Inquilab Logo

صدارتی الیکشن سے متعلق اپوزیشن کی آج دہلی میں اہم میٹنگ

Updated: June 15, 2022, 11:57 AM IST | Agency

ممتا بنرجی کی طرف سے طلب کی گئی اس میٹنگ میں کانگریس اور سی پی ایم کی شرکت سے حزب اختلاف کے حوصلے بلند، شرد پوار کا صدارتی امیدوار بننے سے انکار

Mamata Banerjee meets NCP chief Sharad Pawar in New Delhi.Picture:PTI
ممتا بنرجی کی این سی پی سربراہ شرد پوار سے نئی دہلی میں ملاقات تصویر: پی ٹی آئی

صدارتی الیکشن کیلئے تاریخ کااعلان ہوتے ہی اس تعلق سے سیاسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ایک جانب جہاں بی جے پی  اپنی کامیابی کے راستے میں حائل تمام دشواریوں پر قابو پانے کیلئے اندر اور باہر سے جوڑ توڑ میں مصروف ہوگئی ہے، وہیں اپوزیشن بھی خاموش نہیں ہے۔ اس تعلق سے حکمت عملی طے کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بدھ کو دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہونے جارہی ہے جس کیلئے تمام پارٹیوں کے نمائندے دہلی پہنچنے لگے ہیں۔
شرد پوار اور یچوری دہلی پہنچ گئے 
 اطلاع کے مطابق، ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی کی جانب سے طلب کی گئی اس میٹنگ میں کانگریس اور سی پی ایم بھی شریک ہورہی ہیں۔اپوزیشن کی جانب سے اس پیش رفت کو ایک اچھی علامت تصور کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں منگل ہی کو ممتا بنرجی دہلی پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کی منگل کو کوئی ملاقات طے نہیں ہے لیکن  بدھ ۱۵؍ جون کو سہ پہر۳؍ بجے کانسٹی ٹیوشن کلب میں وہ  صدارتی انتخاب کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کی صدارت کریں گی۔ اسی دوران این سی پی ذرائع کے مطابق شرد پوار بھی دہلی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سی پی ایم لیڈر سیتا رام یچوری سے ملاقات کریںگے۔ ان دونوں لیڈروں کی ملاقات بھی آئندہ صدارتی الیکشن سے متعلق حکمت عملی طے کرنے کے سلسلے میں ہورہی ہے۔ بدھ کو یہ دونوں بھی ممتا بنرجی کی میٹنگ میں شریک ہوسکتے ہیں۔
ممتا کا حزب اختلاف کے لیڈروں کے نام خط
   خیال رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے حال ہی میں اپوزیشن جماعتوں کے  لیڈروں کو ایک خط لکھا ہے جس میں آئندہ صدارتی انتخابات کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کی خاطر نئی دہلی میں اجلاس طلب کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ ممتا بنرجی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور سی پی آئی (ایم) کے جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری سمیت۲۲؍ اپوزیشن لیڈروں کو ایک خط بھیجا تھا اور ان تمام سے ۱۵؍ جون کو ہونے والی میٹنگ میں شرکت کی درخواست کی تھی۔
کانگریس کی جانب سے مثبت اشارہ
 اس تعلق سے کانگریس نے مثبت اشارہ دیا ہے۔ بدھ کو  نئی دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی کی طرف سے طلب کی گئی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں اس نے شرکت کیلئے حامی بھردی ہے۔کانگریس کی طرف سے اس میٹنگ میں سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے، جے رام رمیش اور رندیپ سنگھ سرجے والا حصہ لیں گے۔
شرد پوار کا امیدوار بننے سے انکار
 اپوزیشن خیمے سےابھی تک کچھ اس طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ این سی پی سربراہ اور ملک میں  سیاسی چانکیہ کے طور پرمشہور شرد پوار کو اپوزیشن کیمپ سے صدر کے عہدے کا امیدوار بنایا جا سکتا ہے لیکن انہوں نے انکار کرکے خود ہی ان تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ میں اپوزیشن کی طرف سے صدارتی امیدوار نہیں ہوں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو این سی پی کابینہ کی میٹنگ کے بعدکہی۔ خیال رہے کہ کانگریس نے بھی شرد پوار کی صدارتی امیدواری کی حمایت کا اعلان کیا تھا ۔ اسی طرح عام آدمی پارٹی نے بھی شرد پوار کے نام پر رضامندی کااظہار کیا تھا۔  دو دن قبل عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے کہا تھا کہ شرد پوار صدر کے عہدے کیلئے بہترین امیدوار ہیں لیکن انہوں نےامیدوار بننے انکار کردیا ہے۔
 بی جے پی کوئی قبائلی چہرہ  پیش کر سکتی ہے
  بی جے پی نے حالانکہ ابھی تک کوئی باضابطہ اشارہ نہیں دیا ہے لیکن ذرائع کے حوالے سے اس طرح کی اطلاعات آرہی  ہیں کہ وہ کوئی قبائلی  چہرہ پیش کرسکتی اور بہت ممکن ہے کہ وہ خاتون بھی ہو۔ گمان غالب ہے کہ ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر خواتین اور قبائلی ووٹوں کے پیش نظر بی جے پی ایسی کوئی حکمت عملی اپنا سکتی ہے۔ 
 صدارتی الیکشن ۱۸؍ جولائی کو ہے
صدارتی انتخاب کیلئے ووٹنگ۱۸؍ جولائی کو ہوگی۔ اس انتخاب میں، الیکٹورل کالج کے۴؍ ہزار ۸۰۹؍ ووٹر ہیں جو موجودہ صدر رام ناتھ کووند کے جانشین کا انتخاب کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK