Inquilab Logo

عمران خان کا معاشی استحکام پر اصرار

Updated: May 28, 2023, 10:18 AM IST | islamabad

  مشکل گھڑی میں عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی مخالف متنازع پوسٹر

This poster has been put up at a public place in Rawalpindi.
راولپنڈی میں ایک عوامی مقام پر یہ پوسٹر لگایا گیاہے ۔

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )میں انتشار اور بحران کے درمیان  پارٹی سربراہ عمران خان نے  پاکستان کے معاشی استحکام پر اصرار کیا اور معاشی سطح پر حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کی ۔ دریں اثنا ء پاکستان کے    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف   نے کہا کہ عمران خان کی   جماعت  خزاں کے پتوں کی طرح بکھر رہی ہے۔ اسی دوران راولپنڈی میںپی ٹی آئی  مخالف متنازع     پوسٹر لگائے گئے ۔
  یادرہےکہ شیریں مزاری ،  فواد چودھری اور اسد عمر   کے  بعد پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں شامل دیگر لیڈر بھی  ایک ایک کرکے عمران خان کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں  ، ایسے میں عمران خان عوام کی ہمددری حاصل کرنے کیلئے ’ جبری علاحدگی ‘ کے بجائے  اور  اب  پاکستان کی معیشت  پر گفتگو کر رہے ہیں اور اس محاذ پر حکومت کی ناکامیوں کی نشاند ہی کر رہے ہیں ۔ سنیچر کو  عمران خان نے ٹویٹ کیا ، ’’  اوپن مارکیٹ میں ڈالر۳۱۰؍ روپے میں فروخت ہورہا ہے اور ملک آج کل ریکارڈ کمر توڑ مہنگائی کے  چنگل میں ہے۔ قرضوں کے حجم میں نہایت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ معیشت اسی تیزی سے سکڑ رہی ہے۔ ہماری مجموعی  سالانہ آمدنی تو اس سود کیلئے بھی ناکافی ہے جسے ہمیں اپنے قرضوں پر ادا کرنا ہے۔ ایسے میں جب معیشت ہماری نگاہوں کے سامنے بکھر رہی ہے، قوم پر مسلط فسطائی حکومت، تحریک انصاف کو کچلنے کیلئے جبر و ستم کے نت نئے طریقے ایجاد کررہی  ہے۔ پی ڈی ایم قیادت کو روپے کی قدر میں اس تاریخی گراوٹ سے یقیناً کچھ فرق نہیں پڑتا کیونکہ ناجائز طریقوں سےجمع کی گئی ان کی ساری دولت ڈالروں کی صورت میں بیرون ملک چھپائی گئی ہے۔ پی ڈی ایم قائدین کیلئے تو روپے کی قدر میں گراوٹ منافع بخش ہے جبکہ پاکستان کے عوام غربت اور مہنگائی کے بوجھ تلے کچلے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کسی کانام لئے بغیر  لکھا ، ’’جب فردِ واحد نے بند دروازوں کے پیچھے ہماری حکومت کو ہٹانے اور مجرموں کے اسی گروہ کو واپس لانے کا فیصلہ کیا جو۳؍ عشروں سے پاکستان کو لوٹ رہا تھا تو ہماری معیشت تباہی کے گھاٹ اترنے لگی۔ پاکستان کے عوام کا اس سے بڑھ کر نقصان کسی دشمن کیلئے بھی ممکن نہ تھا جتنا پی ڈی ایم نے گزشتہ ایک برس کے دوران کیا۔معیشت سے متعلق یہ ہماری تاریخ کا بدترین سال تھا۔‘‘  قبل ازیں پاکستان کے وزیر  دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ، ’’ پی ٹی آئی خزاں کے پتوں کی طرح بکھر رہی ہے۔ ہر سیاسی جماعت کی ریڑھ کی ہڈی اس کے  وفادار نظریاتی ورکراوردوسری صف کی قیادت ہوتی  ہے۔ پی ٹی آئی کو پارٹی بنانے والوں نے سر اور دھڑ دے دیا مگر ( عمران) ریڑھ کی ہڈی بھی نہ دے سکے ۔ ‘‘ 
 اسی درمیان سنیچر کو راولپنڈی میں جابجا ’یوم مذمت غدار پاکستان ‘ کے پوسٹرا وربینر لگائے گئےجن میںعمران خان اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی چھوڑنے والے لیڈروںکی تصویریں بھی  ہیں جن پر ہتھیلیوں کے ساتھ ساتھ چپلوں سے بھی سیاہ نشان بنائے گئےہیں۔  

imran khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK