• Fri, 19 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو این نے سابق عراقی صدر برہم صالح کو نیا ہائی کمشنر برائے مہاجرین منتخب کیا

Updated: December 19, 2025, 3:56 PM IST | New York

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عراق کے سابق صدر برہم صالح کو پناہ گزینوں کیلئے یو این ادارے کا نیا ہائی کمشنر منتخب کر لیا ہے جو دسمبر ۲۰۳۰ء تک یہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

Former Iraqi President Barham Salih. Photo: INN
عراق کے سابق صدر برہم صالح۔ تصویر: آئی این این

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عراق کے سابق صدر برہم صالح کو پناہ گزینوں کیلئے یو این ادارے کا نیا ہائی کمشنر منتخب کر لیا ہے جو دسمبر ۲۰۳۰ء تک یہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بیئربوک نے اس انتخاب پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے بھی ان کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔ برہم صالح اٹلی سے تعلق رکھنے والے فلیپو گرینڈی کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے جو۲۰۱۶ء سے ہائی کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ سیکریٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برہم صالح کو عراقی حکومت اور کردستان میں تین دہائیوں تک سفارتی، سیاسی اور انتظامی شعبوں میں اعلیٰ سطحی قیادت کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور اس دوران وہ بہت سے بین الاقوامی اور علاقائی اداروں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔ برہم صالح انسانی حقوق اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے گہری بصیرت اور مہارت رکھتے ہیں جس میں بطور مہاجر ان کا ذاتی تجربہ، بحرانوں میں مذاکرات کار کا کردار اور قومی سطح پر اصلاحات کی تشکیل شامل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بلیواوریجن نے وہیل چیئرجرمن انجینئر کی خلائی پرواز مؤخر کی، کل صبح کا نیا شیڈول

نومنتخب ہائی کمشنر کا تعارف
برہم صالح۲۰۱۸ء سے۲۰۲۲ء تک عراق کے صدر رہے۔ اس سے قبل وہ۲۰۰۱ء سے۲۰۰۴ء اور پھر۲۰۰۹ء سے۲۰۱۲ء تک عراقی کردستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے۲۰۰۴ء سے۲۰۰۹ء تک عراق کے نائب وزیراعظم کی حیثیت سے بھی کام کیا اور اسی دوران۲۰۰۴ء سے۲۰۰۶ء تک وزیر منصوبہ بندی کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔ انہوں نے۲۰۰۳ء کے بعد عراق کی تعمیرنو اور معاشی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا جس میں اقوام متحدہ اور عالمی بینک کے ساتھ عراق کے بین الاقوامی معاہدے پر مذاکرات بھی شامل ہیں۔ برہم صالح اس وقت امریکہ کے ہارورڈ کینیڈی اسکول کے بیلفر مرکز برائے سائنس و عالمی امور اور واشنگٹن ڈی سی میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں نان ریذیڈنٹ سینئر فیلو کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں ۔ وہ عراق کے شہر سلیمانیہ میں قائم امریکن یونیورسٹی آف عراق کے بانی اور صدر ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیورپول سے شماریات اور انجینئرنگ کی کمپیوٹر ایپلیکیشنز میں پی ایچ ڈی اور کارڈیف یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ اپنی مادری زبانوں کرد اور عربی کے علاوہ انگریزی پر بھی عبور رکھتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK