Inquilab Logo

ایک ہی دن میں ممبئی پولیس کے ۳؍اہلکاروں کی کووِڈ۱۹؍سے موت

Updated: June 26, 2020, 5:45 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی پولیس پر کورونا وائرس نامی وباء کا سایہ مزید گہرا ہوتا جارہا ۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے میں ممبئی پولیس کے ۳؍ جوان کووڈ۱۹؍ سے متاثرہو کر اسپتال میں علاج کے دوران فوت ہوئے ہیں

Mumbai Police - Pic : INN
سماجی کارکن امیت بھوسلے پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ کو ایک ایک لاکھ روپے کے ۳۰؍ چیک دیتے ہوئے

ممبئی پولیس پر کورونا وائرس نامی وباء کا سایہ مزید گہرا ہوتا جارہا ۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے میں ممبئی پولیس کے ۳؍  جوان کووڈ۱۹؍ سے متاثرہو کر اسپتال میں علاج کے دوران فوت ہوئے ہیں۔ اس طرح ممبئی میںکووِڈ۱۹؍ سے ہلاک پولیس اہلکاروں کی تعداد ۳۷؍ جبکہ مہاراشٹر میں ہلاک پولیس اہلکاروں کی کل تعداد ۵۴؍ ہوگئی ہے ۔ اسی درمیان ممبئی اور مہاراشٹر میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے میں ۳۸؍ پولیس افسر اور اہلکاروں کو کورونا کی علامت ظاہر ہونے کے بعد اسپتال داخل کیا گیا ہےیا انہیں کورینٹائن کیا گیا ہے ۔
 تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مرین ڈرائیو پولیس کے ایک اور افسر نے کووڈ۱۹؍ کا مقابلہ کرتے ہوئے بالآخر دم توڑدیا ۔ کھیت واڑی  میں رہائش پزیر پانڈو رنگ آنندپوار کو ۱۴؍ جون کواندھیری کے سیون ہل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔۴؍ بیٹیوں کی کفالت کرنے والا آفیسر گزشتہ ۱۰؍ دنوں سے کورونا سے لڑتے ہوئے  بالآخر جمعرات کو صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ مرین ڈرائیو کے علاوہ دادر اور سمتا نگر پولیس اسٹیشن میں تعینات ۲؍ جوان بھی اس وباء کا شکار ہوکر جمعرات کو چل بسے ۔علاوہ ازیں سمتا نگر پولیس اسٹیشن میں تعینات پولیس اہلکارسنجے مورے کو سانس لینے میں تکلیف ہونے پر گرونانک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں جمعرات کو علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی ۔اسی طرح دادر پولیس اسٹیشن میں تعینات پولیس اہلکاربھاما دیو بھیم راؤ شیگڑے  کو بھی شدید بخار اور مسلسل کھانسی آنے پر اسپتال داخل کیا گیا تھا لیکن مزید طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن چند گھنٹے بعد ان کی موت ہوگئی۔
   اس طرح ممبئی پولیس کے دستہ میں فوت ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد ۳۷؍ ہوچکی ہے ۔پولیس فورس میں وبائی مرض سے اموات کے ساتھ ساتھ متاثر ہونے کا سلسلہ بھی دراز ہوتا جارہا ہے ۔کووِڈ۱۹؍ سے ممبئی کے پولیس جوان سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں اور ممبئی پولیس میں شامل سب سے زیادہ جوان بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں ۔ اب تک ممبئی پولیس کے ۲؍ ہزار ۲۵؍ جوان کووڈ۱۹؍ سے متاثرہ ہوئے ہیں ۔ وہیں اب تک ممبئی و مہاراشٹر کے ۴؍ ہزار ۳۲۶؍ پولیس افسران و اہلکار کووڈ۱۹؍ سے متاثرہوئے ہیں جبکہ ۳؍ ہزار ۳۲۸؍ جوان صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK