کہاکہ ڈرا نے دھمکا نے اور خوفزدہ کر نے کا مقصد انہیںپرامن احتجاج اور سیاست سے دوررکھنا ہے
EPAPER
Updated: June 05, 2023, 3:14 PM IST | Islamabad
کہاکہ ڈرا نے دھمکا نے اور خوفزدہ کر نے کا مقصد انہیںپرامن احتجاج اور سیاست سے دوررکھنا ہے
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے جیلوں میں اپنی جماعت کی خاتون کارکنوں پر تشدد کی مذمت کی ۔ دریں اثنا ء پنجاب پولیس نے تصدیق اور تحقیق کے بغیر کوئی ویڈیو شیئر نہ کرنے کی اپیل کی۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’’پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو پہلےاغواء کیا گیا، پھر جیلوں میں بدسلوکی کا نشانہ بنانے اور نہایت غیرانسانی حالات میں رکھنے کے ساتھ انہیں شدید ذہنی اذیت پہنچانےکا سلسلہ جارہی ہے،حالانکہ ان میں سےکوئی بھی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں۔ پرامن احتجاج کی پاداش میں ان ماؤں،بہنوں، بیٹیوں کی محض اس لئےتذلیل کی گئی کہ ڈرا دھمکا کر اور خوفزدہ کرکے انہیں آئندہ پرامن احتجاج کے اپنے بنیادی حق کےاستعمال سے باز رکھا جاسکے اور سیاست سے دور کیا جاسکے۔ہماری ان تمام خواتین نے جس حوصلے اور وقار سے اس بہیمانہ، انسانیت سوز اور مجرمانہ سلوک کا سامنا کیا اس پر مجھے فخر ہے۔‘‘
عمران خان کے اس ٹویٹ کے جواب میں پنجاب پولیس نے کسی کا نام لئے بغیر ایک ٹویٹ کیا ہےاور اس میں عوام سےکسی تحقیق کے بغیر کوئی ویڈیو یا فوٹو شیئر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
اتوار کو پنجاب پولیس نے اپنے مصدقہ اکا ؤنٹ سے ٹویٹ کیا ، ’’سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بعض شرپسند عناصر مذموم عزائم کے تحت حل شدہ مجرمانہ مقدمات سے متعلق سالہا سال پرانی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرکے یہ منفی تاثر دے رہے ہیں کہ یہ تصاویر اور ویڈیوز ۹؍ مئی کے افسوسناک واقعات میں ملوث گرفتار کارکنوں کی ہیں جن کو دوران حراست پولیس کی جانب سے تشدد یا جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔یہاں تک کہ بیرون ممالک ہونے والے سالوں پرانے اسی طرز کے واقعات کو بھی مضحکہ خیز طور پر۹؍ مئی کی توڑ پھوڑ، تشدد اور املاک نذر آتش کرنے والے گرفتار ملزمان سے جوڑا جا رہا ہے۔عوام ہرگز ایسا من گھڑت اور جھوٹا ملک و امن دشمن پروپیگنڈہ کرنے والے شر پسند عناصر کے دھوکے میں نہ آئیں جبکہ ایسے اشتعال پرور عناصر کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔عوام سے درخواست ہے کہ ایسی اشتعال انگیز پوسٹ یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر تصدیق اور تحقیق کےبغیر شیئر کرنے سے گریز کریں،شکریہ۔