Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج کوٹہ کی وضاحت کے بغیرنامکمل قرعہ اندازی،محض ایک لاکھ سیٹوں کیلئے قرعہ اندازی ہوئی

Updated: August 13, 2025, 10:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

قرعہ اندازی میں منتخب کئے جانے والے ایک لاکھ عازمین کو۲۰؍ اگست تک ایک لاکھ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے حج کمیٹی کے کھاتے میں جمع کرانے ہوں گے

State Hajj Committee workers are busy at work.
ریاستی حج کمیٹی کے کارکن کام میں مصروف ہیں۔

 حج۲۰۲۶ء کیلئےمجموعی طور پر موصول ہونے والی ایک لاکھ۹۴؍ ہزار حج درخواستوں کی بدھ کو انتہائی عجلت میں آن لائن قرعہ اندازی کی گئی۔ جلد بازی کا اندازہ اس سے بآسانی کیا جاسکتا ہے کہ حج کمیٹی کے مطابق ابھی محض ایک لاکھ درخواستوں  ہی کی قرعہ اندازی کی گئی ہے کیونکہ اب تک سعودی حکو‌مت نے کوٹہ فائنل نہیں کیا ہے۔
  سوال یہ ہے کہ قرعہ اندازی کیلئے آخر اتنی ہڑبڑی کیوں تھی؟کم‌ ازکم کوٹہ فائنل کئے جانے کا انتظار کرلیا جاتا۔ نتیجہ یہ ہے کہ۹۴؍ ہزار عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ جتنا کوٹہ ملے گا، اسی کے مطابق ترتیب سے ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوگی۔ 
 اگر گزشتہ سال کا کوٹہ پیش نظر رکھا جائے توایک لاکھ ۷۵؍ ہزار ۳۴؍ کوٹہ دیا گیا تھا۔ اس میں سے۱۲۲۵۲۳؍ سیٹیں حج کمیٹی کو ملی تھیں  اور۵۲۵۱۰؍ سیٹیں پی ٹی او کو، یہ الگ بات ہے کہ عین وقت پر پی ٹی او کا۸۰؍ فیصد کوٹہ سعودی حکومت کی جانب سے کاٹ دیا گیا تھا۔ اگر اتنا ہی کوٹہ  پھر ملتا ہے ، اضافہ نہیں کیا جاتا تو ۲۲۵۲۳؍ عازمین کو اور موقع ملے گا اور تقریبا ۷۰؍ہزار عازمین حج پر نہیں جاسکیں گے۔ قرعہ اندازی میں منتخب کئے جانے والے ایک لاکھ عازمین کو۲۰؍  اگست تک ایک لاکھ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍  روپے حج کمیٹی کے کھاتے میں جمع کرانے ہوں گے۔یاد رہے کہ ممبئی اور مہاراشٹر کے ۳۰؍ ہزار عازمین حج کی درخواستوں کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔ مرکزی حج کمیٹی میں  قرعہ اندازی کے تعلق سے حج کمیٹی کے سی ای او شاہنواز سی نے بتایا کہ تفصیلات حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر ڈالنے کیساتھ عازمین کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی مطلع کیا جائے گا۔
زمرے کے حساب سے درخواستوں کی 
مجموعی کیفیات کی ایک جھلک :
 ۶۵؍ سال سے زائد عمر کے ریزرو کیٹیگری میں شامل ۱۸۳۳۴؍ ۔بغیر محرم کے حج پر جانے والی۶۵؍ سال سے زائد عمر کی۱۲۲۶؍  خواتین۔ اس زمرے میں۴۵؍سال سے زائد عمر کی خواتین کی تعداد۴۶۳۶۔   جنرل بیک لاگ درخواستیں۴۵۴۵۔ جنرل کٹیگری میں مجموعی طور پر۱۶۵۲۶۶  ؍ درخواستیں، اس میں بیس روزہ حج کی درخواست دینے والے۱۶؍ ہزار عازمین بھی شامل ہیں۔  
 اس طرح مجموعی درخواستیں ۱۹۴۰۰۷؍ہیں۔ قرعہ اندازی صرف ایک لاکھ عازمین کی گئی ہے۔ اس تعداد کو حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
 واضح ہوکہ خود عازمین کی جانب سے بھی سوالات شروع ہوگئے ہیں کہ اگر کوٹہ فائنل نہیں کیا گیا ہے تو حج کمیٹی کو چند دن انتظار کرنا چاہئے تھا۔ کہیں یہ عجلت۲۰؍ اگست تک رقم جمع کرانے کے لئے تو نہیں کی گئی ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK