں فروخت کیں۔
جی ایس ٹی میں کمی اور نوراتری کے آغاز نے ملک میں کاروں کی فروخت کومہمیز دی ہے۔ ملک کی ۳؍ بڑی آٹوموبائل کمپنیوں ماروتی، ہنڈائی اور ٹاٹا موٹرس نے نوراتری کے پہلے دن ریکارڈ۵۱؍ ہزار سے زیادہ گاڑیاں فروخت کیں۔ جی ایس ٹی کی نئی شرحیں۲۲؍ ستمبر سے نافذ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی قیمتیں ۴؍ سال پہلے سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنیاں تہوار کے پیش نظر فروخت بڑھانے کیلئے۱۰؍فیصد کا ’’فیسٹیول ڈسکاؤنٹ ‘‘بھی دے رہی ہیں جس کا اثر فروخت میں اضافہ کی شکل میں ظاہر ہوا۔ فروخت میں اضافہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ نوراتری کے ۹؍ دنوں میں گاڑی خریدنا کو شُبھ مانا جاتا ہے۔
ماروتی نے۳۰؍ سال کا ریکارڈ توڑدیا
ماروتی نے۲۲؍ستمبر کو تقریباً۳۰؍ گاڑیاں بیچیںجبکہ ۸۰؍ ہزار لوگوں نے گاڑیاں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی اور ان کی معلومات حاصل کی۔ کمپنی کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ پچھلے۳۰؍ برس میں سب سے شاندار رسپانس رہا ہے۔ دعویٰ کیا جارہاہے کہ چونکہ جی ایس ٹی میں کمی کے بعد چھوٹی گاڑیوں کے دام۱۰؍ سے۱۵؍ فیصد کم ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاصی تعداد شوروم پہنچی۔
ہنڈائی کا ۵؍سال کا ریکارڈ ٹوٹا
ہنڈائی نے نوراتری کے پہلے دن تقریباً ۱۱؍ہزارگاڑیاں بیچیں۔یہ اس کمپنی کی گزشتہ ۵؍ برسوں میں ایک دن میں سب سے اچھی کارکردگی ہے۔ کمپنی کے مطابق ’’گرینڈآئی ۱۰؍نیوس‘‘ اور ’’کریٹا‘‘ کی سب سے زیادہ مانگ رہی۔ ایک ڈیلر نے بتایا کہ ٹیکس کم ہونے کی وجہ سے صبح سے ہی شوروم میں بھیڑ لگ گئی تھی۔
ٹاٹا نے ایک دن میں۱۰؍ ہزارگاڑیاں بیچیں
ٹاٹا نے پہلی بار ایک ہی دن میں۱۰؍ ہزار سے زیادہ گاڑیاں ڈلیور کی ہیں۔ ٹاٹا کے ’’نیکسن‘‘ اور ’’پنچ‘‘ جیسے ایس یو وی ماڈلس کی سب سے زیادہ ڈیمانڈ رہی۔ ٹاٹا کے ایک ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ’’ یہ صرف شروعات ہے، آنے والے دنوں میں فروخت اور بڑھے گی۔‘‘
ٹیکس چھوٹ اور ڈسکاؤنٹ میں اضافہ
پچھلے سال کے مقابلے اس سال۱۰؍ فیصد زیادہ ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ انٹیلی جنس ’’جیٹو ڈائنامکس‘‘ کے تجزیہ کے مطابق اگست میں گاڑیوں پر اوسط انسینٹو۹ء۳؍ فیصد بڑھ کر ۴۵؍ ہزار ۳۹۱؍ روپے رہا جبکہ اگست ۲۰۰۳ء میں یہ۴۱؍ ہزار ۴۱۴؍روپے تھا۔ہیچ بیک گاڑیوں پر انسینٹو میں۱۰۲؍ فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہیچ بیک زمرے میں سخت مقابلہ ہے۔ اس کے برعکس سیڈان،ایس یو وی اور ایم پی وی پر ملنے والے اوسط انسینٹو میں کمی آئی ہے۔