Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید قرباں کے پیش نظر پولیس مستعد، مختلف ہدایات دیں

Updated: June 14, 2024, 9:50 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شہر ومضافات میںعلاقائی سطح پرپولیس اسٹیشنوں میں ٹرسٹیان مساجد اورذمہ داران کی میٹنگیں منعقد کیں۔ قربانی کرتے وقت کی تصاویر یا ویڈیو وغیرہ وائرل نہ کرنے کی تلقین

Trustees of mosques and local officials can be seen at the meeting held at Vikhroli Police Station.
وکھرولی پولیس اسٹیشن میں منعقدہ میٹنگ میں ٹرسٹیان مساجد اورمقامی ذمہ داران کو دیکھا جاسکتا ہے۔(تصویر: انقلاب)

 عید قرباں میںتین دن باقی ہیں۔ ایسے میںبہتر انتظامات، صاف صفائی، نظم ونسق میںبہتری اور کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو، اس تعلق سے علاقے کی سطح پر شہرومضافات کے الگ الگ پولیس اسٹیشنوں ایل ٹی مارگ ، ناگپاڑہ ، مالونی اور وکھرولی وغیرہ میں مقامی ذمہ داران اور ٹرسٹیان مساجد کی پولیس کے ہمراہ میٹنگیں ہوئیں۔ دورانِ میٹنگ پولیس کی جانب سے کہا گیاکہ شہری انتظامیہ کی جانب سے جانور خریدنے اورقربانی کرنے کے تعلق سے جو ہدایات دی گئی ہیں، انہیں پیش نظر رکھتےہوئے یہ تہوار منایا جائے۔ اگر آپ لوگ مزید کوئی ضرورت محسوس کرتے ہیں تو شہری انتظامیہ تک آپ کے مطالبات پولیس کی جانب سے بھی پہنچائے جائیں گے ۔ جہاںتک پولیس بندوبست کا معاملہ ہے تو پولیس کی جانب سے پوری تیاری کی گئی ہے اور کسی شخص کو بھی قانون ہاتھ میںلینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 ان میٹنگوں میں صاف صفائی اور جانور کا فضلہ وغیرہ ڈالنے اور دیگر احتیاطی اقدامات کی جانب متوجہ کیا گیا تاکہ ویڈیو وغیرہ بنا کر کوئی شرانگیزی نہ کرسکے۔ 
پولیس کے ہمراہ میٹنگوں میں کن باتوں پر توجہ دلائی گئی ؟
 شہر و مضافات کے جن پولیس اسٹیشنوں میں گزشتہ روز میٹنگ رکھی گئی تھی، ان علاقوں کے ذمہ داران ا ورٹرسٹیان مساجد میٹنگ میں شریک رہے۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ قربانی کے دوران ایسا کوئی عمل نہ کیا جائے جس سے لوگوں کو تکلیف ہو یا ان کو شکایت کا موقع ملے۔ اسی طرح بڑے جانوروں کی قربانی کے بعد دیونار سے گوشت لانے اور بوٹی وغیرہ بنانے میں بھی پوری توجہ دی جائے اور کھلی جگہوں پر بوٹی نہ بنائی جائے۔ بسااوقات شرپسندی کے ارادے سے کوئی ویڈیوبناکر وائرل کردیتا ہے جس سے ماحول خراب ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ اس لئے ہم اپنی جانب سے کسی کوموقع نہ دیں۔
 ایل ٹی مارگ پولیس اسٹیشن میں ہونے والی میٹنگ میں دیگر ذمہ داران کے ساتھ موجود شعیب خطیب نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’پولیس کی جانب سے ہدایات پرسختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی گئی۔‘‘ ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن میں ہونے والی میٹنگ میںموجود سنّی ہری مسجد انتظامیہ کمیٹی کے رکن رئیس انصاری نے بتایا کہ ’’پولیس کی جانب سے خاص طورپرجانوروں کے فضلات اور آلائش وغیرہ کے تعلق سے کہا گیا کہ بی ایم سی کی جانب سے جگہ جگہ کچرا جمع کرنے کا نظم کیا جائے گا، فضلات ادھر ادھر نہ پھینکیں، ڈبے میںڈالیں۔
 مالونی پولیس اسٹیشن میںہونے والی میٹنگ میںدیگر لوگوںکے ہمراہ موجو دانجمن جامع مسجد کے صدر اجمل خان نے انقلاب کو بتایا کہ ’’سینئرانسپکٹر چیماجی اڈھاؤ نے کہاکہ جس طرح سے قربانی کی جاتی ہے، اس طرح سے کی جائے مگر راستوں پر گندگی نہ ہو اور نہ ہی کھلی جگہ پرقربانی کی جائے۔‘‘
 وکھرولی پولیس اسٹیشن میں سینئر انسپکٹر سدھیر وسنت ہرڈیکر کے ہمراہ مقامی ذمہ داران نثار قریشی، عامل سید، ماجد صدیقی، شارق قریشی، نیازشیخ، عبدالحق شیخ، سردار شیخ اور عبداللہ خان اور آغا صاحب کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں بھی مذکورہ بالا ہدایات کا اعادہ کیا گیا اور کہا گیا کہ پولیس کی جانب سے نگرانی رکھی جائے گی مگر آپ لوگ بھی ذمہ دار ہیں، حالات پر نگاہ رکھیں۔ اگر کہیں کوئی ضرورت محسوس کریں یا کسی قسم کا اندیشہ ہو تو فوری طور پر پولیس کومطلع کریں۔‘‘ 

bakri eid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK