Inquilab Logo

ضابطہ ٔاخلاق کے نفاذ سے قبل متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح

Updated: March 16, 2024, 12:20 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ نے نائر اسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، خواتین کو خود مختاراور تحفظ فراہم کرنے کی اسکیم اورنوی ممبئی میں متعدد کاموں کااعلان کیا۔

Chief Minister Eknath Shinde inaugurating the new building of Dante Hospital. Photo: INN
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے دانت کے اسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

آئندہ لوک سبھا  انتخابات سے پہلے ضابطہ ٔ  اخلا ق نافذ ہونے سے ایک روز قبل جمعہ کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی اور ریاست کے مختلف اضلاع کے متعدد پروجیکٹ کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں متعدد تقاریب آن لائن کی گئی۔  جن  پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ہے ان میں ممبئی میں واقع نائر اسپتال میں دانت کے اسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح اور اسی طرح خواتین کے تحفظ کیلئے بی ایم سی اور ممبئی پولیس کے اشتراک سے شروع کی جانے والی اسکیم اور خواتین کو خود روزگار کیلئے فراہم کرنے والے قرض اور قرض لینے والی خواتین کو امداد دینے کی اسکیم شامل ہیں۔جمعہ کو ہی نوی ممبئی میں متعدد ترقیاتی پروجیکٹ اور پانی سپلائی کو مزید بہتر بنانے والے پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔
نائر کالج اور اسپتال کی توسیع شدہ عمارت کا افتتاح 
  ممبئی سینٹرل میں واقع نائر میونسپل ڈینٹل کالج اور نائر جنرل اسپتال کی ۱۱؍ منزلوں والی وسیع عمارت کاوزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے افتتاح کیا۔  اس موقع پر اسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نائر اسپتال کی توسیع شدہ عمارت کی وجہ سے مریضوں کو مزید بہتر علاج کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔تمام میونسپل اسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ کے ای ایم اسپتال کے بند وارڈ کی مرمت ہو رہی ہے اور وارڈ مریضوں کی خدمت کے لئے تیار ہے جس کی وجہ سے بیڈ کی تعداد میں۳۶۰؍کا اضافہ ہوا ہے۔نائر اسپتال کی عمارت کی تعمیر میں کُل خرچ سے۲۰؍کروڑ روپے بچائے بھی  گئے ہیں۔
بی ایم سی اور پولیس کی مشترکہ’ خواتین تحفظ مہم 
 وزیر اعلیٰ نے مطابق برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) میں لاکھوں خواتین نوکریوں، کاروبار، تعلیم کے لئے صبح سویرے ہی گھروں سے نکلتی ہیں۔ جس طرح ہم ان خواتین کو روزگار فراہم کرتے ہیں اسی طرح ان کو تحفظ فراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ لہٰذا اس مقصد کیلئے بی ایم سی اور ممبئی پولیس کو مل کر خواتین کے تحفظ کی ایک مہم چلانی چاہیے۔
 بچت گٹ کی خواتین کو تربیت  دینے کا اعلان 
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں جمعہ کو خواتین کے بچت گٹوں کو قرض اور امدادی  رقم تقسیم کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ’’ خواتین کو خود مختار بنانے کیلئے بی ایم سی ہر بچت گٹ کو ایک لاکھ روپے تک امداد دے گی۔‘‘ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ریاست بھر میں۲؍ کروڑ سے زیادہ خواتین کو بچت گٹ سے منسلک کرنے کا عز م کیا۔ اسی دوران اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر منگل پربھات لودھا نے اعلان کیا کہ جو خواتین مختلف پروڈکٹ تیار کرتی ہیں ا ن کے پروڈکٹ کو مارکیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرنے کی تربیت دینے کا نظم بی ایم سی کے سبھی وارڈوں میں کیا جائے گا۔
چند پروجیکٹ جن کا افتتاح کیاگیا
 وزیر اعلیٰ نے جمعہ کو آن لائن یا آف لائن جن کاموں کاافتتاح یا سنگ بنیاد رکھا ان میں چند  درج ذیل ہیں:
 لڑکیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے ،رحم مادر میں بچے کی جنس کا پتہ لگانے پر پابندی عائد کرنے کیلئے آمچی ملگی (amchimulgimaha.in) ویب سائٹ کا افتتاح۔ وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ پر آن لائن اس کا افتتاح کیاگیا۔ اس ویب سائٹ پر جنس معلوم کرنے کے خلاف شکایت درج کی  جاسکتی ہے۔
سینئر صحافیوں کی ’سمان ندھی ‘ ماہانہ ۱۱؍ ہزار سے بڑھا کر ۲۰؍ ہزار کر دی گئی۔
  نوی ممبئی میں سڈکو کے ۵؍ ہزار کروڑ روپے اور نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک ہزار ۱۲۹؍  کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے افتتاح کیا ۔ جن ۲۲؍ کاموں کا افتتاح کیا گیا ان میں: گھنسولی  میں پام بیچ مارگ پر گھنسولی تا ایرولی کھاڑی پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد، نیرول سیکٹر ۳۸؍ معمر شہریوں کیلئے کئیر سینٹر کی عمارت کا افتتاح، امرت ۲؍ یوجنا کے تحت پانی سپلائی بہتر کرنے کے متعدد پروجیکٹ ، سیکٹر ۱۵؍ گھنسولی میں اسکول کی نئی عمارت کا افتتاح شامل ہے۔
 کسان کریڈٹ کارڈ کا افتتاح ۔ اس اسکیم کیلئے ملک میں محض ۶؍ اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں   یہ نافذ ہوگا ۔ان میں مہاراشٹر سےواحد بیڑ ضلع شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK