Inquilab Logo

خطبہ ٔحج میں  وبائی امراض سے متعلق احکام ِ نبوی ؐ پر عمل کی تلقین

Updated: July 20, 2021, 8:16 AM IST | arafat

تمام مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ۶۰؍ ہزار عازمین نے حج کا رُکن ِ اعظم وقوف عرفہ ادا کیا، میدان عرفات میں رورو کر دعائیں، امام کعبہ نے مسلمانوں کوشفقت اور احسان کا رویہ اختیار کرنے کی تلقین کی

Pilgrims from all over the world in Saudi Arabia praying on Mount Mercy after Waqf Arafa.Picture: PTI
سعودی عرب میں مقیم دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے عازمین حج ، وقوف عرفہ کے بعد جبل رحمت پر دعائیں کرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کرتےہوئے ۶۰؍ ہزار منتخب عازمین حج نے پیر کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرتے ہوئے کورونا کی وبا کے خاتمے اور انسانیت کی بہتری کیلئے رو رو کر دعائیں کیں جبکہ مسجد نمرہ  سے خطبہ ٔحج  امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے دیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو ایک دسرے کے ساتھ شفقت سے پیش آنے  اور عالمی وبا کے اس دور میں وبائی امراض  سے متعلق احکام نبوی ؐ پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ 
فجر بعد ہی عازمین  میدان عرفات کیلئے روانہ ہوئے
 پیر کو نماز فجر کے بعد سورج طلوع ہوتے ہی عازمین کے قافلے منیٰ سے میدان عرفات کی طرف روانہ ہوگئے جہاں  انہیں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنا تھا۔ منیٰ سے عازمین کی روانگی کے وقت مکہ معظمہ کی فضا کو گہرے بادلوں نے ڈھانپ رکھا تھا۔ کچھ حجاج کرام گاڑیوں  سے تو کچھ پیدل میدان عرفات پہنچے۔   یہاں انہوں نے ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کیں۔ رکن اعظم کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مغرب بعد مزدلفہ روانہ ہوگئے جہاں وہ مغرب اور عشا کی قصر نمازیں ایک اذان اور دو اقامتوں کے ساتھ ادا کریں  گے۔
مسجد نمرہ میں خطبہ حج، مسلمانوں کو شفقت   اور ایک 
دوسرے کے ساتھ احسان کا رویہ اختیار کرنے کی تلقین
  مسجد نمرہ سے  خطبہ حج  دیتے ہوئے الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ  نےتلقین کی کہ ’’نبی کریم ؐ  نے فرمایا ہے کہ جہاں طاعون پھیلاہووہاں  کے لوگ دوسرے علاقے میں نہ جائیں اور دوسرے علاقے کے لوگ اس علاقے میں نہ آئیں۔‘‘  انہوں نے مسلمانوں کو آپس میں شفقت اور محبت کے ساتھ رہنے ،مساوات قائم کرنے ، دشمنی کو ختم کرنے اور اللہ کے واسطے ایک دوسرے کو معاف کردینے کی نصیحت بھی کی۔  امام کعبہ نے کہا کہ’’ اللہ نے فرمایا ہے کہ میرے سوا کسی کو نہ پکارو اور شریک نہ ٹھہراؤ، رسول ؐنے فرمایا، تم زمین والوں پر رحم کرو، اللہ تم پر رحم فرمائے گا، امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے،  اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو۔‘‘ 
اللہ کی رحمت اس کے عذاب پر غالب ہے
 انہوں  نے کہا کہ ’’اللہ کریم نے کہا ہے کہ میری رحمت میرے عذاب پر غالب ہے، رسولؐ نےفرمایاکہ جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا۔‘‘ امام کعبہ نے کہا  کہ ’’اللہ نے جیسے تم پر احسان کیا ویسے تم لوگوں پر کرو، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے، اللہ نے  والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو۔‘‘ انہوں  نے نبی کریم ؐ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے  ملازمین  اور خادموں  کے ساتھ احسان کا رویہ اختیار کرنے اور ان پران کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالنے کی نصیحت کی ۔

 امام کعبہ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ  نے  نصیحت کی کہ اللہ سے ڈرتے رہو، اپنی نمازوں کی حفاظت کرو اور اپنے وعدوں کو اللہ کی رضا کیلئے پورا کرو، شیطان تمہیں گمرا ہ کرنے کی کوشش کرے گا، اگر اللہ کا فضل نہ ہوتا تو لوگ شیطان کی اتباع کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ احسان یہ ہے کہ گویا تم اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اسے دیکھ رہے ہو اور ایسا ممکن نہ ہو تو سمجھ لو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ اللہ کا فرمان ہے جو بندہ   اپنےنفس پر ظلم کرتاہے تو  اس کیلئےتوبہ کا دروازہ کھلا ہے، اگر کسی علاقے میں وبا پھیل جائے تو باہر سے لوگ وہاں نہ جائیں اور وہاں کے لوگ باہر نہ نکلیں، تمام حجاج اپنے اپنے شہروں کیلئے دعا کریں، جب آپ دعا کرتے ہیں تو فرشتے فخر کرتے ہیں۔
 خطبہ حج میں متنبہ کیاگیا کہ اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ   نے بندوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ  فرمایا، اللہ نے فرمایا میں  نے تمہارے لئے دین کامل کردیا۔ ہمیں اللہ ہی کی عبادت کرنی چاہئے جس کےسوا کوئی معبود نہیں، رسول کریمؐ آخری نبی ہیں، اپنی نمازوں کی حفاظت کرو، بالخصوص نماز عصر کی، اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو اور تقویٰ و پرہیزگاری اختیار کرو۔ بےشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے اور اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK