Inquilab Logo

نو سال میں مودی حکومت آئینی، دفاعی، معاشی ہر معاملے میں ناکام رہی : چدمبرم

Updated: May 30, 2023, 9:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

سابق مرکزی وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی حکومت کے ہر ان پہلوئوں پر روشنی ڈالی جس کی وجہ سے ملک کے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں

P Chidambaram (right) and Nana Patole during the Congress press conference in Mumbai
ممبئی میںکانگریس کی پریس کانفرنس کے دوران پی چدمبر ( دائیں) اور نانا پٹولے

سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے  دعویٰ کیا ہےکہ اقتدار کے ۹؍ سال مکمل کرنے والی بی جے پی  تمام محاذوں پر مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ چدمبرم نے کہا کہ مودی حکومت پارلیمانی ،آئینی حکمرانی، دفاعی اور سلامتی، معاشی، ہر سطح  پر  ناکام ثابت ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ مودی حکومت کے۹؍سال مکمل ہونے  پر کانگریس نے ملک بھر کے بڑے شہروں میں پریس کانفرنس  کے ذریعے  حکومت کی ناکامیاں گنوانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اسی طرح کی پریس کانفرنس ممبئی کے دادرعلاقے میں واقع تلک بھون میں پی چدمبرم نے پیر کو کی۔
  چدمبرم نے اس  بات پر تشویش ظاہر کی کہ ملکی معاملات آئین کے مطابق نہیں چل رہے ہیں۔نیز مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان خلیج بڑھ رہی ہے۔ ریاستی حکومتوں کے اختیارات کم کئے جا رہے ہیں۔ غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے گورنر وائسرائے کی طرح کام کر رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی تفتیشی ایجنسیوں کو جھوٹے مقدمات، تحقیقات کی دھمکیوں سے ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کیلئے استعمال کیا جائےرہا  ہے۔ وہ ادارے جو جمہوریت کے خود مختار ستون ہیں مرکزی حکومت نے انہیں کمزور کر دیا ہے۔
۲؍ ہزار نوٹ کو بند کرنے کا فیصلہ احمقانہ
 نمائندہ انقلاب کے ایک سوال کے جواب میںسابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ’’عام لوگوں کو ۲؍ہزار روپے کے نوٹ کی ضرورت نہیں تھی۔ ۲؍ ہزار کا نوٹ متعارف کروانے اور واپس لینے کے خوفناک تماشے نے ہندوستان کی کرنسی کے استحکام پر شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے، یہ فیصلہ احمقانہ ہے۔
حکومت دفاعی اور خارجہ پالیسیوں میں بھی ناکام
 سینئر لیڈرنے کہا کہ ’’مرکزی حکومت دفاعی اور خارجہ پالیسیوں پر بھی ناکام رہی ہے۔ پاکستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا جیسے پڑوسی ممالک سے ہمارے تعلقات اچھے نہیں رہے۔ اس بات کے کافی شواہد موجود ہیں کہ چینی افواج نے ہندوستان کے زیر قبضہ علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہ اب بھی اس پر قابض ہیں۔ چین سرحد پر اپنے دفاعی ڈھانچے کو وسعت دینے کے علاوہ سرحد پر نئی بستیاں تعمیر کر رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور چین کا اتحاد مضبوط ہوا ہے اور سیکوریٹی کا خطرہ مغربی، شمالی اور مشرقی سرحدوں کے ہر حصے میں پھیل گیا ہے۔ 
معیشت کمزور، بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ
 پی چدمبرم نے کہاکہ ’’معیشت بہت  سست ہے۔ مسلسل  بڑھتی بے روزگاری اور مہنگائی، عدم مساوات اہم موضوعات ہیں۔ اس وقت بے روزگاری کی شرح۷ء۴۵؍ فیصد ہے۔  انہوںنے کہا کہ ’’کوئی بھی اس بات پر یقین نہیں کرتا ہے کہ ہندوستان این ڈی اے حکومت کے دوران  آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے اعلیٰ آئینی نظریات پر پورا اترتا ہے۔ سماجی کشمکش، فرقہ وارانہ تصادم، عدم برداشت، نفرت، خوف ہر روز ہماری زندگیوں کو برباد کر رہے ہیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK