Inquilab Logo

تھرٹی فرسٹ نائٹ کے پیش نظرریلوےاسٹیشنوں پرپولیس کی سخت نگرانی

Updated: December 31, 2022, 10:39 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ریلوے پولیس کمشنرنےحفاظتی نقطۂ نظر سے ۱۵؍نکات پرماتحت پولیس افسروں کی توجہ مبذول کروائی۔ جرائم پیشہ افراد پرسخت کا رروائی کا انتباہ ۔ بھیڑبھاڑ  والے ریلوے اسٹیشنوں پرخصوصی بندوبست کےساتھ خواتین کی حفاظت کےلئے لیڈیز پولیس اور’نربھیا ‘دستہ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی

Railway police officers along with NSS volunteers during an awareness campaign among passengers at Borivali station.(Photo: Satij Shinde)
بوریولی اسٹیشن پرریلوے پولیس اہلکار این ایس ایس کے رضاکاروں کے ہمراہ مسافروں میں بیداری مہم کے دوران ۔(تصویر: ستیج شندے)

آج تھرٹی فرسٹ کےموقع پر ریلوے اسٹیشنوں پر۶؍ہزارپولیس کےجوانوں کے  ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ کورونابحران کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب رخصت پزیرسال کو الوداع کہنے اورسالِ نو کے استقبال کے لئے بڑے پیمانے پر جشن کی تیاری کی گئی ہےاور حکومت نے بھی کھلی چھوٹ دی ہے۔اس بناء پربڑی تعداد میںلوگ گھروں سےنکلیں گے اس لئے پولیس کی جانب سے  اتنی ہی سخت اندازمیںنگرانی بھی رکھی جائے گی۔
 اس کے پیش نظر نئے ریلوے پولیس کمشنررویندر شسوے نےحفاظتی نقطۂ نظر سے ۱۵؍نکات پرماتحت پولیس اہلکاروں کی توجہ مبذول کروائی۔ جرائم پیشہ افراد پرسخت نگرانی کے ساتھ بھیڑبھاڑ والے ریلوے اسٹیشنوں پرخصوصی بندوبست کےساتھ خواتین کی حفاظت کےلئے لیڈیز پولیس اور نربھیا دستہ کے ذریعے نگرانی کی ترتیب بنائی گئی ہےتاکہ چہار جانب سے دیکھ ریکھ کی جاسکے اورکوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ 
بندوبست کےلئے کیاکیا طریقہ ہوگا؟
 تھرٹی فرسٹ نائٹ کے موقع پر نگرانی کیلئے جو ترتیب بنائی گئی ہے،  وہ کچھ اس طرح ہے (۱)ممبئی ریلوے علاقے کی نگرانی ریلوے پولیس کمشنر، ۲؍سی پی ،۴؍اے سی پی،  ۱۱۴؍ افسران ، ہوم گارڈز  اور  مہاراشٹر اسپیشل فورس(ایم ایس ایف) وغیرہ مجموعی طور پر۶؍ہزارجوان نگرانی کریں گے (۲)خواتین، چھوٹے بچے اور بزرگوں کی حفاظت پرخصوصی توجہ دی جائےگی (۳)خواتین کی حفاطت کیلئے خاتون پولیس افسران کے ساتھ نربھیا دستہ تعینات رہےگا(۴) رات بھرٹرین کے لیڈیزڈبے میں بندوق بردار جوان تعینات ہوں گے (۵) شرپسند عناصر، چور اچکے ، موبائل چور  اورجیب کتروں پرسخت نگاہ رکھی جائے گی (۶) خواتین سے چھیڑ چھاڑکرنے اور ریلوے املاک کونقصان پہنچانے والے عناصر ریلوے پولیس کےراڈار پر ہوں گے (۷)نشہ کااستعمال کرنے اورنشہ آور اشیاء لے کرسفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، نشہ پرپابندی لگائی گئی ہے (۸)پولیس اہلکار، ڈاگ اسکواڈ ، بم کو ناکارہ بنانے والے  دستہ کے ذریعے تلاشی مہم جاری رہے گی(۹)اہم ریلوے اسٹیشنوں اورٹرمنس پرکوئک رسپانس ٹیم اورفسادکنٹرول فورس کے جوان تعینات کئے جائیںگے(۱۰) بندوبست کے دوران اعلانات اورمیگا فون کے ذریعے مسافروں کی رہنمائی کی جائے گی (۱۱) اعلانات ،فلیکس بینر اورسوشل میڈیا کے ذریعے بھی ان باتوں کوعام کیاجارہا ہے(۱۲)اسکول کےطلبہ کےاشتراک سے اس ضمن میںپروگرام کاانعقاد کیا جارہا ہے( ۱۳)بندوبست میں این ایس ایس اوراین سی سی کا بھی تعاون حاصل ہوگا(۱۴)سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی لوگوں کی مدد اور ان میں دودھ وغیرہ تقسیم کیاجائے گا(۱۵)شہریوں اور مسافروں کوکسی قسم کی دقت پیش آنے پرفوری طور پرریلوے پولیس کے ذریعے مدد کی جائے گی ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہری ریلوے کنٹرول روم کے نمبرات ۲۳۷۵۹۲۰۱؍۲۳۷۵۹۲۸۳؍ہیلپ لائن نمبر ۱۵۱۲؍ اور وہاٹس ایپ نمبر ۹۵۹۴۸۹۹۹۹۱؍ اور ۸۴۲۵۰۹۹۹۹۱؍  کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ 
 ریلوے پولیس کمشنر رویندر شسوے نےمزید کہا کہ ’’ریلوے پولیس کےجوان پوری طرح سے چوکس ہیں، پیشگی تیاری کی گئی ہے اورماتحت افسران کوتمام نکات سمجھادیئےگئے ہیں تاکہ نئے سال کے جشن میںکسی قسم کی گڑبڑ نہ ہو ۔اگرکوئی گڑبڑ کرنےاورقانون ہاتھ میںلینے کی کوشش کرے گا تو اس سے سختی سے نمٹاجائے گا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK