Inquilab Logo

نتیش رانے کیخلاف کارروائی کے معاملہ میں پولیس کی ٹال مٹول !

Updated: March 08, 2024, 9:00 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مالونی پولیس اسٹیشن کے احاطے میںایم آئی ایم کا آئین کی کاپی لے کراحتجاج ۔دھاراوی میں بھی ڈی سی پی کومیمورنڈم ۔گوونڈی میںپولیس کی یقین دہانی کے باوجود کارروائی نہ ہونےپر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی تیاری

MIM workers protesting in the premises of Maloney Police Station
مالونی پولیس اسٹیشن کے احاطے میں ایم آئی ایم کے کارکنان احتجاج کرتےہوئے

نفرت انگیزتقاریرمیںمسلمانوں کو نشانہ بنانے پرنتیش رانے کے خلاف کارروائی کے معاملہ میں پولیس کا ٹال مٹول جاری ہے۔ اب تک ایک بھی جگہ ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے ، پولیس محض یقین دہانی اور ’ہم دیکھ رہے ہیں‘کے جملے سے کام چلارہی ہے۔اسی لئے  جمعرات کو مالونی پولیس اسٹیشن کے احاطے میںایم آئی ایم کے عہدیداران نے آئین کی کاپی لے کراحتجاج کیا۔ جمعرات کو ہی دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سے بھی اسی سلسلے میںڈی سی پی کومیمورنڈم دیا گیا۔ گوونڈی میںپولیس کی جانب سے یقین دہانی کے کئی دن گزرنے کےباوجود کارروائی نہ کرنےپر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی تیاری کی جارہی ہے ۔
 یادرہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے گویا نتیش رانے کو اشتعال انگیزی کیلئے حکومت کی شہ حاصل ہو اور انہیں چھوٹ دے دی گئی ہو کہ وہ مسلمانوں کے خلاف کھل کراشتعال انگیزی کریں،ان کے خلاف کسی طرح کی قانونی کارروائی نہیںکی جائے گی۔اس کاثبوت یہ ہے کہ انہوںنے کسی ایک علاقے میں نہیںبلکہ گوونڈی، میراروڈ ، دھاراوی ،مالونی اوردیگر علاقوں میںکھلے عام نفرت انگیز تقاریر کیں لیکن پولیس نے کہیں بھی ایف آئی آر درج نہیںکی ۔اس سے بھی زیادہ حیرت انگیزبات یہ ہےکہ پولیس کو ان کی تقریر میں نفرت نظرہی نہیں آئی ۔
’’کارروائی کی جائے ورنہ بڑے پیمانے پراحتجاج ‘‘
 مالونی پولیس اسٹیشن کے احاطے میںایم آئی ایم کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین ہاتھوں میںپلے کارڈز اٹھائے ہوئےتھے جن پرنتیش رانے کوجیل میں دکھاکرمظاہرین اپنا مطالبہ اس انداز میں دہرارہے تھے۔ دھرنے میںشامل ایم آئی ایم مہیلاونگ کی صدر رضوانہ خان نےکہا کہ ’’ نتیش رانے یہ کون غنڈہ ہے ،میں نہیں جانتی ،میںصرف یہ جانتی ہوں کہ اس نے مسلمانوں کو گھروں میںگھس کرنکالنے کی بات کہی، اس نےمسجدوں ،مدرسوں کوتوڑنے کی بات کہی،مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا لیکن افسوس کی بات ہے کہ اب تک اسے گرفتار نہیںکیا گیا۔ دوسری جانب مفتی سلمان ازہری کوشعر پڑھنے پر گرفتا ر کرلیاگیا ،کیا یہ قانون کا دوہرا معیار نہیںہے۔ ‘‘ 
 ایم آئی ایم   نارتھ ممبئی کے صدر عرفان خلیفہ نے کہاکہ ’’پولیس فوراً ایف آئی آر درج کرکے نتیش رانے کوگرفتار کرے ورنہ بہت بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ’’ احتجاج کےوقت ڈی سی پی بھوئیٹے مالونی پولیس اسٹیشن پہنچے اورہم لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ یقین دلایاکہ کام جاری ہے ،ہم لوگ ساری چیزیں دیکھ رہے ہیں، قانون اپنے طور پرکام کرےگا۔‘‘ 
شاہونگرپولیس اسٹیشن میںمیمورنڈم دیاگیا
 دھاراوی میںبھی چند دن قبل نتیش رانے نے امن وامان خراب کرنے کی کوشش کی تھی اور مسلمانوںکے خلاف زہرافشانی کی تھی۔ اس پر دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران نے سخت برہمی کا اظہارکیااورایک وفد نےجمعرات کو ڈی سی پی کومیمورنڈم اورایک ہفتے کے اندر ایف آئی درج کرکے نتیش رانے کوگرفتارکرنے کا مطالبہ کیا۔وفد کی سربراہی کررہے سنجے رمیش بھالے راؤ نے کہاکہ’’ ایسا لگتا ہے کہ وزیرداخلہ دیویندر فرنویس نےنتیش رانے کوزہرافشانی کا ٹھیکہ   دیا ہے اور پولیس کوحکم دیا ہے کہ کارروائی نہ کرنا ورنہ نتیش رانے اس طرح گھوم گھوم کرماحول خراب کرنے کی کوشش نہ کرتا ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’جس طرح دھاراوی کی جھوپڑپٹی ایشیا میں مثالی ہے اسی طرح یہاں کا بھائی چارہ بھی ایشیا ہی نہیںدنیا میںمثالی ہے ۔‘‘ 
 ڈی سی پی کومیمورنڈم دینے کےوقت شیتکری کامگار پکش کے لیڈر راجندر کورڈے ، سنجے بھالے راؤ ( بھیم آرمی)، پول رافیل (عام آدمی پارٹی )، کامریڈ شیلندر کامبلے، زبیراحمدقریشی ، وٹھل پواراورتاج الدین وغیرہ شامل تھے۔ یہاںڈی سی پی کوایک ہفتے کی مہلت یہ کہہ کر دی گئی کہ پھر ہم سب بڑے پیمانے پراحتجاج کےلئے مجبور ہوںگے۔ ‘‘
۲؍ہفتے سے زیادہ گزرنے کے بعد بھی کارروائی نہیں
 گوونڈی میںنتیش رانے کی شرانگیزی کے خلاف مقامی رکن اسمبلی نے ڈی سی پی سے شکایت کی تھی تو انہوں نے ۴؍دن کی مہلت مانگی تھی مگر دو ہفتے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیںکی گئی۔ اس پررکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کا کہنا ہے کہ ایک اورخط حکومت کوبھیجا جائے گاکہ اب تک نتیش رانے کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ، ا س کےبعد عدالت کادروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK