Inquilab Logo

ممبئی میں الیکشن کی ہلچل تیز، ورشا گائیکواڑ، سنجے دینا پاٹل اور پیوش گوئل نے پرچہ داخل کیا

Updated: April 30, 2024, 11:30 PM IST | Ahmadullah Siddiqui | Mumbai

عروس البلاد کی ۶؍ اور اطراف کی۷؍ سیٹوں پر۲۰؍ مئی کو پولنگ، جمعہ کو نامزدگی کی آخری تاریخ، جنوبی ممبئی سے شندے گروپ نے یامنی جادھو کو ٹکٹ دیا۔

Varsha Gaekwad was accompanied by Priya Dutt while filing the form. Photo: Inquilab, Ashish Rane
پرچہ داخل کرتے وقت ورشا گائیکواڑ کے ساتھ پریہ دت بھی تھیں۔ تصویر :انقلاب، آشیش رانے

ممبئی  کی ۶؍ اور اطراف کی  ۷؍ پارلیمانی  سیٹوں کیلئے  پرچہ نامزدگی داخل کرنے  کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔ ممبئی  اور اطراف کے پارلیمانی حلقوں پر ووٹنگ ۲۰؍ مئی کو ہوگی جس کیلئے پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ  جمعرات ۳؍ مئی ہے۔   ۶؍ مئی تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ 
 منگل کو ممبئی نارتھ سے مرکزی وزیر اور بی جےپی لیڈر پیوش گوئل نے تو ممبئی  نارتھ سینٹرل سے ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑنے  پرچہ داخل کردیا۔ پیوش گوئل کایہ پہلا الیکشن ہے ۔  پرچہ داخل کرتے وقت ان کے ساتھ وزیراعلیٰ   ایکناتھ شندے بھی  موجود تھے۔  اس سیٹ  سے فی الحال  بی  جےپی کے گوپال شیٹی   ایم پی ہیں۔  اس پارلیمانی حلقے میں بی جےپی کے سینئر لیڈر  رام نائک کا دبدبہ ہے  اور پیوش گوئل کے ان سے گہرے مراسم ہیں۔ ’انڈیا‘اتحاد میں یہ سیٹ کانگریس کے حصے میں آئی ہے تاہم کانگریس اب تک اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کرسکی ہے۔ ورشا گائیکواڈ جو پہلی بار پارلیمانی الیکشن لڑ رہی ہیں، کا مقابلہ بی جےپی  کے امیدوار  ایڈوکیٹ  اُجول نکم سے ہوگا۔ بی جےپی نے  ۲؍ بار کی ایم پی پونم مہاجن کا ٹکٹ کاٹ کر اُجول نکم کو موقع دیاہے۔  بی جےپی نے ممبئی نارتھ ایسٹ سے منوج کوٹک کا بھی ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔  اس طرح زعفرانی پارٹی نے ممبئی میں اپنے تینوں  اراکین پارلیمان کو اس بار امیدوار نہیں بنایا بلکہ نئے چہروں کو موقع دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پرجو َل ریونّا پارٹی سے معطل، ملک سے فرار پر سوال

اُدھر شیوسینا (اُدھو) سے سنجے دینا پاٹل نے  بھی منگل کو ہی ممبئی نارتھ  ایسٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا. ان کا مقابلہ بی جےپی کے امیدوار مہیر کوٹیچا سے ہوگا۔ مہیر کوٹیچا نے جمعہ ۲۶؍ اپریل کو پارلیمانی الیکشن کے ۵؍ ویں مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی اپنا پرچہ داخل کردیاتھا۔ ممبئی میں کسی بھی جانب سے پرچہ داخل کرنے والے وہ پہلے امیدوار تھے۔ اس بیچ شیوسینا (شندے ) نے ممبئی ساؤتھ سے یامنی جادھو کی امیدواری پر مہر لگا دی  ہے۔ ان کا مقابلہ شیوسینا (اُدھو) کے  اروند ساونت سے ہوگا جنہوں نے پیر کو پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ ان کے ساتھ ہی انل دیسائی  نے شیو سینا (اُدھو) کے ٹکٹ پر ممبئی ساؤتھ سینٹرل سے پرچہ داخل کیا۔ ان کا مقابلہ شیوسینا (شندے)  کے امیدوار اور موجودہ ایم پی   راہل شیوالے سے ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK