جمعیۃ علماء کے دفتر میں تنظیم کے عہدیداران، مسلم کارپوریٹرس اور ملی و سماجی تنظیموں کے سرکردہ افراد سے پولیس افسر نے گفتگو کی
عید الاضحی اور قربانی کے متعلق شیخ الہند چوک سے متصل مولوی گنج مرکز مسجد، مدرسہ سراج العلوم جمعیت علماء کے دفتر میں سنیچر کو عیدالاضحی اور فریضہ قربانی کے متعلق جمعیت علماء ضلع و شہر یونٹ کے عہدے داران، مسلم کارپوریٹرس، ملی، سماجی تنظیموں کے ہمراہ آزاد نگر پولیس محکمہ کی مشترکہ میٹنگ جمعیت کے صدر حافظ حفظ الرحمٰن کی صدارت میں عمل میں آئی۔
مولوی شکیل احمد قاسمی نے ابتداء میں عید الفطر، عیدالاضحی و دیگر مذہبی تہواروں پر پولیس انتظامیہ کی جانب سے مسلم علاقوں میں کئے جانے والے حفاظتی انتظامات، شرپسندوں کی شرانگیزی پر سخت کارروائی کے علاوہ مساجد، عیدگاہوں، قبرستان پر پولیس بندوبست اور جمعیت علماء کے ساتھ ہی عمائدین شہر کا مکمل تعاون کئے جانے پر پولیس انتظامیہ کے کاموں کی پزیرائی کی۔ایاز احمد ایاز اور دیگر نے بھی مذہبی تہواروں کے موقع پر پولیس انتظامیہ کے تعاون کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میںتہواروں اور بالخصوص عید قرباں کے موقع پر ہمیشہ پولیس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اورقربانی کے مقامات پر سخت بندوبست کو یقینی بنایا ہے۔آزاد نگر کے پی آئی کوکرے نے اس موقع پر ذبیحہ سے متعلق قانون کے حوالے سے شرکاء کی رہنمائی کی۔ کوکرے نے میٹنگ کے ذریعے سے شہر کے مسلمانوں سے کہا کہ قانون کی پاسداری اور بردران وطن کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے قربانی کے فرائض انجام دیں۔کوکرے نے یہ بھی اپیل کی کہ قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ شرپسندوں کو شہر کا امن و امان خراب کرنے کے لئے کسی بھی قسم کا موقع نہ دیں۔احتیاط کے ساتھ ساتھ صاف صفائی کا بھرپور خیال رکھتے ہوئے قربانی کریں۔ اس میٹنگ میںالحاج حافظ حفظ الرحمن، مولانا ضیاء الرحمن قاسمی،مولاناشکیل احمد قاسمی، الحاج مختار شریف، محمد یوسف ، ایاز احمد ایاز، محمد اعجاز رفیق، عبد المحیط ، شیخ پرویز، مسعود احمد، محمد آصف، سلیم، کارپوریٹر امین پٹیل،کارپوریٹر عبداللطیف، کارپوریٹر وسیم خلیل ، کارپوریٹر مختار بلڈر، اسلم بیکری والے، ابو العاص صابر سیٹھ، وکیل الحاج مشتاق، عمران عرفان، عقیل مختار (منا) صدیق اسمعیل، شیخ اظہر اور دیگر موجود تھے۔