وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پرپوسٹ کرکے انہیں یاد کیا، سونیا گاندھی نےنہرو کی یادگار ’شانتی ون‘ کا دورہ کیا، کھرگے، راہل اور دیگر لیڈروں نے بھی یاد کیا
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 10:49 PM IST | New Delhi
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پرپوسٹ کرکے انہیں یاد کیا، سونیا گاندھی نےنہرو کی یادگار ’شانتی ون‘ کا دورہ کیا، کھرگے، راہل اور دیگر لیڈروں نے بھی یاد کیا
ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی۶۱؍ویں برسی پر وزیر اعظم مودی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔سوشل میڈیا پراپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ ’’ہمارے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت۔‘‘سونیا گاندھی نے صبح ہی پنڈت جواہر لال نہرو کی یادگار’شانتی ون‘ کا دورہ کیا اور سابق وزیر اعظم کی سمادھی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران پنڈت نہرو کی یاد میں شانتی ون میں پروگرام منعقد کیا گیا جس میں دیگر لیڈروں کے ساتھ سونیا گاندھی نے بھی شرکت کی۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور جامع ہندوستان کے خواب کے ساتھ پنڈت نہرو نے اپنی دور اندیش قیادت سے آزاد ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھی۔ سماجی انصاف، تجدیدکاری، تعلیم، آئین اور جمہوریت کے قیام میں ان کا کردار انمول ہے۔ پارٹی سربراہ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ۲۱؍ویں صدی کے ہندوستان کا تصور پنڈت نہرو کے کردار کے بغیر نہیں کیا جا سکتا ہے۔پنڈت نہرو جدید ہندوستان کے معمار تھے، جنہوں نے ملک کو صفر سے عروج تک پہنچایا۔
ان لیڈروں کے علاوہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، بہار کے گورنر عارف محمد خان، مدھیہ پردیش کانگریس کے سربراہ جیتو پٹواری، ایم پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اُمنگ سنگھار اور دیگر لیڈروں نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔