پلاسٹک کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور خصوصی طور پر ساحلی علاقوں میں کوڑا کرکٹ اور ملبہ پھینکنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کئے۔
EPAPER
Updated: August 24, 2026, 3:13 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
پلاسٹک کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور خصوصی طور پر ساحلی علاقوں میں کوڑا کرکٹ اور ملبہ پھینکنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کئے۔
ساحلی علاقوں کا جائزہ لینے کے لئے ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ عنقریب آنے والے تہواروں کے موقع پر حفظان صحت کے پیش نظر شہر و مضافات کے علاقوں کو کوڑا کرکٹ اور آلودگی سے پاک رکھا جائے۔ خصوصی طو رپر کمیٹی کو ساحلی علاقوں کو آلودگی ، کوڑا کرکٹ اورتعمیراتی ملبہ سے پاک رکھنے کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم اس جائزہ کے بعد اعلیٰ سطحی کمیٹی کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ نے شہری انتظامیہ کو نہ صرف شہر و مضافات کے ساحلی علاقوں کو عنقریب آنے والے تہواروں کے پیش نظرساحلوں کو آلودگی اور کوڑا کرکٹ کی گندگی سے پاک کرنے کی ہدایت دی ہے بلکہ پلاسٹک کا استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ شہرو مضافات کے علاقوں اور خصوصی طور پر شہر کے ساحلوں پر ہونے والی گندگی سے متعلق اعلیٰ سطح کمیٹی کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کے چیئر پرسن سدیش کدم نے شہری انتظامیہ کوخصوصی طورپر ساحلی علاقوں کو گندگی سے پاک کرنے کا فرمان جاری کیا۔ جاری کردہ احکامات میں آئندہ دنوں آنے والے تہواروں کا حوالہ دیتے ہوئے ، مرین ڈرائیور ، پریہ درشنی پارک ، گیر گام چوپاٹی ، دادر چوپاٹی ، ماہم ، جوہو ، باندرہ ، ورسوا اَور گورائی کے ساحلوں پر پائے جانے والے کوڑا کرکٹ ، تعمیراتی ملبہ اور پلاسٹک سے پاک کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چھاتروں کی گونج کی کامیابی سے بی جے پی بوکھلاگئی، وی ایچ پی کی راہل گاندھی پر تنقیدیں
میٹنگ میں اعلیٰ سطح کمیٹی کے ذریعہ اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ شہرو مضافات کے رہائشی علاقوں کے نکاسی کے راستوں سے بڑے پیمانے پر کوڑا کرکٹ ، گندگی ، فضلہ کے علاوہ بڑے پیمانے پرپلاسٹک کی چیزیں سمندر میں بہا دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں آلودگی کا مسئلہ برقرار رہتا ہے جو شہریوں کی صحت کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ نے مذکورہ بالا نکاسی کی راستوں سے سمندر میں ملنے والی گندگی کو قابو میں کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور تعمیراتی سائٹ کے ملبے اور کوڑا کرکٹ سمندر میں پھینکنے والوں پر کڑی نظر رکھنے اور ساحلوں کی صفائی کرنے کے ساتھ ہی ، پلاسٹک کا استعمال کرنے والے دکانداروں اور مینوفیکچر کرنے والوں پر کارروائی کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈنے وراڈ کی سطح پر صفائی ملازمین اور کارروائی کرنے کے لئے افسران کی ٹیم تشکیل دینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔