Inquilab Logo

ڈاکٹر عبدالکلام کی یاد میں اسکولوں میں یوم ترغیب مطالعہ کا انعقاد

Updated: October 16, 2020, 11:20 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اس موقع پر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی ۔ مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام منعقدکئےگئے

Program in School
اسکولوں میں پروگرام

مرحوم سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے  یوم ِ پیدائش پر جمعرات کو ممبئی اور مضافات کے  اسکولوںمیں ’یومِ ترغیب مطالعہ ‘منایاگیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی ۔ علاوہ ازیں مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام منعقدکئےگئے ۔
  کووڈ ۱۹؍ کے پس منظر میں ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول ممبئی میں آن لائن یوم ترغیب مطالعہ تقریب کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پر پرنسپل رضوان خان نے سابق صدر جمہوریہ بھارت رتن  ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے اقوال پر مشتمل ویڈیو کلپ کا استعمال کرتے ہوئے طلباء کو ان کی حیات و خدمات سے متعارف کرایا۔  علاوہ ازیں ملک و قوم کے تئیں بحیثیت طالب علم ہماری ذمہ داریاں ، میرا بچپن اور ہمیں کیا کرنا چاہئے ، ان موضوعات پر مشتمل ایک کتابچہ بھی ارسال کیا اور اسکے مطالعے کی ترغیب دی۔ معاون مدرس مبین قاضی اور سہیل انصاری نے بالترتیب مراٹھی ،اردو کی کچھ کتابوں کی آن لائن بلند خوانی کرائی ۔
  انجمن خیرالاسلام محمد علی مٹھا گرلزہائی اسکول مدنپورہ میں یومِ ترغیبِ مطالعہ کا آن لائن اہتمام کیا گیا ۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ پورا پروگرام طالبات نے پیش کیا۔ طالبات نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے اے پی جے عبد الکلام کی زندگی ، حالات وخدمات کی تفصیلات پیش کی ۔ یہ پریزینٹیشن دہم الف کی طالبہ قریشی علینہ اور شیخ اسماء جنید علی نے مل کر تیار کیا تھا ۔ لائبریرین ساجد محمود شیخ نے اسکول لائبریری میں موجود ڈاکٹر عبد الکلام کی تحریرکردہ کتابوں،خودنوشت سوانح حیات اور ان کی تصانیف سے طالبات کو متعارف کروایا۔ پرنسپل رابعہ قریشی نے طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں پڑھنے سے ہماری معلومات میں اضافہ ہوتا ہے ۔ہماری سمجھ اور عقل میں پختگی آتی ہے۔ ہمارا شعور بیدار ہوتا ہے ۔ ہمارے اخلاق و کردار پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ‘‘
  کرلا ایل وارڈ کی شعبہ اردو کی بیٹ آفیسر الماس افروز کی جانب سے اس موقع پر ’یوم ِ مطالعہ اور ہینڈواش ڈے‘ کےعنوان سے آن لائن تقریب کا انعقادکیاگیا۔ جس میں ایل وارڈ کے متعدد اسکول کےاساتذہ اور طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جدید تکنالوجی کا استعمال کرتےہوئے طلبہ نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی کےمختلف پیرائے کو پیش کیا۔ مطالعہ کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی ۔ غیبن شاہ اردو اسکول کےطلبہ نے بھاگ کورونا بھاگ ہمیں پڑھنا ہے کے عنوان پر ایک ڈراما بھی پیش کیا۔ تقریب میں آن لائن پڑھانےوالے اساتذہ کو اسناد سے نوازاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK