اکثر عید کی چاند رات تک ہمارے گھروں میں خواتین کام کرتی نظر آتی ہیں جس کی وجہ سے عید کے پورے دن ان پر تھکن طاری رہتی ہے۔ اگر منصوبہ بندی سے سارے کام انجام دیئے جائیں تو نہ صرف کام اچھے طریقے سے مکمل ہوتے ہیں بلکہ اپنی ذات کے لئے وقت نکالنا بھی آسان ہوتا ہے۔
پیشگی تیاریوں سے عید کے دن خواتین مہمانوں کے ساتھ وقت گزارتےاور تازہ دم نظر آتی ہیں۔ تصویر: آئی این این
رمضان المبارک ہم سے رخصت ہوا چاہتا ہے اور عیدالفطر کی آمد آمد ہے۔ اس دوران خواتین کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں۔ اگر منصوبہ بندی سے سارے کام انجام دیئے جائیں تو نہ صرف کام اچھی طریقے سے مکمل ہوتے ہیں بلکہ اپنی ذات کے لئے وقت نکالنا بھی آسان ہوتا ہے۔ عید کی مناسبت سے اس تحریر میں خواتین کی رہنمائی کے لئے چند مشورے دیئے جا رہے ہیں:
گھر کی تفصیلی صفائی
بیشتر خواتین ماہِ صیام سے قبل گھر کی تفصیلی صفائی کرتی ہیں۔ اگر آپ کا شمار بھی ان میں ہوتا ہے تو آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ خود محسوس کریں گی کہ گھر صاف ستھرا ہے بس ذرا سی محنت سے اس میں مزید نکھار پیدا کیا جاسکتا ہے۔ دیواروں کے کونوں میں جالے جھاڑ لیجئے۔ اِدھر اُدھر غیر ضرور سامان پڑے ہوں تو انہیں سمیٹ لیں۔ اگر ان کی ضرورت نہیں ہے تو پھینک دیں۔ بیڈ شیٹ، پردے، تولیے، تکیہ اور کشن کے کور عید سے ایک رات قبل تبدیل کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، گھر میں موجود سامان پر موجود دھول صاف کرلیجئے۔ اگر آپ عید سے قبل تفصیلی صفائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو اس میں محنت اور وقت دونوں درکار ہوں گے۔ اس لئے بہتر ہوگا کہ آپ اس کام میں گھر والوں کی مدد حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھئے: یہ سادہ مگر مؤثر باتیں گھر کے حسن کو بڑھاتی ہیں
باورچی خانہ کی صفائی اور پکوانوں کی تیاریاں
عید کے موقع پر کئی پکوان تیار کئے جاتے ہیں اس لئے باورچی خانہ کی پیشگی صفائی کرلیں۔ ہوسکتا ہے کچن میں رمضان میں باہر سے آئے ہوئے پکوانوں کے ڈبوں کا ڈھیر لگ گیا ہو۔ کچھ کنٹینر بھی اِدھر اُدھر رکھے ہوں گے۔ اگر ان کی ضرورت ہے تو مناسب جگہ بنا کر رکھئے یا فوراً ہٹا دیں۔ عید کے برتن دھو کر آگے کی طرف رکھ دیں۔ جو ڈنر سیٹ استعمال کرنا ہے اسے بھی نکال لیں۔ کچن میں ایک ایک سامان جگہ پر رکھتی جائیں آپ خود اپنے سلیقے کی داد دیں گی۔ اب باری آتی ہے پکوانوں کی تیاریوں کی تو پہلے سے ادرک لہسن اور ہری مرچ پیس لیں۔ ریڈی میڈ مسالے بھی خرید کر برنیوں میں رکھ لیں۔ ثابت ادرک اور لہسن کے ساتھ ساتھ دھنیا، پودینے، پیاز وغیرہ کاٹ کر ہوا بند ڈبوں میں رکھ لیں۔ اس تیاری سے پکوان جھٹ پٹ بنانے میں آسان ہوتی ہے۔
فریج بھی آپ کی توجہ چاہتا ہے
چونکہ رمضان میں کئی اشیاء فریج میں محفوظ رکھی جاتی ہیں اس لئے عید سے قبل اس کی صفائی کرنا ضروری ہے۔ کبھی کبھی فریج میں کوئی چیز پیچھے رکھ کر ہم بھول جاتے ہیں۔ زیادہ مناسب ہوگا کہ عید سے قبل فریج میں رکھی اشیاء استعمال کر لی جائیں اور اسے نئے سرے سے ترتیب دیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹومیٹو فیشیل؛ چہرے کی چمک بڑھائے اور جلد کی نگہداشت کرے
میٹھے پکوانوں کے لوازمات
میٹھے پکوانوں کے بغیر عید کی خوشی پھیکی ہے۔ اس کے لئے خشک میوہ جات خرید کر لے آئیے۔ کاجو، بادام اور پستہ کو باریک کاٹنا ہوتا ہے اس لئے انہیں کاٹنے سے قبل پانی میں بھیگا کر فریج میں رکھ دیں اور اگلے دن کاٹ لیں۔ پانی میں بھگونے سے بادام اور پستے کے چھلکے بآسانی نکل آتے ہیں اور انہیں کاٹنے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔ انہیں کاٹنے کے بعد ہوا میں اچھی طرح سکھا لیں اور علاحدہ علاحدہ ڈبوں میں رکھ کر فریزر میں رکھ لیں۔ جب ضرورت ہو تو تب نکال کر استعمال کرلیں۔
عید کے کپڑے
ٹیلر کے یہاں سے سب کے کپڑے آگئے ہیں یا نہیں؟ یہ معلوم کرلیں۔ اس کے بعد جن کپڑوں کو استری کی ضرورت ہے انہیں استری کرلیں۔ ہر ایک کے کپڑے کا سیٹ تیار کر دیں۔ اس سے عید کے دن صبح میں ہونے والے ہنگامے سے بچنا ممکن ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر بچوں کے کپڑوں کا پورا سیٹ تیار رکھیں۔
مہمانوں کے لئے انتظام
اگر آپ عید کے موقع پر رشتہ داروں کو دعوت کیلئے مدعو کرتی ہیں تو اس کیلئے بھی پیشگی تیاری کر لینا سمجھدار ی کا سودا ہوگا۔ سب سے پہلے تو مینو تیار کرلیں۔ جو پکوان تیار کرنا ہے اگر اس کی تیاری پیشگی ہوسکتی ہے وہ کرلیں تاکہ عین وقت کے ہنگامے سے آپ بچ جائیں۔ بہت زیادہ اہتمام کے بجائے سادہ پکوانوں کو ترجیح دیں تاکہ مہمانوں کے ساتھ وقت گزارنے کا بھی موقع ملے۔
یہ بھی پڑھئے: مِلک تھیراپی سے گھر بیٹھے پائیں شاداب اور خوبصورت جلد
ذاتی نگہداشت
جب سب کام ترتیب سے ہوتا ہے تو خواتین کو اپنے لئے کافی وقت مل جاتا ہے۔ اس لئے عید کی پیشگی تیاریاں منصوبہ بند طریقے سے کیجئے۔ اپنی ذات کو فراموش نہ کریں۔ کام اس طرح سے ترتیب دیں کہ چاند رات کو آپ کو مہندی لگانے اور اسکن کیئر کے لئے اچھا خاصا وقت مل جائے۔ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ خواتین چاند رات تک سارے کام کرتی رہتی ہیں جس سے عید کے پورے دن ان پر تھکن طاری رہتی ہے۔ بہتر ہوگا کہ بیشتر کام چاند رات سے پہلے پہلے مکمل ہوجائیں تاکہ آپ اپنی جانب توجہ دے سکیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عید کے دن آپ تروتازہ اور مسکراتی نظر آئیں۔