Inquilab Logo

موٹر سواروں کی شکایتوں کا اثر،قواعد کے برخلاف بنائے گئے’ اسپیڈبریکر‘ کو ٹریفک پولیس نے ختم کردیا

Updated: March 20, 2024, 11:18 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر انل کمبھارے کے بقول دو اسپیڈ بریکروں کے درمیان ۳۰۰؍ میٹر کا فاصلہ ہونا چاہئے ، جن اسپیڈ بریکرز کوختم کیا گیا ہےان سے ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوتا تھا

Traffic police with the help of BMC removing a road speed breaker.
بی ایم سی کی مدد سے ٹریفک پولیس ایک سڑک کا اسپیڈ بریکر ختم کرتے ہوئے۔

شہر ومضافات میں  قواعد و ضوابط کے برخلاف بنائے گئے ۵۰؍ سے زائد اسپیڈ بریکروں کو ٹریفک پولیس نے بی ایم سی کی مدد سے ہموار کردیا ہے۔ ایسے اسپیڈ بریکروں  کے خلاف ٹریفک پولیس کو دوپہیہ اور چار پہیہ گاڑی چلانے والوں کی جانب سےمسلسل شکایتیں  موصول ہورہی تھیں۔
 ٹریفک پولیس نے بتایا کہ شہر کے الگ الگ علاقوں میں    قواعد کی خلاف ورزی کرکے بنائے گئے اسپیڈ بریکروں  کے متعلق شکایتیں ملنے پر ایسے اسپیڈ بریکروں کا سروے کیا گیا اور  بی ایم سی کے اشتراک سے جے سی بی مشین کی مدد سے شہر کے۵۶؍اسپیڈ بریکروں کو ہٹا یا گیا ہے۔
 اس ضمن میں ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر انل کمبھارے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ’’شہر کے مختلف علاقوں میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسپیڈ بریکر بنائے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں دو اور چار پہیہ گاڑی چلانے والوں نے انہیں ہٹانے کی درخواست کی اور ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہونے کی بھی نشاندہی کی تھی۔ وہیں اس ضمن میں پہلے ٹریفک پولیس نے ان علاقوں میں غیر ضروری اور قواعد کے خلاف بنائے گئے اسپیڈ بریکروں کا جائزہ لیا تھا اس کے بعد بی ایم کے ساتھ مل کر جے سی بی مشین کی مدد سے۵۶؍اسپید بریکروں کو ختم کیا ہے۔‘‘
  جوائنٹ کمشنر ٹریفک کے بقول ’’اسکول کے اطراف قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائے گئے اسپیڈ بریکروں کو طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر نہیں ہٹایا گیا ہے۔‘‘   کمبھارے کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’شہر میں کئی مقامات پر انڈین روڈ کانگریس ( آئی آر سی ) کی اسپیڈ بریکر بنانے کی گائیڈ لائن کو سرے سے نظر انداز کردیا گیا ہے۔کسی بھی مقام پر اسپیڈ بریکر بناتے وقت دو اسپیڈ بریکروں کے درمیان تین سو میٹر کا فاصلہ ہونا چاہئے ۔‘‘
 اس سلسلہ میں کی جانے والی کارروائی اور اسپید بریکر ہٹائے جانے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ٹریفک پولیس محکمہ نے بتایا کہ اندھیری اور کرلا روڈ کے درمیان ایسے۲۶؍اسپیڈ بریکروں کو ختم کیا گیا ہے جن میں دو بریکروں کے درمیان محضدوسو میٹر کا فاصلہ تھا۔
 ٹریفک پولیس کے بقول شہر اور مضافات میں اکثر غیر ضروری اسپیڈ بریکر عوام کے مطالبہ پر سیاسی لیڈران بنوا دیتے ہیں لیکن اسے بنانے سے قبل قواعد اور تکنیکی مسائل کا خیال نہیں رکھا جاتا جس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قواعد کے مطابق بنائے گئے اسپیڈ بریکروں سے نہ صرف تیز رفتار اور لاپروائی سے گاڑی چلانے والوں کو گاڑی کی رفتار کم کرنا پڑتی ہے بلکہ حادثات کا امکان کم ہوجاتا ہے لیکن قواعد کے مطابق کم فاصلوں پر بریکر بنانے سے حادثات کا خطرہ لاحق ہوتا ہے اور ٹریفک کا بھی مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK