Inquilab Logo

راجستھان میں اہم لیڈروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا

Updated: November 26, 2023, 1:21 AM IST | Agency | Jaipur

اشوک گہلوت کا دوبارہ کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ ، کہا: ریاست میں جس طرح کا ماحول ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دوبارہ کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔

Ashok Gehlot. Photo: INN
اشوک گہلوت ۔ تصویر : آئی این این

راجستھان میں سنیچر کو  جہاں ایک طرف اہم لیڈروں نے اپنے حق رائے دہی کااستعمال کیا، وہیں دوسری طر ف اشوک گہلوت نے دوبارہ کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کیا۔ 
میڈیارپورٹس کے مطابق راجستھان اسمبلی عام انتخابات۲۰۲۳ء کیلئے سنیچر کو وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، آسام کے گورنر گلاب چند کٹاریہ، سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے،  بی جے پی کے ریاستی صدر سی پی جوشی، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر ڈاکٹر ستیش پونیا ا ور دیگر لیڈروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
  اسی دوران  لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی سنیچر کو کوٹا میں اسمبلی کے عام انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔اوم برلا نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد  عوام  سے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔  ووٹ دینے کے بعد  انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان کی ووٹنگ میں بھرپور شرکت سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نےووٹنگ کو جمہوریت کا بڑا تہوار قرار دیتے ہوئے  کہا کہ اس  موقع پر ووٹروں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔
 اسی دوران  جودھپور کے سردار پورہ حلقہ سے کانگریس کے امیدوار اشوک گہلوت نے سنیچر کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کے بعد میڈیا سے بات  چیت کرتے ہوئے  دوبارہ کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا ،’’ریاست میں جس طرح کا ماحول ہے اس  سے ظاہر ہوتا ہے کہ  دوبارہ کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ دراصل  خواتین اور نوجوانوں سمیت تمام رائے دہندگان  کانگریس کے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئے پرجوش ہیں ہے۔ ‘‘ ایک سوال  کے جواب میں انہوں نے کہا ،’’ کانگریس کے دعوے ٹھوس ہیں جبکہ بی جے پی کے دعوے کھوکھلے ہیں۔ ہماری ‍ گارنٹیاں کام آئیں گی جبکہ مودی کی گارنٹی فیل ہوچکی ہے۔ اس لئے ان کی گارنٹیوں پر کہیں بھی بات نہیں ہو رہی ہے۔ ریاست کی اسمبلی انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے بہت سے لیڈر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، متعدد مرکزی وزراء اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ راجستھان آئے لیکن یہاں کے مسائل پر کسی لیڈر نے بات چیت نہیں کی۔ ان سب نے لوک سبھا انتخابات کی طرح مہم چلائی۔‘‘قبل ازیں گہلوت نے سردار پورہ اسمبلی حلقہ میں واقع پولنگ بوتھ پر  اہلیہ سنیتا گہلوت، بیٹے ویبھو گہلوت اور بہو ہمانشو گہلوت سے  اپنا ووٹ ڈالا۔  اس سے پہلے  گہلوت نے اپنی بڑی بہن کا آشیرواد لیا اور اپنے خاندان کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پہنچے۔ ویبھو گہلوت نے کہا ،’’اس بار ریاست میں روایت بدل رہی ہے  اور کانگریس کی حکومت دہرائی جائے گی۔‘‘
 ادھرکوٹہ شمالی سے کانگریس کے امیدوار اوراہم لیڈر   شانتی دھاریوال نے دعویٰ کیا ہے ،’’ ریاست میں اس الیکشن میں کانگریس واضح اکثریت کے ساتھ حکومت میں واپس آرہی ہے۔‘‘ دھاریوال نے  اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ،’’کانگریس  واحد پارٹی ہے جس کے دور میں عوام کو سب سے پہلے ووٹ کا حق ملا تھا اور ووٹ کا حق جمہوریت کو مضبوط کرتا ہے۔ عوام کسی  خدمات کی بنیاد پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں اور انہیں پوری امید ہے کہ اس بار بھی کانگریس کی حکومت بنے گی۔‘‘
 دھاریوال نے کہا ،’’ میں نے ہمیشہ  عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کیا ہے اور نہ صرف کوٹہ نارتھ بلکہ کوٹہ ساؤتھ میں بھی کام کیا ہے، اس لئے ہمیں  کامیابی کی پوری امید ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK