Inquilab Logo

تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان وندے بھارت ٹرین کا افتتاح

Updated: January 16, 2023, 3:14 PM IST | New Delhi

وزیراعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہری جھنڈی دکھائی،۷۰۰؍کلومیٹر کا فاصلہ۸؍گھنٹے میں طے کرے گی

Vande Bharat Express departing from Secunderabad in Telangana; Photo: INN
وندے بھارت ایکسپریس تلنگانہ کے سکندرآباد سے روانہ ہوتے ہوئے; تصویر:آئی این این

• وزیر اعظم نریندر مودی نےاتوار کی صبح ساڑھے ۱۰؍بجےویڈیو کانفرنسنگ کےذریعے ملک کی ۸؍ ویں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔تلنگانہ اور آندھرا پردیش کوجوڑنےوالی یہ پہلی وندے بھارت ٹرین ہے۔ یہ ٹرین سکندرآباد اور وشاکھاپٹنم کےدرمیان تقریباً۷۰۰؍کلومیٹر کا فاصلہ صرف۸؍گھنٹے میں طے کرے گی۔
• ٹرین کو جھنڈی دکھاتے ہوئے وزیر اعظم نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نےکہا کہ وندے بھارت ٹرین غلامی کی ذہنیت سےنکل کر خود انحصاری کی طرف بڑھنے کی علامت ہے۔یہ ٹرین ملک کی مشترکہ ثقافت اور عقیدے کو جوڑتی ہے۔ وندے بھارت بہترسہولیات کی علامت ہے، جو ملک میں ہی بنی ہے۔
ملک تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے:وزیراعظم
• وزیراعظم نےکہا کہ یہ ٹرین نئے ہندوستان کےعزم اور صلاحیت کی علامت ہے۔ تبدیلی کی راہ پر گامزن ملک، ایک ایسا ہندوستان جو اپنے خوابوں اور امنگوں تک پہنچنا چاہتاہے۔ایک ہندوستان جو تیزی سے آگے بڑھ کر اپنے مقاصد تک پہنچناچاہتا ہے۔ وندے بھارت ایکسپریس سےعقیدت مندوں اور سیاحوں کو بہت فائدہ ہوگا۔سکندرآباد اور وشاکھاپٹنم کے درمیان کا فاصلہ اس ٹرین کے ذریعے صرف۸؍گھنٹے میں طے کیا جاسکتا ہے۔
آٹھ سال پہلے کہا جاتا تھا کہ بجٹ نہیں ہے
 وزیر اعظم نے کہا کہ۸؍سال پہلےریلوے کےبارے میں صرف مایوسی کی باتیں سننےکو ملتی تھیں۔سست رفتاری، گندگی کے ڈھیر، ٹکٹ بکنگ سےمتعلق شکایات اور حادثات کی وجہ سے لوگوں نےمان لیا تھا کہ ہندوستانی ریلوے کو بہتر نہیں کیا جاسکتا۔ریلوےمیںنئے انفراسٹرکچر کی بات ہوئی تو کہاگیاکہ بجٹ نہیں ہے۔ہم نے صاف اور  دیانتداری کے ساتھ اس چیلنج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے۸؍سال میں ریلوے میںجو تبدیلیاں آئی ہیں اس کے پیچھے یہی منتر ہے۔  واضح رہے کہ وزیراعظم مودی نے ۱۵؍ فروری ۲۰۱۹ءکو پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی، جو نئی دہلی سےوارانسی تک چلتی ہے۔
دو ریاستوں کے درمیان مقامات پر رکے گی
• یہ ٹرین آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے ۳؍، ۳؍ریلوے اسٹیشنوں پر رکے گی۔ آندھرا پردیش میںیہ وشاکھاپٹنم، راجمندری اور وجئے واڑہ ریلوےاسٹیشنوں پر رکے گی، جبکہ تلنگانہ میں یہ کھمم، ورنگل اور سکندرآباد میں رکے گا۔
ٹرین کو جھنڈی دکھانے سے پہلے اس پر پتھراؤ 
• ٹرین کو جھنڈی دکھائےجانے سے پہلے ہی ۱۱؍جنوری کو وشاکھاپٹنم میںاس پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ڈی آر ایم کےمطابق یہ واقعہ کنچراپلم کے قریب دیکھ بھال کے دوران پیش آیا۔وندے بھارت ایکسپریس کے ایک ڈبےکی ونڈشیلڈ کو نقصان پہنچا۔اس معاملے میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK