رمضان کی آمد کے ساتھ ہی خواتین عیدالفطر کی تیاریاں شروع کر دیتی ہیں۔ رمضان مہینے میں چونکہ خواتین کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں اس لئے وہ اپنی جانب توجہ نہیں دے پاتی۔
EPAPER
Updated: March 16, 2026, 3:35 PM IST | Mumbai
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی خواتین عیدالفطر کی تیاریاں شروع کر دیتی ہیں۔ رمضان مہینے میں چونکہ خواتین کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں اس لئے وہ اپنی جانب توجہ نہیں دے پاتی۔
رمضان کی آمد کے ساتھ ہی خواتین عیدالفطر کی تیاریاں شروع کر دیتی ہیں۔ رمضان مہینے میں چونکہ خواتین کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں اس لئے وہ اپنی جانب توجہ نہیں دے پاتی۔ عیدالفطر کو چند دن باقی رہ گئے ہیں، اس سے قبل چہرے کی نگہداشت پر خاص توجہ دیں تاکہ عید کے دن آپ کا چہرہ شاداب اور تروتازہ نظر آئے۔ ذیل میں چند نسخے بتائے جا رہے ہیں:
شہد اور خوبانی کا ماسک
شہد ایک طاقتور قدرتی موئسچرائزر ہے جو جلد کی نمی کی حفاظت کرتا ہے اور ضرورت کے مطابق نمی فراہم کرتا ہے جو جلد کی شگفتگی کے لئے ضروری ہے۔ خوبانی کا گودا میش کرکے اس میں شہد ملا کر ماسک تیار کرلیں اور چہرے پر لگائیں اس نسخے کے استعمال سے جلد کے کھلے ہوئے مسام بند ہوجاتے ہیں اور جلد بھی چمکدار ہوجاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹومیٹو فیشیل؛ چہرے کی چمک بڑھائے اور جلد کی نگہداشت کرے
چاول کے آٹے کا ماسک
چاول میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں جو چہرے کی جلد کو شادابی اور نرم و ملائم بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ماسک کی تیاری کے لئے چاول کا آٹا ۳؍ چمچے، گائے کا دودھ ۲؍ چمچے اور شہد ایک چمچہ درکار ہوں گے۔ اب ایک پیالی میں چاول کا آٹا ڈالیں۔ اس میں دودھ ڈال کر چمچے سے اچھی طرح مکس کریں اور اس مکسچر میں ایک چمچہ شہد شامل کریں۔ تمام اشیاء کو مکس کرلیں۔ اگر پیسٹ گاڑھا بن جائے تو اس میں حسب ِ ضرورت دودھ مزید شامل کریں اور ایک نرم و ملائم پیسٹ تیار کرلیں۔ اس پیسٹ کو چہرے کی جلد پر لگائیں اور ۱۰؍ منٹ تک ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں، پھر ۲۰؍ منٹ کیلئے لگا رہنے دیں اور پانی سے چہرہ دھو لیں۔ اگر جلد ٹائٹ محسوس ہو تو کوئی بھی اچھا موئسچرائزر لگالیں۔ اس کا استعمال دن میں کسی بھی وقت کرسکتے ہیں۔ ہفتے میں دو دفعہ کے استعمال سے ہی چہرے اور ہاتھوں کی رنگت نکھر جائے گی۔
ہلدی کا ماسک
ہلدی کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔ یہ کھانے میں ذائقہ بڑھانے کے ساتھ خوبصورتی بڑھانے میں بھی کام آتی ہے۔ ماسک کی تیاری کے لئے ایک بڑا چمچہ ہلدی لیں، اس میں دودھ کے ساتھ بیسن یا چکی کا آٹا شامل کریں۔ اس مرکب کو اپنے چہرے، ہاتھ، پاؤں، گردن اور بازوؤں پرلگائیں اور ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ سوکھنے پر اسے ہلکے ہاتھ سے مساج کرتے ہوئے ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ اس کے روزانہ استعمال سے جلد پر سورج کی شعاؤں کے مضر اثرات، مردہ خلیے، داغ دھبے صاف ہونے کے ساتھ ساتھ رنگت بھی نکھر جائے گی۔
ملتانی مٹی کا ماسک
ملتانی مٹی جلد کو جھریوں سے نجات دلانے اور سورج کی شعاؤں سے جل جانے والی جلد کے لئے ایک بہترین نسخہ ہے۔ ملتانی مٹی میں پانی یا دودھ ملا کر ماسک بنائیں۔ اسے مزید فائدہ مند بنانے کے لئے اس پیسٹ میں شہد کے چند قطرے، پسا ہوا پودینہ، ایلوویرا جیل یا ہلدی بھی ملائی جاسکتی ہے۔ اس پیسٹ کو چہرے اور گردن پر ۱۵؍ سے ۱۷؍ منٹ تک لگائیں اور سوکھنے پر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں اور چہرہ خشک کر لیں۔ یہ مرکب کیل، مہاسوں اور اضافی چکنائی کے لئے بھی بے حد مفید ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مِلک تھیراپی سے گھر بیٹھے پائیں شاداب اور خوبصورت جلد
کیلے کا ماسک
کیلے میں پوٹاشیم کی مقدار جہاں کھانے میں فائدہ دیتی ہے وہیں جلد کی رنگت نکھارنے کے لئے بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ ہر گھر میں روزانہ کیلا آتا ہے اس کا نسخہ بہت آسان ہے کہ صرف کیلے کو پیالے میں میش کرلیں اور چہرے پر لگا لیں۔ ۵؍ سے ۱۰؍ منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر صاف پانی سے چہرہ اچھی طرح دھو لیں۔ کیلا اچھا موئسچرائزر بھی ہے۔