نامزدگی کے آخری دن بی جے پی ترجمان شائنا این سی نے شیوسینا کا دامن تھام لیا، مہایوتی پر عوام کے اعتماد کادعویٰ
EPAPER
Updated: October 29, 2024, 11:35 PM IST | Mumbai
نامزدگی کے آخری دن بی جے پی ترجمان شائنا این سی نے شیوسینا کا دامن تھام لیا، مہایوتی پر عوام کے اعتماد کادعویٰ
بی جےپی ترجمان شائنا این سی نے منگل کو پارٹی سے استعفیٰ دے کر شیوسینا(شندے)میںشمولیت اختیار کرلی اورممبا دیوی اسمبلی حلقےکاغذات نامزدگی داخل کئے ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے وہ ممبا دیوی کے مندربھی گئیں ۔ ممبا دیوی اسمبلی حلقےمیں شائنا این سی کا مقابلہ کانگریس کے امین پٹیل سے ہوگا۔ واضح رہےکہ مذکورہ اسمبلی حلقہ ممبئی ساؤتھ لوک سبھا میں آتا ہے۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’میں نے ممبا دیوی سیٹ سے کاغذات داخل کئے ہیں۔میںنے بی جےپی سے ا ستعفیٰ دے دیا ہے اورشیوسینا میں شامل ہوئی ہوں۔ ‘‘شائنا این سی مہا یوتی پر اعتماد کاا ظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اورنائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس اور اجیت پوار کی قیادت میں یہی اتحاد جیتے گا۔ شائنا نے کہا کہ ’’ اسوقت یہاں موجود لوگوں اور کارکنوں کے جوش وخروش سے اندازہ ہوتا ہےکہ ان کامہا یوتی پراعتماد ہےاور اتحاد پرغیر متزلزل بھروسہ ہے۔ریاست میںبھاری اکثریت سے یہی اتحاد ایک بارپھر کامیاب ہوگا۔ ‘‘شائنا این سی کےمطابق ’’ میں اپنی پوری زندگی ساؤتھ ممبئی میں رہی ہوںاور مجھے پتہ ہےکہ چاہےکلسٹر ڈیولپمنٹ کا معاملہ ہو، صحت عامہ کا مسئلہ ہویا کھلی جگہوں کا مسئلہ، یہاںلوگوں کو کس طرح کے چیلنج درپیش ہیں۔میں صرف ایک ایم ایل اے نہیں بلکہ لوگوں کی آواز بننا چاہتی ہوں۔‘‘
شائنا این سی نےمزیدکہاکہ ہم ساتھ مل کرممبا دیوی اسمبلی حلقےکیلئےترقی کیلئے دن رات کام کریں گے۔ واضح رہےکہ ممبا دیوی اسمبلی حلقہ ممبئی شہر ضلع کے ۱۰؍ اسمبلی حلقوں میں شامل ہے اور ۲۰۰۹ء سےیہاںسے امین پٹیل ناقابل شکست رہے ہیں۔ ۲۰۱۹ء میںامین پٹیل نے اس وقت کی شیوسینا کے پانڈورنگ سکپال کو ۲۳؍ ہزار ووٹوں سے ہرایا تھا ۔ واـضح رہےکہ لوک سبھا انتخابات میںممبئی ساؤتھ پارلیمانی سیٹ شیوسینا (یوبی ٹی) کےاروند ساونت نے جیتی تھی ۔ انہوں نے یامنی جادھو کو ہرایا تھا ۔ شائنا نے اس دوران ایک پوسٹ میںوزیر اعظم مودی ، ایکناتھ شندے ، دیویندر فرنویس اور اجیت پوار کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری مہا یوتی قیادت نے مجھے ممبا دیوی کے عوام کی خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔