نقل روکنے کیلئے طلب کئے گئے مشوروں کی بنیاد پر ریاستی بورڈ کا فیصلہ،اس سے پہلے آدھاگھنٹہ قبل امتحان گاہ پہنچنے کی شرط نافذ کی جاچکی ہے
EPAPER
Updated: February 12, 2023, 10:04 AM IST | saadat khan | Mumbai
نقل روکنے کیلئے طلب کئے گئے مشوروں کی بنیاد پر ریاستی بورڈ کا فیصلہ،اس سے پہلے آدھاگھنٹہ قبل امتحان گاہ پہنچنے کی شرط نافذ کی جاچکی ہے
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈآف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن نے جلد ہی شروع ہونے والےبارہویں اور دسویں کے بورڈ امتحان میں نقل روکنے کیلئے ایک اورقدم اُٹھایا ہے جس کے تحت امتحان شروع ہونے سے ۱۰؍منٹ قبل سوالیہ پرچہ دینے کی سہولت ختم کرنےکا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل آ دھاگھنٹہ پہلےا متحان گاہ میں داخل ہونے کی شرط عائدکی جاچکی ہے۔ واضح رہےکہ امتحان میں ہونےوالی نقل پر قابو پانےکیلئے بورڈ نے طلبہ ،سرپرست ، اساتذہ اورغیر سرکاری تنظیموں سےمشورے طلب کئے تھے۔ جواب میں۲۳۸؍ مشورے موصول ہوئے تھے۔ ان مشوروںکی بنیادپر امتحان شروع ہونے سے ۱۰؍ منٹ قبل سوالیہ پرچے طلبہ کو دینے کی روایت ختم کی گئی ہے۔
امسال فروری مارچ۲۰۲۳ءمیں ہونے والےامتحان میں ۱۰؍منٹ والی مذکورہ سہولت نہیں دی جائےگی کیونکہ گزشتہ سال امتحان کے آغاز سے چند منٹ قبل وہاٹس ایپ پر موبائل کے ذریعے سوالیہ پرچوںکے لیک ہونے کے واقعات کے پیش نظر اسٹیٹ بورڈنےاس سہولت کوایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ختم کرنےکا اعلان کیاہے۔ خیال رہےکہ بورڈ امتحانات میں نقل روکنے کیلئےگزشتہ تقریباً ۲۰؍دنوںمیں بورڈ نے ۲؍اہم اعلانا ت کئےہیں۔پہلا اعلان طلبہ کو آدھا گھنٹہ قبل امتحان ہال میں پہنچنےسےمتعلق تھا جبکہ دوسر ا ا علان امتحان شر وع ہونےسے ۱۰؍ منٹ قبل طلبہ کو سوالیہ پرچہ دینےکی روایت ختم کرنے کا ہے۔
تعلیمی تنظیموں کے مطابق ۱۰؍منٹ قبل سوالیہ پرچہ دینے کی روایت طلبہ کے حق میںتھی۔ جسے کچھ سال پہلے ہی نافذ کیاگیاتھا۔جس سےطلبہ کو سوالیہ پرچہ کا جائزہ لینے میں آسانی ہوتی تھی۔ ساتھ ہی انہیں ۱۰؍منٹ کا اضافی وقت ملتاتھا۔ان ۱۰؍منٹ میں سوالیہ پرچہ پڑھ کر طلبہ خوداعتمادی سے جوابی پرچہ لکھنا شروع کر تے تھے۔وہ جواب لکھنے کیلئے ذہنی طورپر تیار بھی ہوجاتےتھے۔ لیکن امسال ہونےوالے امتحانات میں طلبہ کو یہ سہولت نہیں دی جائے گی۔ اس لئے طلبہ دھیان رکھیں اور تیاررہیں کہ انہیں سوالیہ پرچہ امتحان شروع ہونے کےوقت ہی دیاجائےگاکیونکہ ۱۰؍منٹ قبل سوالیہ پرچہ دیئے جانے والی سہولت ختم کردی گئی ہے۔