Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہائی کورٹ کے کار گزار چیف جسٹس کے ہاتھوں مجگاؤں کورٹ کا افتتاح

Updated: April 24, 2023, 11:10 AM IST | Mumbai

سترہ منزلہ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے چیف جسٹس نے شہریوں کو انصاف ملنے میں تاخیر پر فکرمندی کا اظہار کیا

Acting Chief Justice of Bombay High Court SV Gangapurwala inaugurating the new Majgaon Court building.
کار گزار چیف جسٹس آف بامبےہائی کورٹ ایس وی گنگا پور والا مجگاؤں کورٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے۔

 بروز سنیچر ۲۲؍ اپریل کو بائیکلہ کے مجگاؤں میں واقع مجگاؤں کورٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کار گزار چیف جسٹس آف بامبےہائی کورٹ ایس وی گنگا پور والا کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔۱۷؍ منزلے پر مشتمل یہ عمارت ریاست مہاراشٹر کا پہلا ایسا سٹی سیشن کورٹ ہے جس کا ہر کمرہ ایئر کنڈیشنڈ ہے اور جو  تمام نئے تکنیکی و جدید آلات سے لیس ہے ۔
 اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کار گزار چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ ایس وی گنگا پور والا نےکہا کہ’’انصاف کے تقاضوں کو مناسب انفرا اسٹرکچر کے بغیر پورا نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی جدید تکنیک سے آراستہ ہوئے بغیر سماعتوں کے سلسلہ کو دراز کرنے کا تصوّر کیا جاسکتا ہے ۔‘‘ انہوںنے جہاں مجگاؤں کورٹ کو جدید تکنیکی اور تمام تر انفرااسٹرکچر سے آراستہ کرنے کیلئے بار کونسل کے ممبران کو مبارکبادپیش کی وہیں از را ہ مذاق یہ بھی کہا کہ اس عمارت کو دیکھ کر ایسا نہیں لگتا ہے کہ یہ سرکاری عمارت ہے ۔ساتھ ہی انہوںنے سماعتوں کے التوا کا شکار ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ میں سماعتوں کے التوا کا شکار ہونے سے زیادہ عوام کو انصاف تاخیر سے ملنے پر زیادہ فکر مند ہوں ۔ ساتھ  ہی  عوام کو میرا مشورہ ہے کہ سماعتوں کے التوا کا  شکار ہونے، شنوائی میں ہونے والی تاخیر سے وہ مایوس نہ ہوںاور عدالت سے رجوع ہونابند نہ کریں کیونکہ عدالتوں میں موجود قابل جج ہی آپ کے ساتھ انصاف کریں گے ۔ ‘‘انہوں نے اس موقع پر ججوں اور وکلاء کو بھی مشورہ دیا کہ وہ سبھی فریق کو ایسے متبادل حل کی بھی ترغیب دیں جو ان کیلئے انصاف پانے کا مثبت ذریعہ بن سکیں ۔
  اس افتتاحی پروگرام میں بامبے ہائی کورٹ کے کار گزار چیف جسٹس کے علاوہ بامبے ہائی کورٹ کے دیگر ججوںجن میں کے آر شری رام ، ایم ایس کارنک ، کے آر کاتھا، ایس یو دیشمکھ،ڈاکٹر نیلا گوکھلےشامل تھے۔مہاراشٹر بارکونسل آف مہاراشٹر اینڈ گوا ، بامبے ہائی کورٹ ، سٹی سول کورٹ کے رجسٹررار اور دیگر بار کونسل کے ممبران نے بھی اس میں شرکت کی تھی ۔۱۷؍ منزلہ نئی عمارت میں ۲۱؍ کورٹ روم میں آج بروز پیر ۲۴؍ مارچ سے سماعتوں کے سلسلہ شروع ہوگا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK