Inquilab Logo

وزیراعلیٰ کی مہاراشٹر کے اراکین پارلیمان کے ساتھ اہم میٹنگ

Updated: February 01, 2023, 11:44 AM IST | MUMBAI

بجٹ سے قبل ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ،اراکین پارلیمنٹ نے مختلف منصوبوں پر رائےدی ،۶۴؍ ترقیاتی پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ، ادھو گروپ اور کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ غیرحاضر رہے ، این سی پی ایم پی امول کولہے کی شرکت ، وجہ بتائی کہ وہ اپنے علاقے کے بجٹ پر گفتگو کرنا چاہتے تھے

Chief Minister Eknath Shinde discussed several development projects with the Members of Parliament; Photo: INN
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اراکین پارلیمنٹ سے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر بات چیت کی ; تصویر:آئی این این

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مرکزی بجٹ سے پہلے اہم  ترقی کے موضوعات پرگفتگو کے لئے ممبئی کے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں مہاراشٹر کے تمام ممبران پارلیمنٹ کی ایک خصوصی میٹنگ بلائی۔وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نونیت رانا ایم پی،  بی جےپی ایم پی دھننجے مہاڈک ، ایم آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ  امتیاز جلیل ، اور نارائن رانے وغیرہ نے  ممبئی کے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ میں رانے ایم پی بی جے پی، پونم مہاجن ایم پی بی جے پی، امول کول ایم پی این سی پی سبھی موجود تھے۔ ادھو سینا (یو بی ٹی)، کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ اس میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔
  اس میٹنگ میں مہاراشٹر میں ترقی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا، میٹنگ میں بات چیت اس موضوع پر پر مرکوز تھی کہ مہاراشٹر میں کس قسم کی ترقی کی زیادہ ضرورت ہے اور کس قسم کے ترقیاتی پروجیکٹوں کو نافذ کیاجانا چاہئے نیز یہ کہ  وہ کون سی اسکیمیں ہیں جن کی فی الحال کمی ہے۔  اراکین پارلیمنٹ نے مختلف مسائل پر اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں جن میں فلائی اووَر بریج یا دریا پر بننے والے ڈیم سے لے کر میڈیکل کالج یا اس طرح کے دیگر امور شامل  تھے۔
  بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ دھننجے مہاڈک نے کہا ’’ادھو ٹھاکرے گروپ اور کانگریس کے اراکین اسمبلی میٹنگ میں نہیں آئے کیونکہ انہیں ریاست کی فکر نہیں ہے۔‘‘  مہاڈک نے کہا کہ تمام ممبران پارلیمنٹ کو میٹنگ میں اپنے اپنے حلقوں سے متعلق مسائل اٹھانے کی اجازت دی گئی۔
  اپوزیشن ایم وی اے کا حصہ ہونے کے باوجود این سی پی ایم پی امول کولہے نے میٹنگ میں شرکت کی۔  انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پارٹی کے فیصلے کی مخالفت کی اور اجلاس میں شرکت کی تاکہ میں اپنے علاقے کے بجٹ پر اپنے خیالات پیش کر سکوں۔  میٹنگ میں ریاست کے کل۶۴؍ ترقیاتی  پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ایک میٹنگ کی تاکہ آئندہ مرکزی بجٹ سے متعلق ریاست کی توقعات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔شندے نے ہدایت دی کہ ریاستی محکمے مرکز کی طرف سے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کے سرٹیفکیٹ فراہم کریں تاکہ فنڈز کے مسلسل بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ’’متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ یہ سرٹیفکیٹ بروقت فراہم کیے جائیں۔  اس سے سہولت یہ ہوگی کہ ریاست کو فنڈ ملتے رہیں گے۔‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ مرکز نے حال ہی میں محکمہ شہری ترقی کیلئے ۱۵؍ ہزار کروڑ  روپے کی منظوری دی ہے۔
 نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت نے ریلوے پروجیکٹوں میں ریاست  کے بجٹ سے۵۰؍ فیصد حصہ نہ دینے کے سابقہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے فیصلے کو منسوخ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب ریاست کا۵۰؍ فیصد حصہ تقسیم کریں گے۔میٹنگ میں مرکز کے تعاون سے چلنے والے پروجیکٹوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے  پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نئی دہلی کے مہاراشٹر سدن میں ایک اہلکار کو ریاست اور مرکزی حکومت کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کل وقتی ملازمت دی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پروجیکٹوں میں کوئی رکاوٹ  نہ آئے۔دریں اثناء اپوزیشن نے اجلاس کو ایک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ اجلاس مرکزی بجٹ سے صرف ایک دن پہلے منعقد کیا جائے تو اس سے کیا حاصل ہوگا۔ واضح رہےکہ میٹنگ میں این سی پی کے امول کولہے واحد اپوزیشن ایم پی تھے۔این سی پی کے ترجمان میش تپاسے نے کہا کہ شندے نےممبئی میں مہاراشٹر کے تمام ممبران پارلیمنٹ کی میٹنگ بلائی ہے تاکہ مہاراشٹرمیں مختلف مدوں کیلئے مختص سابقہ  مرکزی بجٹ   پرتبادلہ خیال کیا جا سکے۔ کیا وزیر اعلیٰ کو یاد ہے کہ مرکزی بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK