• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے۱۲؍ ایم ایل ایز کو دوبارہ ٹکٹ دیا

Updated: October 22, 2025, 10:49 AM IST | Agency | Patna

موجودہ ایم ایل ایز میں سے ۵؍ کا ٹکٹ کاٹ کر ان کی جگہ نئے امیدواروں کو موقع دیا، اسٹرائک ریٹ بہتر کرنے کی کوشش۔

State Congress leaders addressing the media. Photo: INN
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے لیڈران۔ تصویر: آئی این این
بہار اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے اپنے ۵؍ اراکین اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم کر دیا ہے جبکہ۱۲؍ دوبارہ انتخابی مقابلے میں اپنے حریفوں سے مقابلہ کرتے نظر آئیں گے۔
اس بار کے انتخابات میں کانگریس نے کشن گنج کے رکن اسمبلی اظہارالحسین کی جگہ سابق رکن اسمبلی محمد قمرالہدیٰ کو امیدوار بنایا ہے۔ پارٹی نے قصبہ سے چار بار رکن اسمبلی رہنے والے سابق وزیر محمد آفاق عالم کی جگہ محمد عرفان عالم، کھگڑیا سے چھترپتی یادو کی جگہ ڈاکٹر چندن یادو کو امیدوار بنایا ہے۔ مہاراج گنج کے رکن اسمبلی، تجربہ کار کانگریسی رہنما اور ۶؍ بار کے رکن اسمبلی وجئے شنکردوبے کو بھی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔
اس بار کے انتخابات میں مہاگٹھ بندھن میں شیٹ شیئرنگ کے تحت یہ نشست راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) کو دی گئی ہے۔ آرجے ڈی نے یہاں وشال جیسوال کو امیدوار بنایا ہے۔ اسی طرح جمال پور کے رکن اسمبلی اجے کمار سنگھ کو بھی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ ان کی جگہ مہاگٹھ بندھن کی حلیف انڈین انکلوسیو پارٹی سے نریندر تانتی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ 
وکرم اسمبلی کے رکن اسمبلی سدھارتھ سوربھ اور چیناری (محفوظ) کے رکن اسمبلی مراری پرساد گوتم نے انتخابات کے اعلان کے بعد کانگریس کا ’ہاتھ‘ چھوڑ دیا تھا۔ سوربھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے جبکہ گوتم نے لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) سے تعلق جوڑ لیا تھا۔ سوربھ بی جے پی کے ٹکٹ پر وکرم سے جبکہ گوتم ایل جے پی (رام ولاس) کے ٹکٹ پر چیناری (محفوظ) نشست پر دوبارہ اپنی طاقت دکھاتے نظر آئیں گے۔ 
کانگریس نے دیگر۱۲؍ نشستوں پر اپنے موجودہ اراکین اسمبلی پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں انتخابی میدان میں دوبارہ اتار دیا ہے۔ ان میں پارٹی کے صوبائی صدر کٹمبا محفوظ سے راجیش رام، ارریہ سے عبیدالرحمان، کدوہ سے شکیل احمد خان، منی ہاری (محفوظ) سے منوہر پرساد سنگھ، مظفر پور سے ویجندر چودھری، راجاپاکڑ (محفوظ) سے پرتیما کماری، بھاگلپور سے اجیت کمار شرما، بکسر سے سنجے کمار تیوری عرف منا تیوری، راجپور (محفوظ) سے وشوناتھ رام، کرگہر سے سنتوش کمار مشرا، اورنگ آباد سے آنند شنکر سنگھ اورہسوا سے نیتو کماری شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ۲۰۲۰ء کے بہار اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن میں شامل کانگریس نے۷۰؍ نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے تھے، جن میں صرف۱۹؍ امیدوار ہی کامیاب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ کانگریس نے صرف انہیں سیٹوں پرامیدوار اتارے ہیں جہاں اسے کامیابی کی پوری امید ہے۔ اس طرح اس مرتبہ صرف ۵۹؍ امیدوار ہی اتارے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK