Inquilab Logo

جموں میں سردی اور بارش کے باوجود ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں عوام پُرجوش

Updated: January 25, 2023, 10:26 AM IST | jammu

اودھم پور میں راہل گاندھی کے قافلے کا شاندار استقبال ، کانگریس لیڈر کامیڈیا سے خطاب، کہا: یاترا کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنا اور اُن کا خوف دور کرنا ہے، سرجیکل اسٹرائیک پربھی اظہار خیال

Urmila Matundkar`s participation in `Bharat Jodo Yatra`
’بھارت جوڑو یاترا‘ میں ارمیلا ماتونڈکر کی شرکت

جموں کشمیر میں پڑنے والی شدت کی سردی کے ساتھ ہی منگل کو بارش بھی ہوئی،اس کے باوجود یاترا میں شامل ہونے والوں پر کچھ خاص اثر نہیں پڑا۔ عوام کا جوش و خروش  برقرار رہا۔ یہ یاترا منگل کی صبح جموں سے روانہ ہوئی اور دوپہر ۲؍ بجے اودھم پور میں داخل ہوگئی جہاں مقامی آبادی نے راہل گاندھی کے قافلے کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس یاترا کا بنیادی مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سےجوڑنا اور ان کا خوف دور کرنا ہے۔ اس موقع پر سرجیکل اسٹرائیک پر اظہار خیال کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ دگ وجے سنگھ نے اس حوالے سے جو کچھ کہا ہے، وہ ان کا اپنا خیال ہے۔ کانگریس پارٹی اس سے اتفاق نہیں کرتی۔
    سرجیکل اسٹرائیک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ’’دگ وجے سنگھ جی نے جو کہا ہے، اس  سے ہم اتفاق نہیں کرتے، ہمیں اپنی فوج پر پورا بھروسہ ہے،اسلئے وہ جو کچھ بھی کرتے ہیں، ہمیں اس کا ثبوت نہیں مانگنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے، پارٹی کا اس بیان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے، اس میں آمریت نہیں ہے، اسلئے ہر معاملے پر گفت شنید ہوتی ہے۔
 کشمیری پنڈتوں کے وفد کے ساتھ ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ’’پنڈتوں کے اس وفد نے شکایت کی کہ  بی جے پی ہمیں ایک سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے مجھے  یہ بھی بتایا کہ ہمارے لئے جو کچھ کیا گیا وہ کانگریس نے منموہن سنگھ جی کے دور اقتدار کے دوران کیا گیا۔‘‘
  انہوں نے کہا کہ ’بھارت جوڑویاترا‘ نے نہ صرف  ملک میں پانے والے دو نظریات کو  پوری طرح سےواضح کیا ہے بلکہ اور اس نے ملک کے بیانیے کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک سیاسی جماعت ہے لہٰذا سیاسی باتیں بھی ہوں گی۔
  اس سوال کے جواب میں کہ بی جے پی کا الزام ہےکہ راہل گاندھی اپنی شبیہ کو بحال کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ’’ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی نے میری شبیہ خراب کرنے میں ہزاروں کروڑ روپے خرچ کئے لیکن وہ سب کار گر ثابت نہیں ہوسکے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈروں کا خیال ہے کہ اقتدار اور پیسے سے کچھ بھی کیا جا سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ سچ ہمیشہ تاباں ہوتا ہے۔‘‘دفعہ۳۷۰؍کی بحالی  سےمتعلق سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ ’’اس پر کانگریس کا واضح موقف ہے۔ اس سلسلے میں ہماری قرار داد کا مطالعہ کریں۔‘‘
 راج ناتھ سنگھ کے یاترا کے حوالے سے ایک بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر راہل گاندھی نے کہا کہ’ ’ایک یاترا جو ملک کے لوگوں کو جوڑتی ہے، کیسے ملک کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہے ،میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں۔‘‘انہوں نے کہا کہ یاترا کا مقصد بھارت کو جوڑنا ہے اور جو ماحول ملک میں بی جے پی اور آر ایس ایس نے پھیلایا ہے، اس کے خلاف کھڑا ہونا اور لوگوں میں پائے جانے والے خوف کو دور کرناہے۔
دگ وجے سنگھ کے بیان پرڈوگرہ فرنٹ کا احتجاج
 ڈوگرہ فرنٹ (شیو سینا) نے منگل کوجموں میں دگ وجے سنگھ  کے سرجیکل سٹرائیک سے متعلق ثبوت مانگنے والے بیان کے خلاف احتجاج کیا۔اس موقع پر فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے میڈیا کو بتایا کہ اس طرح کے بیان دے کر فوج کی توہین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے جتنی محنت کی تھی،  اس بیان کے بعد اس پر پانی پھر گیا۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی باہر سے آکر کانگریس کو نہیں توڑ رہا ہے بلکہ اس میں بیٹھے لوگ ہی اس کو توڑ رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیان سے پاکستان کا حوصلہ بڑھایا جا رہا ہے اور اپنی فوج کے حوصلے کو کم کیا جا رہا ہے۔
کانگریس کے ڈی این اے میں پاکستان پرستی
 مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اس بیان کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت  میں انہوںنے کہا کہ کانگریس کبھی سرجیکل اسٹرائیک کے، کبھی رام سیتو اور کبھی شری رام کے وجود کا ثبوت مانگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ دگ وجے سنگھ فی الحال راہل گاندھی کے ساتھ ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شامل ہیں اور اس طرح کے ثبوت مانگ رہے ہیں جس سے  فوج کے حوصلہ  پست ہوسکتا ہے۔انہوں نےراہل گاندھی سے سوال کیا کہ ان کی یہ کیسی ’بھارت جوڑو یاترا‘ ہے، جس میں’ٹکڑے ٹکڑے گینگ‘ کے لوگ ان کے ساتھ  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی فوج پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ یہ حب الوطنی نہیں ہے۔شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کانگریس کم از کم فوج کے حوصلے پست کرنے کا کام نہ کرے تو بہتر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK